حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لاہور/ حوزہ علمیہ جامعة المنتظر اور وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے زیر اہتمام رہبر انقلاب اسلامی شہید آیت اللہ سید علی خامنہ ای کی یاد میں تعزیتی ریفرنس آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی کی میزبانی میں منعقد ہوا،سربراہ اسلامی تحریک قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے صدارت کی۔
مکمل تصاویر دیکھیں:
اس موقع پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ ساجد علی نقوی نے اپنے خطاب میں کہا آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کا مقصد انقلاب اسلامی کو ختم کرنے کی سازش تھی۔ پاکستان اور ایران کے درمیان موجود اعتماد میں ہماری کاوشیں بھی شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا ہم نے پاکستان میں اتحاد و وحدت کی فضا قائم کی،انقلاب اسلامی کو غبار آلود کرنے کی کوششوں کے سلسلے میں ہمارے خلاف گندگی پھیلائی گئی کیونکہ ہم انقلاب کے حامی ہیں۔ لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اہل تشیع کے خلاف اقدامات کو بھی ہم نے روکا،ہمیں کسی سے محب وطن پاکستانی ہونے کا سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ،ہمیں ملک میں نظام عدل کے قیام کے لیے کام کرنا اور انقلاب اسلامی کا دفاع کرنے کے لیے تیار رہنا ہوگا، باہمی برداشت کو پیدا کرنا روح انقلاب ہے۔

منعقدہ کانفرنس سے سربراہ مجلس وحدت المسلمین پاکستان اور اپوزیشن لیڈر سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا دو ایٹمی طاقتوں نے رہبر معظم ولی فقیہ سید علی خامنہ ای کو شہید کیا، انہوں نے امام خمینی کے حقیقی جانشین ہونے کا ثبوت دیا۔ علی خامنہ ای مفکر اسلام اور وہ شیعہ سنی وحدت کے داعی تھے ،انہوں نے نوجوانوں شعراء اور ناول نگاروں سے رابطے بڑھائے، ہنر کو فروغ دیا، ان کی فکر کے مطابق مدارس کو تشکیل دینا ہوگا ۔انہوں نے کہا ولایت فقیہ کو دنیا پڑھ رہی ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے کہا کوئی وحدت کی بات کرتا ہے تو اسے کمزوری نہ سمجھا جائے اس میں سب کی عزت ہے۔ ہمیں کوئی ٹکڑوں میں تقسیم نہیں کر سکتا اور نہ ہی کسی ظالم کی پیروی کے لیے کوئی مجبور کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا ڈونلڈ ٹرمپ اور نیتن یاہو ہمارے رہبر کے قاتل ہیں، جو ان کی تعریف کرتا ہے وہ ہمارا دشمن ہے۔کوئی سمجھتا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کا پاکستان میں استقبال ہو گا، تو ایسا ممکن نہیں ۔ ان کا کہنا تھا شہید رہبر سید علی خامنہ ای کی یاد میں کراچی پشاور لاہور میں اجتماع کریں گے ۔

سربراہ تحریک بیداری امت مصطفیٰ علامہ جواد نقوی نے کہا آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی کو قائدین کو اکٹھا کرنے میں مشکل پیش نہیں آئی ،پاکستانی عوام ترس گئی تھی کہ شیعہ قائدین متحد ہوں، رہبر شہید کی شہادت نے انہیں متحد کردیا ہے ۔رہبر معظم آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای بھی اپنے والد کی طرح پاکستان سے محبت کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا ماضی میں کہا جاتا تھا تکفیری کتے ہیں بھونک کر چپ ہو جائیں گے مگر اب یہ بھیڑیے بن کر کاٹ رہے ہیں ۔قائد ملت جعفریہ علامہ ساجد علی نقوی نے کہا تھا ہمیں محب پاکستانی ہونے کا کسی سے سرٹیفکیٹ لینے کی ضرورت نہیں ۔ہم پاکستان کو ٹرمپ ، نیتن یاہو یا مودی کو فروخت نہیں ہونے دیں گے ۔ان کا کہنا تھامینار پاکستان گراؤنڈ میں اجتماع کر کے دکھائیں گے کہ ٹرمپ ناپاک ہے ۔

سیکرٹری جنرل شیعہ علماء کونسل علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا قرآن مجید پر عمل کر کے ایران نے بتایا اسلام کے حقیقی نمائندے کون ہیں؟ اسلام کا پرچم ہمیشہ ملت جعفریہ نے ہی بلند کیا۔ایران کی استقامت کی وجہ سے جلد ٹرمپ اپنی ناک رگڑے گا، اور نمائندے اسلام آباد بھیجے گا ۔ انہوں نے کہا پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے عزت عطا کی ہے،ہمارا ایران امریکہ مذاکرات میں اہم کردار ہے،رہبر معظم کی شہادت پر چالیس پاکستانی نوجوانوں نے شہادت دی۔ ان کا کہنا تھا رہبر انقلاب اسلامی کے مراسم تدفین میں شرکت کے لیے بائی روڈ راستے کھولے جائیں۔

اجتماع سے قونصل جنرل ایران مہران موحد فر اور ڈی جی خانہ فرہنگ ایران ڈاکٹر اصغر مسعودی نے پاکستانی عوام کی ایران سے حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
تعزیتی ریفرنس سے علامہ محمد افضل حیدری، علامہ محمد رمضان توقیر ، مولانا کرم علی حیدری، پروفیسر عابد حسین عابدی، علامہ ضیاء الحسن نجفی ، مولانا اقبال زیدی ،امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے رہنما حیدر عباس ثقفی ،جے ایس او کے مرکزی صدر فتح محمد رضوی اور دیگر نے بھی ریفرنس سے خطاب کیا۔ سابق وفاقی وزیر تعلیم سید منیر حسین گیلانی بھی تعزیتی اجتماع میں شریک ہوئے۔









آپ کا تبصرہ