تحریر: مولانا عقیل رضا ترابی
حوزہ نیوز ایجنسی|
بِسْمِ اللّٰهِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيمِ
"وَلَا تَحْسَبَنَّ الَّذِينَ قُتِلُوا فِي سَبِيلِ اللّٰهِ أَمْوَاتًا ۚ بَلْ أَحْيَاءٌ عِندَ رَبِّهِمْ يُرْزَقُونَ"
تاریخِ انسانیت کے اوراق گواہ ہیں کہ بعض شخصیات محض اپنے عہد کی قیادت نہیں کرتیں بلکہ زمانے کا مزاج تشکیل دیتی ہیں۔ وہ افراد کی حد تک محدود نہیں رہتیں بلکہ افکار میں ڈھل جاتی ہیں؛ وہ نام سے آگے بڑھ کر تحریک بن جاتی ہیں۔ انہی عبقری ہستیوں میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی ذات ایک درخشاں باب کی حیثیت رکھتی ہے—ایسا باب جس میں قیادت کی بیداری، استقامت کی پائیداری اور شہادت کی وقار آمیز تکمیل باہم مربوط ہو کر ایک مکمل داستان رقم کرتی ہے۔
قیادتِ بیدار: بصیرت، ولایت اور فکری خودمختاری
اسلامی نظامِ فکر میں قیادت کا تصور محض سیاسی نظم تک محدود نہیں بلکہ ایک الٰہی امانت ہے، جس کا مقصد انسان کو خدا سے مربوط کرنا اور معاشرے کو عدل و توازن کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ اسی تناظر میں آیت اللہ خامنہ ای کی قیادت ایک بیدار، بصیرت افروز اور ہمہ جہت قیادت کے طور پر جلوہ گر ہوتی ہے، جو نہ صرف حالاتِ حاضرہ کا عمیق ادراک رکھتی ہے بلکہ مستقبل کے امکانات پر بھی گہری نظر رکھتی ہے۔
انہوں نے نظریۂ ولایت کو عصرِ حاضر کے فکری تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ انداز میں پیش کیا اور امت کو یہ شعور بخشا کہ آزادی صرف جغرافیے کی نہیں، افکار کی بھی ہوتی ہے، اور غلامی صرف جسموں کی نہیں بلکہ اذہان کی بھی ہوتی ہے۔ ان کی قیادت نے امتِ مسلمہ کو فکری خود اعتمادی عطا کی، مغربی استعمار کے ثقافتی تسلط کو چیلنج کیا، اور نوجوان نسل میں بیداری کی ایک تازہ روح پھونکی۔
مزید برآں، ان کی قیادت کا ایک امتیازی وصف یہ تھا کہ وہ محض حالات کا ردِّعمل نہیں بنتی تھی بلکہ تاریخ کے دھارے کو ایک واضح سمت عطا کرتی تھی۔ انہوں نے امت کو وقتی مصلحتوں کے حصار سے نکال کر اصولی استقامت کی طرف متوجہ کیا اور یہ حقیقت اجاگر کی کہ حق و باطل کی کشمکش میں غیر جانبداری درحقیقت خاموش شکست کے مترادف ہے۔ ان کے افکار نے اہلِ ایمان میں یہ یقین راسخ کیا کہ خلوصِ نیت، بلندیٔ مقصد اور حق پر استقامت نصرتِ الٰہی کو قریب کر دیتی ہے۔
استقامت پائیدار: صبرِ ایوبی اور عزمِ حسینی
استقامت وہ بنیادی جوہر ہے جو کسی بھی تحریک کو دوام اور پائیداری عطا کرتا ہے۔ آیت اللہ خامنہ ای کی حیات اس قرآنی اصول کی عملی تفسیر تھی:
"إِنَّ اللّٰهَ مَعَ الصَّابِرِينَ"
انہوں نے عالمی دباؤ، سیاسی سازشوں، معاشی پابندیوں اور داخلی چیلنجز کے باوجود کبھی اپنے موقف سے انحراف نہیں کیا۔ ان کی استقامت محض وقتی ردِّعمل نہیں بلکہ ایک گہرا نظریاتی ثبات تھی، جس کی بنیاد ایمان، توحید اور ولایتِ اہلِ بیتؑ پر استوار تھی۔
ان کی شخصیت میں صبرِ ایوبی (آزمائشوں میں ثبات) اور عزمِ حسینی (حق کے لیے ہر قربانی کا عزم) کا حسین امتزاج نمایاں نظر آتا ہے۔ یہی استقامت انہیں ایک قائد سے بڑھا کر ایک مکتب ساز رہبر کے مقام تک لے گئی، اور یہی پیغام انہوں نے امت کو دیا کہ ثباتِ قدم ہی عزت و سربلندی کی اصل شاہراہ ہے۔
شہادتِ باوقار: معرفت سے معراج تک
اسلامی تعلیمات میں شہادت ایک اعلیٰ ترین روحانی مقام رکھتی ہے۔ یہ محض موت نہیں بلکہ حیاتِ جاوداں کی نوید ہے۔ درحقیقت شہادت ایک شعوری سفر کی انتہا ہے، جو معرفت، عمل اور قربانی جیسے مراحل سے گزر کر اپنی تکمیل کو پہنچتا ہے۔
جب ایک ایسی زندگی۔جو قیادت، خدمتِ دین، جہادِ فکری اور استقامت سے عبارت ہو—شہادت پر منتج ہوتی ہے تو یہ اس کی معراج بن جاتی ہے۔ یہی وہ حقیقت ہے جسے “شہادتِ باوقار” سے تعبیر کیا جا سکتا ہے، یعنی ایسا انجام جو محض ایک حادثہ نہیں بلکہ ایک بامقصد حیات کی منطقی تکمیل ہو۔
فکری و علمی خدمات: دین و دنیا کا متوازن امتزاج
آیت اللہ خامنہ ای کی شخصیت کا ایک اہم پہلو ان کی علمی و فکری گہرائی ہے۔ وہ صرف ایک سیاسی قائد نہیں بلکہ ایک صاحبِ نظر عالم، مفکر اور مفسر بھی تھے۔
انہوں نے دینی علوم کو عصری تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ کیا، دین و سیاست کے درمیان مصنوعی فاصلے کو کم کیا، اور امت کو ایک جامع اسلامی نظام کا شعور عطا کیا۔ ان کی تحریروں اور تقاریر میں فقہی بصیرت، ادبی لطافت اور فکری وسعت کا حسین امتزاج نمایاں طور پر جلوہ گر ہے۔
امت پر اثرات: بیداری سے مزاحمت تک
ان کی قیادت نے امتِ مسلمہ میں ہمہ گیر فکری و عملی بیداری پیدا کی، جس کے اثرات مختلف جہات میں نمایاں ہوئے: فکری خود اعتمادی کی بحالی، استکباری قوتوں کے خلاف مزاحمتی شعور، نوجوانوں میں دینی و انقلابی جذبے کا فروغ، اور اتحادِ امت کی اہمیت کا ادراک۔
انہوں نے یہ حقیقت واضح کی کہ اگر قیادت بیدار ہو اور عوام باشعور ہوں تو کوئی طاقت انہیں مغلوب نہیں کر سکتی۔
اسی تسلسل میں ان کی حیات کا ایک اور درخشاں پہلو یہ بھی ہے کہ انہوں نے قیادت کو عبادت، سیاست کو دیانت اور مزاحمت کو روحانیت کے ساتھ اس انداز میں جوڑا کہ ایک متوازن اسلامی معاشرے کی واضح تصویر ابھر کر سامنے آتی ہے۔ ان کے نزدیک کامیابی محض اقتدار کے حصول کا نام نہیں بلکہ اقدار کے تحفظ اور انسانیت کی خدمت کا عنوان ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ان کا پیغام سرحدوں سے ماورا ہو کر دلوں میں اترتا اور ایک زندہ فکری تسلسل اختیار کر لیتا ہے۔
ایک چراغ، ایک قافلہ، ایک تسلسل
ایسی شخصیات اپنے ظاہری وجود سے کہیں بڑھ کر ہوتی ہیں۔ وہ چراغ بن کر جلتی ہیں اور اپنی روشنی سے قافلوں کو راستہ دکھاتی ہیں۔ اگر وہ بظاہر رخصت بھی ہو جائیں تو ان کا پیغام، ان کی فکر اور ان کا اثر ہمیشہ زندہ رہتا ہے۔
آج ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اس بیدار قیادت کے پیغام کو سمجھیں، اس استقامت کو اپنی عملی زندگی کا حصہ بنائیں، اور شہادت کے اس فلسفے کو اپنے کردار میں جذب کریں۔ یہی ان کے لیے حقیقی خراجِ عقیدت ہوگا اور یہی وہ راستہ ہے جو ہمیں عزت، بیداری اور کامیابی کی منزل تک پہنچاتا ہے۔
بارگاہِ الٰہی میں دعا ہے کہ ہمیں حق کی معرفت، استقامت کی قوت اور شہادت جیسی باوقار منزل کی آرزو نصیب فرمائے، اور ہمیں ان نفوسِ قدسیہ کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔









آپ کا تبصرہ