ہفتہ 2 مئی 2026 - 15:39
امریکی جارحیت کے سامنے ایران کا ڈٹ جانا کربلا کی عملی تفسیر ہے: علامہ فدا حسن عبادی

حوزہ/ مرکزی جامع مسجد سکردو بلتستان میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نائب امامِ جمعہ علامہ شیخ فدا حسن عبادی نے کہا کہ ایران کے خلاف امریکی جارحیت پر عالمِ اسلام کی خاموشی لمحۂ فکریہ، ایران نے کربلا کے درسِ استقامت سے عالمی طاقتوں کے سامنے سر نہیں جھکایا، پاکستانی عوام نے اتحاد کے ساتھ ایران سے یکجہتی کا اظہار کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سکردو/ مرکزی جامع مسجد سکردو بلتستان میں نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے معروف عالمِ دین اور نائب امامِ جمعہ علامہ شیخ فدا حسن عبادی نے کہا کہ یکم مئی دنیا بھر میں یومِ مزدور کے طور پر منایا جاتا ہے، جس کی بنیاد 1886ء میں شکاگو، امریکہ میں ہونے والی مزدور تحریک پر رکھی گئی۔ اس دور میں مزدوروں سے طویل اوقاتِ کار اور کم اجرت پر سخت مشقت لی جاتی تھی۔ اپنے بنیادی حقوق اور اوقاتِ کار کے تعین کے لیے مزدوروں نے احتجاج کیا، جس کے نتیجے میں کئی جانیں قربان ہوئیں۔ انہی قربانیوں کی یاد میں ہر سال یومِ مزدور منایا جاتا ہے۔

علامہ شیخ فدا حسن عبادی نے کہا کہ اسلام نے مزدور کو عزت، احترام اور حقوق عطا کیے ہیں۔ حدیثِ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے مطابق ''مزدور اللہ کا دوست ہے''۔ انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام محنت کشوں کے ہاتھوں کو احتراماً بوسہ کرتے تھے، جو اسلام میں محنت اور مزدوری کے مقام کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ مزدور پر اس کی طاقت سے بڑھ کر بوجھ نہ ڈالا جائے اور اس کی مزدوری پسینہ خشک ہونے سے پہلے ادا کی جائے، کیونکہ یہ اسلامی تعلیمات کا اہم حصہ ہے۔

خطیبِ جمعہ نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف پالیسیوں اور جارحانہ اقدامات پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ عالمِ اسلام کی خاموشی افسوسناک ہے، انہوں نے کہا کہ ایران دنیا کا واحد ملک ہے جو عالمی طاقتوں کے دباؤ کے سامنے نہیں جھکا اور یہ استقامت اسے واقعۂ کربلا اور امام حسین علیہ السلام کی جدوجہد سے ملی ہے۔ جس طرح امام حسین علیہ السلام نے ظلم و جبر کے سامنے سر نہیں جھکایا، اسی طرح ایران بھی عالمی طاقتوں کے سامنے ڈٹ کر کھڑا ہے اور عزت و خودداری کا پیغام دے رہا ہے۔

علامہ شیخ فدا حسن عبادی نے ایران کے وزیرِ خارجہ کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران امتِ مسلمہ کے وسیع تر مفادات کے لیے استقامت کا مظاہرہ کر رہا ہے۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کریں اور مشترکہ مسائل پر یک آواز ہو جائیں۔ انہوں نے ملک بھر کے مسلمانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام نے اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا، جو امتِ مسلمہ کے باہمی تعاون اور اخوت کی ایک مثبت مثال ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha