جمعہ 22 مئی 2026 - 12:57
استاد کو بچوں کی ذہنی کیفیت اور نفسیات کو سامنے رکھ کر تعلیم دینی چاہیے/ جامعہ سید احمد شہید میں ایک روزہ  تدریب المعلمین ورکشاپ کا انعقاد

حوزہ/ جامعہ سید احمد شہید ملیح آباد لکھنؤ میں معلمین و مدرسین کے لیے یک روزہ ’’تدریب المعلمین ورکشاپ‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد اہلسنت مدارس و مکاتب کے تعلیمی و تربیتی نظام کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنؤ/ جامعہ سید احمد شہید ملیح آباد لکھنؤ میں معلمین و مدرسین کے لیے یک روزہ ’’تدریب المعلمین ورکشاپ‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد اہلسنت مدارس و مکاتب کے تعلیمی و تربیتی نظام کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانا ہے۔ یہ پروگرام 19 مئی 2026 بروز منگل، مولوی سید سلمان حسینی ندوی کی سرپرستی میں منعقد ہوا، جس میں مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے علماء، اساتذہ اور مدرسین نے شرکت کی۔

ورکشاپ کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جبکہ مختلف مقررین نے تدریس، تربیت اور دینی تعلیم کے حوالے سے اہم موضوعات پر خطاب کیا۔

پہلا خطاب مولوی عبدالمعید ندوی نے ’’بچوں کی نفسیات اور ان کی تربیت‘‘ کے موضوع پر کیا۔ انہوں نے اساتذہ پر زور دیا کہ وہ بچوں کی ذہنی کیفیت اور نفسیاتی پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تدریسی عمل انجام دیں تاکہ بہتر تعلیمی نتائج حاصل کیے جا سکیں۔

اس کے بعد مولوی محمد اکرم پرتاب گڑھی نے ’’حفظ کے نظام اور اس کے طریقۂ کار‘‘ پر گفتگو کرتے ہوئے طلبہ کی باقاعدہ حاضری اور منظم تعلیمی نظام کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے کہا کہ ناظرہ مکمل ہونے کے بعد حفظ کا آغاز کرنا زیادہ مؤثر ثابت ہوتا ہے۔

ورکشاپ کی تیسری نشست میں مولوی مفتی محمد شاہجہاں ندوی نے ’’قربانی کے احکام و مسائل‘‘ پر خطاب کیا اور شرکاء کے سوالات کے جوابات بھی دیے۔

پروگرام کا خصوصی خطاب جمعیت شباب الاسلام انڈیا کے جنرل سیکرٹری مولوی سید محمد یوسف حسینی ندوی نے کیا۔ انہوں نے تعلیمی اداروں میں حسنِ اخلاق، صبر و تحمل، حکمت اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور اساتذہ کو طلبہ کے لیے عملی نمونہ بننے کی تلقین کی۔

اس موقع پر جامعہ کے قدیم استاد مولوی محمد ثناء اللہ ندوی نے بھی اپنے تجربات اور مشاہدات حاضرین کے سامنے پیش کیے۔ شرکاء نے ورکشاپ کو مفید اور تربیتی اعتبار سے مؤثر قرار دیا۔

پروگرام کا اختتام دعا پر ہوا، جبکہ نظامت کے فرائض مولوی وکیل احمد جمالی نے انجام دیے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha