جمعہ 29 مئی 2026 - 13:39
عید غدیر کو تبیینِ ولایت کا مؤثر میدان بنایا جائے: آیت اللہ علم الہدی

حوزہ/ حوزہ علمیہ خراسان رضوی میں رہبرِ معظم کے نمائندے اور امام جمعہ مشہد آیت اللہ سید احمد علم الہدی نے عید غدیر خم اور امام خمینیؒ کی برسی کے تقارن کو اہم موقع قرار دیتے ہوئے تاکید کی ہے کہ امسال “عشرہ ولایت” کی تقریبات کو زیادہ مؤثر، بامقصد اور شایانِ شان انداز میں منعقد کیا جائے تاکہ غدیر کے پیغامِ ولایت اور انقلاب اسلامی کے افکار کو عوام تک بہتر انداز میں پہنچایا جا سکے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق ، حوزہ علمیہ خراسان رضوی میں رہبرِ معظم کے نمائندے اور امام جمعہ مشہد آیت اللہ سید احمد علم الہدی نے عید غدیر خم اور امام خمینیؒ کی برسی کے تقارن کو اہم موقع قرار دیتے ہوئے تاکید کی ہے کہ امسال “عشرہ ولایت” کی تقریبات کو زیادہ مؤثر، بامقصد اور شایانِ شان انداز میں منعقد کیا جائے تاکہ غدیر کے پیغامِ ولایت اور انقلاب اسلامی کے افکار کو عوام تک بہتر انداز میں پہنچایا جا سکے۔

مشہد مقدس میں “جشنِ غدیر” کی تیاریوں سے متعلق ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے آیت اللہ علم الہدی نے کہا کہ عید غدیر صرف ایک مذہبی تہوار نہیں بلکہ تاریخ اسلام میں امامت و ولایت کے تسلسل کی عظیم علامت ہے، لہٰذا اس عید کی تعظیم گہرے فکری، ثقافتی اور عوامی انداز میں ہونی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ سماجی و ثقافتی حالات کے پیش نظر ضروری ہے کہ اس سال عشرہ ولایت کی تقریبات گزشتہ برسوں کے مقابلے میں زیادہ معیاری، منظم اور اثرگذار ہوں تاکہ نئی نسل تک غدیر کا حقیقی پیغام مؤثر انداز میں منتقل کیا جا سکے۔

آیت اللہ علم الہدی نے تاکید کی کہ عوامی اجتماعات، مذہبی محافل اور ثقافتی سرگرمیوں کے ساتھ ساتھ غدیر کے معرفتی، تربیتی اور فکری پہلوؤں کو بھی واضح کرنا ضروری ہے، کیونکہ صرف جشن منانا کافی نہیں بلکہ ولایت کی حقیقت کو سمجھانا بھی اہم ذمہ داری ہے۔

انہوں نے عید غدیر کے ایام کے ساتھ امام خمینیؒ کی برسی کے تقارن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ موقع بانیٔ انقلاب اسلامی کے افکار، انقلابی جدوجہد اور نظامِ ولایتِ فقیہ کے ساتھ ان کے گہرے تعلق کو اجاگر کرنے کے لئے نہایت قیمتی ہے۔

رہبرِ معظم کے نمائندے نے کہا کہ ان پروگراموں میں امام خمینیؒ کی دینی، فکری اور تاریخی خدمات کو بھی عوام کے سامنے پیش کیا جانا چاہئے تاکہ نئی نسل انقلاب اسلامی کے بنیادی اہداف اور ولایت کے نظریے سے بہتر طور پر آشنا ہو سکے۔

انہوں نے جشنِ غدیر کو مکمل طور پر عوامی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تمام سرکاری ادارے، ثقافتی تنظیمیں، مذہبی مراکز اور سماجی حلقے باہمی تعاون کے ساتھ اس عظیم عید کی تقریبات کو کامیاب بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

آیت اللہ علم الہدی نے مزید کہا کہ مواکب کے قیام، سنتِ اطعام، سماجی خدمات اور ثقافتی پروگراموں کو پورے صوبے میں وسیع پیمانے پر فروغ دیا جائے تاکہ معاشرے کے تمام طبقات اس عید کی برکتوں سے مستفید ہو سکیں۔

انہوں نے علماء اور حوزاتِ علمیہ کے کردار کو نہایت اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج “جہادِ تبیین” کے میدان میں روحانیت کی ذمہ داری پہلے سے زیادہ بڑھ گئی ہے اور غدیر، ولایت اور امام خمینیؒ کے افکار کی ترویج میں کسی قسم کی کوتاہی قابل قبول نہیں ہوگی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha