حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صوبہ خراسان رضوی کے ڈائریکٹر اوقاف و امور خیریہ محمد احمدزادہ نے اعلان کیا ہے کہ عید قربان سے عید غدیر تک جاری رہنے والے عشرہ امامت و ولایت کے دوران مشہد اور صوبے کے مختلف علاقوں میں تقریباً دو ہزار موکب زائرین اور مقامی شہریوں کی خدمت کے لیے قائم کیے جا رہے ہیں۔
بین الاقوامی "غدیر و مقاومت" کانفرنس سے متعلق ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ اس سال غدیر میں منعقد ہونے والے پروگراموں کا عنوان "غدیر؛ میثاق امت و ولایت" رکھا گیا ہے۔ ان کے مطابق غدیر صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ امت اسلامی کی ہدایت، بصیرت اور ولایت کا دائمی منشور ہے۔
انہوں نے بتایا کہ "اطعام علوی" مہم عشرہ ولایت کے اہم پروگراموں میں شامل ہے، جس کے تحت خیرخواہوں اور عوام کے تعاون سے غدیری دسترخوان سجائے جائیں گے۔ گزشتہ سال خراسان رضوی میں چار ملین سے زائد متبرک کھانے تقسیم کیے گئے تھے، جن کے تمام اخراجات عوام اور مخیر حضرات نے برداشت کیے تھے
محمد احمدزادہ نے کہا کہ "ہر گھر ایک پرچم" مہم کے ذریعے لوگوں کو اپنے گھروں اور کاروباری مراکز پر حضرت امیرالمؤمنین علی علیہ السلام کے نام سے مزین پرچم نصب کرنے کی ترغیب دی جائے گی تاکہ غدیر کی خوشیاں پورے معاشرے میں نمایاں ہوں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ صوبے بھر کے مزارات اور امام زادگان میں قرآنی محافل، جشنِ غدیر، عقدِ اخوت کی تقریبات، ثقافتی و کھیلوں کے مقابلے، کاروانِ مسرت، صلواتی اسٹیشنوں اور اجتماعی اطعام کے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ امام خمینیؒ، شہدائے مقاومت اور شہدائے وطن کے اہل خانہ کی تکریم کی تقریبات بھی منعقد ہوں گی۔
انہوں نے یہ بھی اعلان کیا کہ دوسری بین الاقوامی کانفرنس "غدیر و مقاومت" کی اختتامی تقریب 16 ذی الحجہ کو امامزادہ یحییٰ بن زیدؑ کے مزار پر منعقد ہوگی۔









آپ کا تبصرہ