حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، نجف اشرف کے امام جمعہ حجت الاسلام والمسلمین سید صدر الدین قبانچی نے نماز جمعہ، 12 جون 2026ء کے خطبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا: امام خمینی (رح) نے وحدت اسلامی کی دعوت دی اور آیت اللہ سیستانی حفظہ اللہ تعالی نے فرمایا "انہیں صرف ہمارے بھائی نہ کہو بلکہ ہمارے اپنے لوگ کہو" اسی نظریے کی بنیاد پر غزہ کے مظلوم مسلمانوں کی حمایت کو بھی مثبت اقدام قرار دیا گیا۔
انہوں نے وزیراعظم کے دورۂ امریکہ کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: وزیر اعظم کے آئندہ دورہ امریکہ سے توقع ہے کہ وہ عراق کی تیل کی آمدنی پر عائد پابندیوں کے خاتمے کا مطالبہ کرینگے کیونکہ عراق کی 95 فیصد سے زیادہ تیل کی آمدنی امریکی فیڈرل بینک میں جاتی ہے حالانکہ عراق اقوام متحدہ کے باب ہفتم سے نکل چکا ہے اس لیے ضروری ہے کہ عراقی مالی وسائل پر موجود رکاوٹیں ختم کی جائیں۔
امام جمعہ نجف اشرف نے عالمی فٹ بال کپ کے آغاز اور یکم محرم کو عراقی ٹیم کے میچ کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا: عراق امن اور کھیل سے محبت کرنے والا ملک ہے اور دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتا ہے کہ عراق ایک مستحکم ریاست ہے جس کی عوام تمام قوموں کے لیے اپنے دل کھلے رکھتی ہے۔ انہوں نے قومی ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
حجت الاسلام والمسلمین سید صدر الدین القبانچی نے کہا: اہل بیت علیہم السلام کے شیعوں نے موصل اور الانبار کی آزادی کے لیے جنگ لڑی اور اس راہ میں ہزاروں شہداء پیش کیے اس کی وجہ یہ ہے کہ شیعیانِ اہل بیت (ع) اسلامی اخوت پر یقین رکھتے ہیں اور قرآن کریم کا فرمان ہے "بے شک تمام مؤمن آپس میں بھائی ہیں"۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد ہے "جو شخص مسلمانوں کے معاملات کی فکر نہ کرے، وہ ان میں سے نہیں"۔ اسی طرح حضرت علی علیہ السلام فرماتے ہیں "لوگ دو قسم کے ہیں، یا دین میں تمہارے بھائی ہیں یا خلقت میں تمہارے جیسے انسان"۔
انہوں نے محرم الحرام کی آمد کے موقع پر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حدیث "اللہ اس شخص سے محبت کرتا ہے جو حسین سے محبت کرتا ہے"، کا ذکر کرتے ہوئے کہا: یہ حدیث شیعہ اور اہل سنت دونوں کی معتبر کتابوں میں موجود ہے۔
حجت الاسلام قبانچی نے کہا: اسلام انسان کو صرف فکر یا عمل تک محدود نہیں رکھتا بلکہ صحیح عطوفت بھی ایمان کا بنیادی حصہ ہے اسی لیے احادیث میں آیا ہے "ایمان کی مضبوط ترین کڑی اللہ کے لیے محبت اور اللہ کے لیے نفرت ہے"۔ اور اسی طرح "تم میں سے کوئی اس وقت تک کامل مؤمن نہیں ہو سکتا جب تک اپنے بھائی کے لیے وہی پسند نہ کرے جو اپنے لیے پسند کرتا ہے" لہذا جب تم اپنے بھائی سے محبت کرو تو اس سے اس محبت کا اظہار بھی کرو۔ شوہر کا اپنی بیوی سے یہ کہنا کہ "میں تم سے محبت کرتا ہوں، اس کے دل سے کبھی نہیں نکلتا"۔ اسی طرح دعا میں تعلیم دی گئی ہے "اے اللہ! میں تجھ سے تیری محبت، تجھ سے محبت کرنے والوں کی محبت اور ہر اس عمل کی محبت مانگتا ہوں جو تیری رضا کا سبب بنے"۔









آپ کا تبصرہ