حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان دارالمصطفیٰ، زیر صدارت حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی، کے اہتمام سے مرکزی امام باڑہ بڈگام، قدیمی امام باڑہ حسن آباد سرینگر، امام باڑہ یاگی پورہ ماگام سمیت انجمن کے زیر انتظام مختلف جمعہ مراکز پر عالمی یوم علی اصغرؑ نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔
اس موقع پر ماؤں نے اپنے شیر خوار اور کمسن بچوں کو حضرت علی اصغرؑ سے منسوب خصوصی لباس پہنا کر مجالس عزا میں شرکت کی اور اپنے بچوں کو امام زمانہؑ کی نصرت و مدد کے لیے ان کی امان میں دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ ظہور امامؑ کے وقت ان کی اولاد دین حق کی سربلندی اور امام وقتؑ کی نصرت کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرے گی۔
منعقدہ مجالس میں خواتین کی بڑی تعداد، بالخصوص شیر خوار بچوں کی ماؤں نے اپنے بچوں کے ہمراہ شرکت کی۔ اس موقع پر حوزہ علمیہ مکتبۃ الزہراء حسن آباد سرینگر کی معلمات اور حوزہ علمیہ قم سے فارغ التحصیل طالبات نے خطاب کرتے ہوئے واقعۂ کربلا میں خواتین اور اطفال کے بے مثال کردار کو اجاگر کیا اور حضرت علی اصغرؑ کی المناک شہادت کے پس منظر اور اس کے ابدی پیغام پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
مقررین نے کہا کہ حضرت علی اصغرؑ کی شہادت سانحۂ کربلا کا سب سے دردناک اور انسانیت کو جھنجھوڑ دینے والا پہلو ہے، جس نے ظلم و جبر کی حقیقت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کے اس معصوم شیر خوار کی قربانی رہتی دنیا تک یزیدی فکر و عمل کے لیے ایک ناقابل تردید جواب اور مظلومیت امام حسینؑ کی روشن دلیل بنی رہے گی۔
معلمات نے اپنے خطابات میں اس امر پر زور دیا کہ حضرت علی اصغرؑ کی شہادت نے دنیا پر واضح کر دیا کہ میدان کربلا میں امام حسینؑ کے مقابل موجود قوتیں نہ صرف اسلامی تعلیمات سے عاری تھیں بلکہ بنیادی انسانی اقدار سے بھی محروم تھیں۔
تقریبات کے اختتام پر متعدد خواتین ذاکرات نے حضرت علی اصغرؑ کی مظلومانہ شہادت اور اہل بیتؑ کی عظیم قربانیوں کو منظوم خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مرثیہ خوانی کی، جس سے مجالس میں ایک پرسوز اور روحانی فضا قائم ہو گئی۔









آپ کا تبصرہ