حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے نمائندے حجت الاسلام آغا سید مجتبیٰ موسوی نے آج لال چوک سرینگر میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے محرم الحرام کے انتظامات کا جائزہ لیا اور تاریخی متحدہ جلوس عاشورا کو اس کے روایتی راستے آبی گزر لال چوک تا علی پارک جڈی بل بحال کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے آغا سید مجتبیٰ موسوی نے کہا کہ محرم الحرام حضرت امام حسینؑ اور ان کے باوفا اصحاب کی عظیم قربانیوں کی یاد تازہ کرتا ہے اور حق، انصاف، انسانی وقار، آزادی اور ظلم کے خلاف استقامت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں عزاداری کی روایات صدیوں سے مذہبی، ثقافتی اور سماجی شناخت کا اہم حصہ رہی ہیں۔
انہوں نے انجمن شرعی شیعیان کے صدر حجت الاسلام والمسلمین آغا سید حسن موسوی الصفوی کی قیادت میں انجمن کے مؤقف کو پیش کرتے ہوئے محرم الحرام کے دوران مجموعی سکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا، تاہم بجلی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی، سڑکوں کی مرمت، صفائی ستھرائی اور دیگر بنیادی سہولیات کے حوالے سے انتظامیہ کی کارکردگی کو غیر تسلی بخش قرار دیا۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ عزاداروں کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے تمام ادھورے کاموں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔
آغا سید مجتبیٰ موسوی نے کہا کہ تاریخی متحدہ جلوس عاشورا محض ایک مذہبی اجتماع نہیں بلکہ کشمیر کے مشترکہ تہذیبی ورثے، فرقہ وارانہ ہم آہنگی، مذہبی رواداری اور باہمی بھائی چارے کی ایک زندہ علامت ہے۔
انہوں نے یاد دلایا کہ ماضی میں مختلف مکاتب فکر اور مذاہب سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں، اس جلوس کے ساتھ اپنی وابستگی کا اظہار کرتے رہے ہیں، جس سے کشمیر کی گنگا جمنی تہذیب اور مشترکہ ثقافت کو فروغ ملا۔
انہوں نے تاریخی جلوس پر عائد طویل پابندی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں اس پابندی کا کوئی معقول جواز باقی نہیں رہتا۔
ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ خود امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری کا اعتراف کرتی ہے، جبکہ گزشتہ برسوں کے دوران آٹھویں محرم کے تاریخی جلوس کا کامیاب، منظم اور پُرامن انعقاد اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ ایسے مذہبی اجتماعات امن و قانون کے دائرے میں بخوبی منعقد کیے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ لیفٹیننٹ گورنر کی سربراہی میں موجودہ انتظامیہ اس اہم معاملے کی مذہبی، تاریخی اور عوامی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے متحدہ جلوس عاشورا کو اس کے روایتی راستے آبی گزر لال چوک تا علی پارک جڈی بل بحال کرنے کا فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایسا اقدام نہ صرف عزاداران امام حسینؑ کے مذہبی جذبات کا احترام ہوگا بلکہ کشمیر کی تاریخی شناخت، ثقافتی ورثے اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کرے گا۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر آغا سید مجتبیٰ موسوی نے امن، اتحاد، باہمی احترام اور قانون کی پاسداری کے لیے انجمن شرعی شیعیان کے عزم کا اعادہ کیا اور میڈیا برادری کے کردار کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس اہم عوامی اور تاریخی مسئلے کو ذمہ داری اور غیر جانبداری کے ساتھ عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا۔









آپ کا تبصرہ