حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چیئرمین و چیف ایگزیکٹو کونسلر، ایل اے ایچ ڈی سی کارگل ڈاکٹر محمد جعفر اخون نے رکنِ پارلیمان لداخ محمد حنیفہ جان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شبیر حسین اور ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس محمد علی کے ہمراہ کارگل شہر کے مختلف اہم مقامات کا دورہ کیا اور 9 اور 10 محرم الحرام کے جلوسوں کے لیے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران وفد نے منی ٹیکسی اسٹینڈ، انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کارگل (AJUIAK) و اسلامیہ اسکول، حسینی پارک، قتل گاہ، مرکزی بازار سے گزرنے والے جلوسی راستوں اور مختلف طبی کیمپوں کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر مختلف محکموں کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور صفائی ستھرائی، پینے کے پانی کی فراہمی، طبی سہولیات، ٹریفک نظم و نسق، سکیورٹی اور دیگر بنیادی خدمات کے انتظامات کا تفصیلی مشاہدہ کیا گیا۔
معائنہ کے دوران فنانس، پی ایچ ای، آئی اینڈ ایف سی، صحت، بلدیاتی کمیٹی، تعمیرات عامہ، بجلی، پولیس اور دیگر متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔
ڈاکٹر محمد جعفر اخون نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ محکموں کو ہدایت دی کہ انجمن کے احاطے، حسینی پارک، قتل گاہ اور جلوسی راستوں پر صفائی اور نکاسیٔ آب کے مؤثر انتظامات یقینی بنائے جائیں تاکہ عزاداروں اور عوام کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو۔
انہوں نے مختلف طبی کیمپوں کا بھی معائنہ کیا اور محکمہ صحت کو ہدایت دی کہ طبی عملہ، ادویات، ایمبولینس اور ہنگامی طبی سہولیات ہر وقت دستیاب رکھی جائیں۔
عوامی تحفظ کے پیش نظر ڈاکٹر اخون نے محکمہ تعمیرات عامہ کو کبڈی لونگما کے مقام پر عارضی حفاظتی ڈھانچہ نصب کرنے کی ہدایت دی تاکہ ممکنہ پتھر یا ملبہ گرنے کے خطرات سے بچا جا سکے۔ انہوں نے عوام اور رضاکاروں سے اپیل کی کہ حساس مقامات پر غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں اور انتظامیہ کی جانب سے جاری حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
چیئرمین کونسل نے انجمن جمعیت العلماء اثنا عشریہ کرگل اور امام خمینی میموریل ٹرسٹ (IKMT) کے ذمہ داران سے بھی انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کی اپیل کی اور پولیس کو فول پروف سکیورٹی اور مؤثر ٹریفک انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت دی۔
رکنِ پارلیمان محمد حنیفہ جان نے بھی متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ رضاکاروں اور مذہبی تنظیموں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھیں تاکہ تمام انتظامات مؤثر انداز میں نافذ ہوں اور مذہبی اجتماعات پرامن ماحول میں منعقد ہو سکیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شبیر حسین نے بتایا کہ روایتی طریقۂ کار کے مطابق تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور انتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کوشاں ہے کہ 9 اور 10 محرم کے جلوس پُرامن، منظم اور عوامی سہولت کے ساتھ منعقد ہوں۔









آپ کا تبصرہ