جمعرات 12 جون 2025 - 20:11
علامہ مقصود ڈومکی کی وفد کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر جیکب آباد سے ملاقات؛ محرم الحرام کی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال

حوزہ/ مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی کی قیادت میں وفد نے ڈپٹی کمشنر جیکب آباد نواب سمیر حسین لغاری سے ملاقات کی اور محرم الحرام سے قبل قیام امن اور سیکیورٹی اقدامات پر تبادلہ خیال کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ مقصود علی ڈومکی نے ایک اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر جیکب آباد نواب سمیر حسین لغاری سے ان کے دفتر میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع میں امن و امان کی صورتحال، محرم الحرام کی آمد اور عزاداری کے اجتماعات کے سیکیورٹی انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد میں مجلس وحدت مسلمین ضلع جیکب آباد کے صدر نذیر حسین جعفری، صدر یوتھ ونگ سید کامران علی شاہ، مجلس علمائے مکتب اہل بیت کے ضلعی صدر علامہ سیف علی ڈومکی، آل ڈومکی اتحاد کے وائس چیئرمین حاجی شاہ مراد ڈومکی، مظفر علی ٹالانی، زوار غلام مصطفی، جعفریہ الائنس کے ڈویژن جنرل سیکریٹری شاہنواز جعفری اور دیگر ذمہ داران شامل تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ"ضلع جیکب آباد میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال تشویشناک ہے۔ نوجوانوں سے موٹرسائیکل اور موبائل فون چھینے جا رہے ہیں۔ ماہ محرم سے قبل مؤثر سیکیورٹی اقدامات ناگزیر ہیں تاکہ عوام خصوصاً عزادار خود کو محفوظ محسوس کریں۔"

انہوں نے کہا کہ رضاکار اور اسکاؤٹس حسب روایت پولیس و رینجرز کے ساتھ عزاداری کے پروگراموں میں مکمل تعاون کریں گے۔ پولیس ہیڈ کوارٹر میں حسب روایت اسکاؤٹس کے لیے پروگرام ہر سال کی طرح اس سال بھی پولیس کی زیرنگرانی رکھا جائے۔ خواتین کی مجالس عزا میں سیکورٹی کے لیے لیڈیز پولیس کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔

علامہ مقصود ڈومکی کی وفد کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر جیکب آباد سے ملاقات؛ محرم الحرام کی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال

محکمہ پولیس مزید لیڈی کانسٹیبلز بھرتی کرے، تاکہ خواتین کے اجتماعات میں مؤثر سیکیورٹی فراہم کی جا سکے۔ ضریح پاک امام حسین علیہ السلام کے حوالے سے سابق ڈپٹی کمشنر کا تحریری وعدہ تھا، اس پر عمل درآمد کیا جائے۔

انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ "مجلس وحدت مسلمین ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون پر یقین رکھتی ہے۔ قیام امن ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔"

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نواب سمیر حسین لغاری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ "ضلعی انتظامیہ اور عوام کا باہمی تعاون ہی ضلع میں امن و امان کی ضمانت ہے۔ تحصیل اور سب ڈویژن کی سطح پر تمام ذمہ داران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بانیان مجالس، عزاداروں اور دینی تنظیموں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھیں۔ انتظامیہ عزاداری کے اجتماعات کی سیکورٹی اور دیگر انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے عزاداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کرے گی۔"

علامہ مقصود ڈومکی کی وفد کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر جیکب آباد سے ملاقات؛ محرم الحرام کی سیکیورٹی پر تبادلہ خیال

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha