ہفتہ 14 جون 2025 - 03:12
ایم ڈبلیو ایم شعبۂ مشہد مقدس کے صدارتی انتخابات کا عمل مکمل؛ مولانا عقیل حسین خان صدر منتخب

حوزہ/مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان شعبۂ مشہد مقدس کے صدر کے انتخاب کے لیے شورای عمومی کا اجلاس بروز جمعرات 12 جون 2025 کو مرکزی سیکرٹری امور خارجہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کی صدارت میں منعقد ہوا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ وحدت مسلمین پاکستان شعبۂ مشہد مقدس کے صدر کے انتخاب کے لیے شورای عمومی کا اجلاس بروز جمعرات 12 جون 2025 کو مرکزی سیکرٹری امور خارجہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ شورای عمومی نے اراکین کی رائے شماری کے ذریعے صدر کے لیے چند نام تجویز کیے۔

انتخابی اجلاس کے ساتھ ساتھ دفترِ مجلسِ وحدت مسلمین شعبۂ مشہد مقدس میں عید سعید غدیر کی مناسبت سے ایک روح پرور جشن کا بھی انعقاد کیا گیا۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ مجید سے ہوا، جس کی سعادت جناب سید اسد کاظمی نے حاصل کی، جبکہ برادر اسلم روحانی نے بارگاہِ امیرالمؤمنینؑ میں منقبت پیش کی۔

حجۃ الاسلام مولانا عارف حسین نے عید غدیر کے موضوع پر اپنا تازہ کلام سنا کر خوب داد سمیٹی، جبکہ نظامت کے فرائض برادر علی عمران نے انجام دئیے۔

تقریب سے بزرگ عالم دین اور مجلس وحدت مسلمین شعبۂ مشہد مقدس کے رہنما علامہ سید مجاہد حسین نقوی نے غدیر کے پیغام پر بصیرت افروز گفتگو کی اور خصوصی دعا کروائی۔

جشن کے اختتام پر سیکرٹری امور خارجہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے چیئرمین مجلس وحدت مسلمین پاکستان حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کے ساتھ مشاورت کے بعد، شورای عمومی میں مجوزہ ناموں میں سے باقاعدہ طور پر حجۃ الاسلام آغا عقیل حسین خان کے نام کا اعلان کیا۔

تقریب کا اختتام حلف برداری کی پُر وقار تقریب سے ہوا، جس میں علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی نے نو منتخب صدر شعبۂ مشہد مقدس سے حلف لیا اور اس امید کا اظہار کیا کہ نئے صدر اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین شعبۂ مشہد کی ترقی کا باعث بنیں گے۔

تقریب کے اختتام پر شعبۂ مشہد کے نئے صدر جناب حجت الاسلام والمسلمین عقیل حسین خان نے خطاب کیا اور مجلس کی قیادت کی جانب سے ان پر اعتماد اور ان کی نامزدگی پر چیئرمین مجلس وحدت مسلمین علامہ راجہ ناصر عباس اور سیکرٹری امور خارجہ علامہ ڈاکٹر سید شفقت حسین شیرازی اور دیگر اراکین کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha