حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، خاندانی امور کے ماہر حجۃ الاسلام والمسلمین علیرضا تراشیون نے کہا ہے کہ تعطیلات میں والدین اپنے بچوں کی دینی تربیت پر خصوصی توجہ دیں اور اہلِ بیت علیہم السلام، بالخصوص امام حسین علیہ السلام کی محبت کو ان کے دلوں میں مضبوط کریں۔
حجۃ الاسلام والمسلمین علیرضا تراشیون نے دینی تعلیم و تربیت میں والدین کے کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی سال کے دوران والدین اور بچوں کو ایک ساتھ وقت گزارنے کا کم موقع ملتا ہے، لیکن تعطیلات اس کمی کو پورا کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ والدین کو چاہیے کہ وہ گھر میں اہلِ بیت علیہم السلام، خصوصاً حضرت امام حسین علیہ السلام کی سیرت پر گفتگو کریں، ان کی زندگی پر مبنی کتابیں بچوں کے ساتھ پڑھیں اور واقعات کو دلچسپ انداز میں بیان کریں، کیونکہ ایسی باتیں بچوں کے ذہن و دل پر گہرا اثر چھوڑتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بچے اپنے والدین، خاص طور پر والد کی بات کو زیادہ اہمیت دیتے ہیں، اس لیے اگر باپ مختصر مگر مؤثر انداز میں اہلِ بیتؑ سے اپنی محبت کا اظہار کرے تو اس کا بچوں کی شخصیت پر دیرپا اثر پڑتا ہے۔
حجۃ الاسلام تراشیون نے والدین کو مشورہ دیا کہ وہ بچوں کو اپنے پاس بٹھا کر محبتِ امام حسین علیہ السلام کا عملی اظہار کریں۔ مثال کے طور پر والد اپنے بچوں سے کہے: "میں امام حسین علیہ السلام سے بے حد محبت کرتا ہوں اور میری خواہش ہے کہ قیامت کے دن انہی کے ساتھ محشور ہوں۔"
انہوں نے کہا کہ ایسے سادہ مگر مخلصانہ جملے بچوں کے دلوں میں اتر جاتے ہیں، کیونکہ بچے فطری طور پر اپنے والدین کی شخصیت سے متاثر ہوتے ہیں اور انہی جیسا بننے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس لیے والدین کو چاہیے کہ وہ اس سنہری موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے محبتِ اہلِ بیت علیہم السلام کو بچوں کی شخصیت کا مستقل حصہ بنائیں۔









آپ کا تبصرہ