حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حرم حضرت فاطمہ معصومہؑ کے موکب کے فلاحی امور کے ذمہ دار سعید اسدی نے کہا ہے کہ زائرین اربعین حسینی کو آرام و آسائش فراہم کرنے کے لیے خادمین حرم نے شب و روز خدمات انجام دیں۔ موکب میں روزانہ تقریباً 2 ہزار ناشتے، 4 ہزار دوپہر کے کھانے، 4 ہزار رات کے کھانے اور دو اوقات میں 8 ہزار معمولی غذائیں زائرین میں تقسیم کی گئیں۔
سعید اسدی نے بتایا کہ فلاحی امور موکب کے سب سے وسیع اور اہم شعبوں میں شامل ہیں، جہاں خادمین نے صبح 4 بجے سے اپنی سرگرمیاں شروع کیں۔ موکب میں باورچی خانہ، تنور، اشیائے خورونوش کا گودام، پینے کے پانی اور کھانے کی تقسیم، صفائی، رہائش گاہوں اور دیگر ضروری سہولیات کا انتظام مسلسل جاری رہا۔
انہوں نے کہا کہ زائرین کی سہولت کے لیے جوتوں اور بیگ کی مرمت، سلائی، بچوں کی گاڑی، وہیل چیئر، عینک اور موبائل فون کی مرمت کے لیے خصوصی ورکشاپس بھی قائم کی گئی تھیں تاکہ زائرین کو پیش آنے والی مشکلات کا فوری ازالہ کیا جا سکے۔
فلاحی خدمات کے ذمہ دار نے صفائی اور حفظانِ صحت کو بھی موکب کی اہم ترجیحات میں شمار کرتے ہوئے کہا کہ کچرے کی مسلسل صفائی، صحن، ہالز اور عوامی مقامات کی صفائی کے ساتھ حمام اور بیت الخلا کو روزانہ دو مرتبہ دھو کر جراثیم سے پاک کیا جاتا تھا۔
اسدی نے خادمین کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ موکب میں فراہم کی جانے والی تمام سہولیات خادمین کی اخلاص، باہمی تعاون، دقیق منصوبہ بندی اور مسلسل محنت کا نتیجہ ہیں، جن کا مقصد زائرین کو سکون اور اطمینان کے ساتھ زیارت اربعین کا سفر جاری رکھنے میں مدد فراہم کرنا تھا۔









آپ کا تبصرہ