حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلام آباد/ جامعۃ الکوثر اسلام آباد میں نجف اشرف سے تشریف لائے ہوئے ممتاز عالمِ دین محقق اور استادِ درسِ خارج حضرت حجۃ الاسلام و المسلمین سید احمد اشکوری کے اعزاز میں ایک علمی و فکری نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں کثیر تعداد میں علماء کرام نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ حجۃ الاسلام و المسلمین سید احمد اشکوری نجف اشرف میں درسِ خارج کے استاد اور حوزہ علمیہ نجف اشرف کے تبلیغی امور کے ذمہ دار ہیں۔ نشست میں قائدِ ملتِ جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی اور شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی سمیت دیگر علماء کرام نے بھی خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر حجۃ الاسلام سید احمد اشکوری نے مکتبِ تشیع کی علمی، فکری اور دعوتی خصوصیات کے مختلف پہلوؤں پر جامع اور بصیرت افروز گفتگو کی۔ انہوں نے عصرِ حاضر کے تقاضوں اور چیلنجز کے تناظر میں علماء کرام کی ذمہ داریوں، دینی و فکری رہنمائی، تبلیغِ دین اور معاشرتی اصلاح میں ان کے مؤثر کردار پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

انہوں نے مفسرِ قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی رحمۃ اللہ علیہ کی علمی، دینی اور تبلیغی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کی خدمات کو حوزہ علمیہ اور معاشرے کے لیے قابلِ قدر سرمایہ قرار دیا۔
سید احمد اشکوری نے کہا کہ عصرِ حاضر کے چیلنجز کا مقابلہ علمی بصیرت، فکری پختگی، اخلاقی کردار اور قرآن و اہلِ بیت علیہم السلام کی تعلیمات سے مضبوط وابستگی کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ انہوں نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ جدید دور کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے نوجوان نسل کی دینی و فکری تربیت اور معاشرے میں اتحاد، اخوت اور مثبت اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔
نشست کے اختتام پر قائدِ ملتِ جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے مختصر خطاب کیا اور ملک و قوم کی سلامتی، استحکام اور سربلندی کے لیے دعا فرمائی۔









آپ کا تبصرہ