حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بھیکپور بہار، حوزہ علمیہ آیت اللہ خامنہ ای میں ہفتۂ وحدت کے سلسلے میں منعقد ہونے والا چند روزہ پروگرام، ہر سال کی طرح امسال بھی نہایت شان و شوکت اور عقیدت و احترام کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔
اس موقع پر بانی و مؤسس حوزہ علمیہ آیت اللہ خامنہ ای مولانا سید شمع محمد رضوی نے اپنے بیان میں کہا کہ امسال ہفتۂ وحدت کے عنوان اور پیغام پر خصوصی توجہ دی گئی اور مختلف علمی، ادبی اور ثقافتی پروگراموں کے ذریعے اتحادِ امت کے پیغام کو عام کرنے کی کوشش کی گئی۔
آخری روز منعقد ہونے والے پروگرام کا آغاز مولانا محمد رضا معروفی نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا، جس کے بعد دیے گئے مصرعۂ طرح ’’قرآن و اہل بیتؑ کو وحدت سے پیار ہے‘‘ کے تحت مدح خواں حضرات اور شعرائے کرام نے اپنا کلام پیش کیا۔
ابتدائی مرحلے میں مدح خوانی کی نظامت محترم جناب انتظار حسین رضوی نے انجام دی، جس میں 12 مدح خوانوں نے وحدت کے موضوع پر عقیدت انگیز اور قیمتی کلام پیش کیا۔
رپورٹ کے مطابق شعرو شاعری کے سلسلے میں 14 شعرائے کرام نے شرکت کی اور امام خمینیؒ کے پیغام کو منظوم انداز میں پیش کرتے ہوئے اتحاد، علم و حکمت، اخلاق، مصلحت، تدبر، بردباری اور اسلامی انقلابِ ایران کے موضوعات پر انقلابی اور بامعنی اشعار پیش کیے۔
پروگرام میں علماء کرام کے علاوہ خصوصی مہمانوں نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر حوزہ علمیہ کے ہونہار طالب علم، جو بھیک پور، بہار سے حصولِ علم کے لیے اسلامی جمہوریہ ایران تشریف لے گئے تھے اور حال ہی میں ایران سے واپس آئے ہیں، نے بھی شرکت کی اور اپنے بیان کے ذریعے سامعین کے قلوب کو معطر کیا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء اور نمایاں کارکردگی پیش کرنے والے افراد کو نفیس انعامات سے نوازا گیا۔ آخر میں منتظمین نے آئندہ سال دوبارہ ہفتۂ وحدت کے پروگرام کے انعقاد کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے رواں سال کے پروگرام کے اختتام کا اعلان کیا۔









آپ کا تبصرہ