حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراقی اہل بیت (ع) یونیورسٹی کے وفد نے مسجد مقدس جمکران کے متولی حجۃ الاسلام والمسلمین سید علی اکبر اجاق نژاد سے ملاقات کی۔ جس میں ’’مہدویت کی ثقافت کے فروغ اور عشرہ وحدتِ انسانی‘‘ کے منصوبے کے حوالے سے ایران اور عراق کے درمیان علمی و ثقافتی تعاون کی صلاحیتوں کا جائزہ لیا گیا۔
اس نشست میں عالمی مجلس شیعہ شناسی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر آیت پیمان اور عراق کی اہل بیت (ع) یونیورسٹی کے علمی وفد نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہدویت اور انسانی وحدت کے افکار کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے ایران اور عراق کے علمی مراکز اور مقدس مقامات بالخصوص مسجد مقدس جمکران، مسجد سہلہ اور عتباتِ عالیات کی صلاحیتوں سے استفادہ کرنے پر زور دیا گیا۔
عراق کی اہل بیت (ع) یونیورسٹی کے سربراہ ڈاکٹر محسن قزوینی نے شعبان کے ایام میں ہونے والے لاکھوں افراد کے اجتماعات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ماہِ شعبان کے پہلے نصف حصہ کو ’’عشرہ وحدتِ انسانی‘‘ کے عنوان سے مختص کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے مہدویت کو ایک عالمی گفتگو اور موضوع کے طور پر متعارف کرانے اور اس کی وضاحت کے لیے ایران، عراق اور عالم اسلام کے علمی و ثقافتی مراکز کے درمیان تعاون کے فروغ پر زور دیا۔

حجۃ الاسلام والمسلمین اجاق نژاد نے بھی اس منصوبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا: اس منصوبے کو بالادست دستاویزات، بالخصوص ’’مہدویت کے نظریے کی دستاویز‘‘، امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے افکار، انقلاب اسلامی کے شہید رہبر اور شہدائے مقاومت کے نظریات کی بنیاد پر مرتب کیا جانا چاہیے۔
مسجد مقدس جمکران کے متولی نے عتباتِ عالیات کے ساتھ، مسجد جمکران اور مسجد سہلہ کو محور بناتے ہوئے اس منصوبے کو عملی جامہ پہنانے کے لیے تعاون کے لیے آمادگی کا اعلان کیا۔
قابل ذکر ہے کہ ملاقات کے اختتام پر اہل بیت (ع) یونیورسٹی عراق کی جانب سے ڈاکٹر آیت پیمان اور حجۃ الاسلام والمسلمین اجاق نژاد کو علمی و ثقافتی خدمات کے اعتراف میں’’اعزازِ علمی‘‘ سے بھی نوازا گیا۔









آپ کا تبصرہ