حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آئی او بلتستان ریجن کی مجلسِ عاملہ کا دو روزہ اجلاس مدرسہ فوز العظیم شگر میں منعقد ہوا، جس میں بلتستان ریجن کے 17 یونٹس سے تعلق رکھنے والے برادران سمیت ریجنل کابینہ کے اراکین نے بھرپور شرکت کی۔

اجلاس میں شگر کے نامور علمائے کرام نے خصوصی شرکت کرکے برادران کی حوصلہ افزائی کی اور مختلف اہم موضوعات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اجلاس سے آغا سید عباس الموسوی، شیخ فدا حسین عابدی، شیخ محمد حسین فیاضی اور نائب امام جمعہ نے خصوصی خطاب کیا۔

مقررین نے دینی، تنظیمی اور معاشرتی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے اخلاص، اتحاد اور باہمی تعاون کو مؤثر اجتماعی جدوجہد کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
اس موقع پر ریجنل ناظم برادر اصغر علی جوادی نے خطبۂ استقبالیہ پیش کیا۔
برادر حاجی محمد رضا اور برادر حاجی مسلم حسین نے تنظیم کی اہمیت، تنظیمی ڈھانچے اور کارکنان کے کردار کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔
برادر شفا علی نے صحیفۂ سجادیہ کی روشنی میں دعا کی اہمیت اور دعا کرنے کے سلیقے پر روشنی ڈالی، جبکہ برادر نثار ہاشمی اور برادر حاجی محمد انور نے ایران، امریکہ جنگ کے بعد پیدا ہونے والی عالمی صورتحال اور بدلتے ہوئے عالمی منظرنامے کا جائزہ پیش کیا۔

اجلاس میں ڈاکٹر حسن خان اماچہ نے آرگینک فوڈ کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے صحت مند طرزِ زندگی اور معیاری غذا کے حوالے سے شرکاء کو آگاہ کیا۔
پروگرام کی نظامت کے فرائض برادر محمد حسن، ریجنل سیکریٹری، اور برادر وزیر محمد رضا نے انجام دیے۔
دعائے امام زمانہؑ کے ساتھ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔
شرکاء نے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر شگر کے تمام برادران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔









آپ کا تبصرہ