حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے تحت کراچی کے مقامی لان میں بیاد شہدائے آزادی فلسطین کے عنوان سے یکجہتی فلسطین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا؛ جس میں خواتین وحضرات سمیت علمائے کرام، دانشوروں اور سیاسی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔

کانفرنس میں مہمان خصوصی ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی انتھونی نوید، سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر و مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری تھے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی انتھونی نوید نے کہا کہ فلسطین اور لبنان پر اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان ہر سطح پر فلسطین کاز کی حمایت جاری رکھے گا، فلسطین کا مسئلہ ایک انسانی مسئلہ ہے، فلسطین میں مسلمان ہی نہیں بلکہ مسیحی عوام کو بھی صیہونی جارحیت کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ آیت اللہ خامنہ ای، یحییٰ سنوار، حسن نصر اللہ اور دیگر شہداء، فلسطین کی آزادی کے شہداء ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران پر امریکی جارحیت کا سلسلہ بند ہونا چاہئیے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ ایران پر امریکی جارحیت اسلام پر جارحیت ہے، امریکہ ایران پر جارحیت بند کرے، شہیدوں نے اپنی جان کی قربانی دے کر آزادی کا راستہ ہموار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو یمن کے خلاف کسی بھی عرب ملک کی جنگ کا حصہ نہیں بننا چاہئیے، مسلمانوں کا اتحاد ہی فلسطین کی آزادی کا واحد راستہ ہے۔

علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ چند مسلمان ممالک اسرائیل کے ساتھ تعلقات بناکر مسلمانوں کے اتحاد کی راہ میں رکاوٹ پیدا کر رہے ہیں۔
ڈاکٹر صابر ابو مریم کا کہنا تھا کہ فلسطین کا مسئلہ آج بھی دنیائے انسانیت کا سب سے اہم مسئلہ ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں جامعۃ الازہر مصر کے نمائندے صاحبزادہ ڈاکٹر عزیر محمود الازہری نے کہا کہ پاکستان کے عوام کو فلسطین کاز کی حمایت کا سلسلہ جاری رکھنا چاہئیے۔
انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ فلسطینیوں کی ہر ممکنہ مدد کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی کا کہنا تھا کہ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے بعد امریکہ بری طرح ناکام ہو چکا ہے، یمن کے لوگوں کو باغی کہنا درست نہیں ہے۔
انہوں نے مسلم ممالک کے اتحاد پر زور دیتے ہوئے مطالبہ کیا کہ فلسطین کی آزادی کیلئے مسلمان ممالک کا مؤثر اتحاد بنایا جائے۔

کانفرنس سے خطاب میں سابق رکن سندھ اسمبلی محفوظ یار خان کا کہنا تھا کہ فلسطین کاز کی حمایت کیلئے امریکی اور اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ جاری رکھنا چاہئیے۔
کانفرنس سے مرکزی ملی مسلم لیگ کے رہنما ندیم اعوان، پاکستان مسلم لیگ (ف) کے انور عظیم، شیعہ علماء کونسل کے علامہ اسد اقبال زیدی، ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سید ارشد حسین شاہ، عوامی نیشنل پارٹی کے رحمان بابر، پاکستان عوامی تحریک کے راؤ کامران، مجلس ذاکرین امامیہ پاکستان کے سربراہ علامہ نثار قلندری اور مسلم پرویز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم فلسطین سے اپیل کی گئی نداء الاقصیٰ مہم کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور دو اکتوبر کو ملک بھر میں فلسطینی عوام کی اپیل پر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔

مقررین نے کہا کہ فلسطین اور مسجد اقصیٰ خطرے میں ہے، قبلہ اول مسجد اقصیٰ کا دفاع کرنا ہر مسلمان کی ذمہ داری ہے۔ مقررین نے فلسطین میں مسیحی مقدسات کو غاصب صیہونیوں کی جانب سے نقصان پہنچانے اور توہین کے واقعات پر شدید مذمت کی۔
اس موقع پر معاذ نظامی، علامہ قاضی احمد نورانی، عبدالوحید یونس، میجر (ر) قمر عباس، مولانا مظہر زیدی، علامہ کامران عابدی، ڈاکٹر محمود عالم، مولانا زاہد حسین، ڈاکٹر عامر حسین، ڈاکٹر ثوبیہ عرفان، ڈاکٹر صدف مصطفیٰ، فرح محمود، نادیہ مقصود، زبیدہ شکیل، علامہ حیات عباس نجفی، علامہ مبشر حسن سمیت دیگر بھی موجود تھے۔









آپ کا تبصرہ