پیر 19 اکتوبر 2026 - 13:39
صدر انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر کا عالم اسلام سے اتحاد و اتفاق کی اپیل، تنازعات کو مذاکرات سے حل کرنے پر زور

حوزہ/ صدر انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے عالم اسلام پر زور دیا ہے کہ وہ باہمی اختلافات اور محاذ آرائی سے گریز کرتے ہوئے اتحاد و یکجہتی کو فروغ دے اور تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات، سفارت کاری اور باہمی احترام کا راستہ اختیار کرے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مسلم دنیا کی باہمی کشیدگی سے خطے میں اپنے مفادات آگے بڑھانے والی طاقتوں کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدر انجمن شرعی شیعیان جموں و کشمیر حجۃ الاسلام والمسلمین آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے عرب دنیا اور مغربی ایشیا کی موجودہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالم اسلام سے اتحاد و یکجہتی برقرار رکھنے اور باہمی تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی اپیل کی ہے۔

اپنے بیان میں آغا سید حسن موسوی صفوی نے کہا کہ مسلم ممالک اور گروہوں کے درمیان جاری کشیدگی اور باہمی محاذ آرائی سے امت مسلمہ کی اجتماعی قوت کمزور ہو رہی ہے، جس کا فائدہ امریکہ اور اسرائیل سمیت خطے میں اپنے تزویراتی مفادات کو آگے بڑھانے والی طاقتوں کو پہنچ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت اسلام کے مقدس مقامات پوری امت مسلمہ کے لیے عقیدت و احترام کا مرکز ہیں۔ ان سے متعلق حساس معاملات میں غیر مصدقہ اطلاعات اور اشتعال انگیز بیانات سے گریز کرنا چاہیے تاکہ مذہبی جذبات کو مجروح ہونے اور مسلمانوں کے درمیان اختلافات بڑھنے سے روکا جا سکے۔

صدر انجمن شرعی شیعیان نے مسلم ممالک کی قیادت، علمائے دین اور ذرائع ابلاغ پر زور دیا کہ وہ فرقہ وارانہ کشیدگی کی حوصلہ شکنی کریں اور خطے میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ جنگ اور محاذ آرائی مسائل کا حل نہیں، بلکہ مکالمہ، سفارت کاری اور باہمی احترام ہی پائیدار امن کی ضمانت ہیں۔

انہوں نے عالم اسلام سے اپیل کی کہ وہ اختلافات سے بالاتر ہوکر اتحاد و یکجہتی کو فروغ دے اور اپنے مشترکہ مفادات کے تحفظ کے لیے سنجیدہ کوششیں کرے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha