بدھ 11 نومبر 2026 - 16:05
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے گھر پر حملے کے موضوع پر اہل سنت عالم کے ساتھ تاریخی مناظرہ

حوزہ/ ایک شیعہ عالم نے حجاز کے ایک عالم کے ساتھ مناظرے میں اہل سنت کی معتبر کتابوں کے حوالے پیش کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے گھر پر حملے کی دھمکی اور آپؑ کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر گفتگو کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، محمد محمدی اشتهاردی کی تصنیف ’’صد و یک مناظره جالب و خواندنی‘‘ میں مختلف دینی اور اعتقادی موضوعات پر ہونے والے مناظروں کو جمع کیا گیا ہے۔ اس کتاب میں ایک مناظرے کا ذکر بھی ہے جو ایک شیعہ عالم اور حجاز میں امر بالمعروف کے سربراہ کے درمیان ہوا۔ اس گفتگو میں اہل سنت کی کتابوں کے حوالے سے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا پر ہونے والے مظالم کا ذکر کیا گیا ہے۔

مناظرے کے دوران حجاز کے مذہبی عہدیدار نے شیعہ عالم سے سوال کیا کہ:

آپ لوگ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی قبر مبارک کے قریب اپنے اذکار میں ’’السَّلَامُ عَلَیْکِ أَیَّتُهَا الْمَظْلُومَةُ‘‘ یعنی ’’سلام ہو آپ پر، اے مظلومہ!‘‘ کیوں کہتے ہیں؟ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی صاحبزادی کو کس نے مظلوم بنایا؟

شیعہ عالم نے جواب دیا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا پر ہونے والے مظالم کا ذکر خود آپ لوگوں کی کتابوں میں موجود ہے۔

اس پر اس شخص نے پوچھا کہ کس کتاب میں یہ واقعہ بیان ہوا ہے؟ شیعہ عالم نے بتایا کہ ابن قتیبہ دینوری کی کتاب ’’الامامۃ والسیاسۃ‘‘ میں اس کا ذکر موجود ہے۔

اس شخص نے کہا کہ ہمارے پاس اس نام کی کوئی کتاب نہیں ہے۔ شیعہ عالم نے کہا کہ میں بازار سے یہ کتاب خرید کر آپ کے پاس لے آتا ہوں۔ اس نے اس تجویز کو قبول کر لیا۔

شیعہ عالم بازار سے کتاب خرید کر لائے، پھر اس کے پہلے حصے کا صفحہ نمبر 19 کھول کر اسے پڑھنے کے لیے دیا۔ اس صفحے پر درج واقعے کے مطابق، خلیفہ اول نے ان لوگوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں جنہوں نے ان کی بیعت نہیں کی تھی اور حضرت علی علیہ السلام کے گھر میں جمع تھے۔ اس نے عمر کو ان کے پاس بھیجا۔

عمر گھر کے دروازے پر پہنچے اور حضرت علی علیہ السلام سمیت گھر میں موجود لوگوں کو آواز دے کر باہر آنے اور ابوبکر کی بیعت کرنے کے لیے کہا۔ جب انہوں نے باہر آنے سے انکار کیا تو عمر نے لکڑیاں منگوائیں اور کہا:

’’اس ذات کی قسم جس کے قبضۂ قدرت میں میری جان ہے! تم لوگ گھر سے باہر آ جاؤ، ورنہ میں گھر میں موجود تمام افراد سمیت اسے آگ لگا دوں گا۔‘‘

اس موقع پر بعض لوگوں نے کہا: اے ابوحفص! اس گھر میں فاطمہ بھی موجود ہیں۔ حضرت عمر نے جواب دیا: اگرچہ فاطمہ بھی اس گھر میں ہوں، تب بھی؟ آخرکار گھر میں موجود لوگ باہر آ گئے اور بیعت کر لی، البتہ حضرت علی علیہ السلام باہر نہیں آئے۔

اسی صفحے کے ذیل میں ایک اور واقعہ بھی درج ہے کہ جب خلیفہ اول اپنی زندگی کے آخری ایام میں بسترِ مرگ پر تھے تو انہوں نے کہا:

’’کاش! میں حضرت علی علیہ السلام کے گھر کی بے حرمتی نہ کرتا، چاہے وہ میرے خلاف جنگ کا اعلان ہی کیوں نہ کرتے۔‘‘

یہ عبارت پیش کرنے کے بعد شیعہ عالم نے اس علام سے کہا کہ خلیفہ اول کے اس بیان پر غور کیجیے کہ وہ اپنی زندگی کے آخری وقت میں اس واقعے پر افسوس اور پشیمانی کا اظہار کر رہے تھے۔

اس دلیل کے جواب میں حجاز کے مذہبی عہدیدار نے کہا کہ اس کتاب کے مصنف ابن قتیبہ شیعہ مذہب کی طرف مائل تھے۔

شیعہ عالم نے جواب دیا کہ اگر آپ ابن قتیبہ کے بارے میں یہ کہتے ہیں تو صحیح مسلم اور صحیح بخاری کے مصنفین کے بارے میں کیا کہیں گے؟ ان دونوں کتابوں میں بھی یہ روایت نقل ہوئی ہے کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا خلیفہ اول سے ناراض ہو گئی تھیں اور وفات تک ان سے بات نہیں کی۔

اس سلسلے میں شیعہ عالم نے صحیح مسلم، جلد ۵، صفحہ ۱۵۳، مطبوعہ مصر، اور صحیح بخاری، جلد ۵، صفحہ ۱۸۷، مطبوعہ الشعب، باب غزوۂ خیبر کا حوالہ دیا۔

اس طرح شیعہ عالم نے اپنے مناظرے میں اہل سنت کی کتابوں سے مختلف حوالے پیش کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے ساتھ پیش آنے والے واقعات پر گفتگو کی۔

حوالہ جات:

۱۔ ابن قتیبہ دینوری، الامامۃ والسیاسۃ، جلد اول، صفحہ 19، مطبوعہ مؤسسۃ حلبی۔

۲۔ صحیح مسلم، جلد 5، صفحہ 153، مطبوعہ مصر؛ صحیح بخاری، جلد 5، صفحہ 187، مطبوعہ الشعب، باب غزوۂ خیبر۔

۳۔ ابن ابی الحدید، شرح نہج البل

اغہ، جلد 6، صفحہ 469۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha