حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مسجد عسکری، کریم پور، کرناٹک میں 20 نومبر 2026ء کو نمازِ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید وصی حیدر رضوی نے دین و شریعت کے فرق، امتِ اسلامی میں اختلافات کے اسباب، مسئلۂ امامت، آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی علمی و دینی خدمات، احیائے شعائر فاطمی اور حالاتِ حاضرہ پر روشنی ڈالی۔
دین ایک، شریعتیں مختلف رہی ہیں
مولانا سید وصی حیدر رضوی نے پہلے خطبے میں قرآن مجید کی آیت «وَلَقَدْ بَعَثْنَا فِي كُلِّ أُمَّةٍ رَسُولًا أَنِ اعْبُدُوا اللَّهَ وَاجْتَنِبُوا الطَّاغُوتَ» کی تلاوت کرتے ہوئے کہا کہ تمام انبیائے الٰہی کی دعوت کا بنیادی پیغام توحید اور عبادتِ خداوندی رہا ہے۔ دینِ الٰہی حضرت آدمؑ سے شروع ہوا اور رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کے ذریعے اپنی تکمیل کو پہنچا، البتہ مختلف انبیاء کے ادوار میں شریعت کے بعض احکام تبدیل ہوتے رہے۔
انہوں نے سورۂ مائدہ کی آیت 48 کا حوالہ دیتے ہوئے دین اور شریعت کے فرق کو واضح کیا اور کہا کہ رسول اکرم (ص) کی شریعت آخری اور قیامت تک باقی رہنے والی شریعت ہے۔ واقعۂ غدیر خم اور آیتِ اکمالِ دین کے تناظر میں انہوں نے تکمیلِ دین اور اعلانِ ولایت و امامت کے باہمی تعلق پر بھی روشنی ڈالی۔
امت میں اختلافات کے اسباب اور معرفتِ امام کی اہمیت
خطیبِ جمعہ نے امتِ اسلامی میں اختلافات اور فرقہ بندی کے اسباب بیان کرتے ہوئے کہا کہ تعصب، ذاتی مفادات، اقتدار کی خواہش، نفسانی رجحانات اور حق سے دوری اختلافات کی بنیادی وجوہات ہیں۔
انہوں نے سورۂ آل عمران کی آیت 19 کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بعض اوقات علم اور حق واضح ہو جانے کے باوجود باہمی سرکشی اور مفادات کی وجہ سے اختلافات جنم لیتے ہیں۔
مولانا وصی حیدر رضوی نے نہج البلاغہ کے فرمان «أَوَّلُ الدِّينِ مَعْرِفَتُهُ» کی روشنی میں معرفتِ الٰہی کو دین کی بنیادی اساس قرار دیا۔ اسی طرح حدیثِ افتراقِ امت کا ذکر کرتے ہوئے امت میں فرقہ بندی کے مسئلے پر گفتگو کی۔
انہوں نے سورۂ اسراء کی آیت 71 «يَوْمَ نَدْعُو كُلَّ أُنَاسٍ بِإِمَامِهِمْ» کی تلاوت کرتے ہوئے مسئلۂ امامت کی اہمیت بیان کی اور کہا کہ رسول اکرم (ص) کے بعد بھی امامت کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور ہر انسان کے لیے معرفتِ امام اور پیرویِ امام بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔

آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی علمی و دینی خدمات کو خراجِ عقیدت
دوسرے خطبے میں مولانا سید وصی حیدر رضوی نے مرجعِ عالی قدر آیت اللہ العظمیٰ شیخ حسین وحید خراسانیؒ کی رحلت پر اظہارِ عقیدت کرتے ہوئے رسول اکرم (ص) کی حدیث مبارکہ «إِذَا مَاتَ الْعَالِمُ ثُلِمَ فِي الْإِسْلَامِ ثُلْمَةً لَا يَسُدُّهَا شَيْءٌ» کا حوالہ دیا اور کہا کہ کسی عالم کی رحلت سے اسلام میں ایسا علمی و دینی خلا پیدا ہوتا ہے جسے پُر کرنا آسان نہیں۔
انہوں نے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کی احیائے شعائر فاطمی اور عزاداریِ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے فروغ کے لیے خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی زندگی اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کے دفاع اور دینی شعائر کے احیاء کے لیے وقف رہی۔
مولانا نے اپنے علمی تجربے کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں تقریباً چھ سے سات سال تک آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کے دروس میں شرکت کا موقع ملا۔ آپ نے قواعدِ فقہیہ کے تحت قاعدۂ فراغ و تجاوز پر تقریباً تین سال تک تفصیلی بحث فرمائی۔
انہوں نے قاعدۂ ید کے ضمن میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے حقِ ملکیت اور واقعۂ فدک کے حوالے سے آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانیؒ کے فقہی استدلال کا ذکر کیا۔ ان کے مطابق قاعدۂ ید کے اصول کے تحت کسی مال پر کسی شخص کا قبضہ اس کی ملکیت کے حق میں معتبر دلیل ہے، جبکہ مدعی پر دلیل پیش کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ اس اصول کی روشنی میں انہوں نے فدک کے معاملے میں حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے موقف کی فقہی اہمیت واضح کی۔
ایران کے خلاف امریکی و اسرائیلی کارروائیوں کی مذمت
خطاب کے آخری حصے میں مولانا سید وصی حیدر رضوی نے حالاتِ حاضرہ پر گفتگو کرتے ہوئے ایران کے خلاف امریکہ اور اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کی مذمت کی۔ انہوں نے مذاکرات کے دوران حملے کے واقعے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام نے امریکہ کی پالیسی اور اس کے دعوؤں پر کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کے خلاف جنگ نے واضح کیا ہے کہ صرف دولت، جدید ٹیکنالوجی اور فوجی طاقت کامیابی کی ضمانت نہیں، بلکہ ایمان، عزم اور نظریاتی استقامت بھی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے ایران کی دفاعی ترقی کا ذکر کرتے ہوئے عراق کے ساتھ جنگ کے دور اور موجودہ دفاعی صلاحیتوں کا تقابل کیا اور اسے ایران کی ترقی اور استقامت کی علامت قرار دیا۔
مولانا نے امریکہ اور ایران کے درمیان اختلافات کو نظریاتی تناظر میں بیان کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعلیمات اور سیرتِ رسول اکرم (ص) کا حقیقی پیغام ظلم کے خلاف قیام، حق و انصاف کی حمایت اور مظلوموں کی مدد ہے۔ اسلام انسان کو ظلم کے سامنے سر تسلیم خم کرنے کے بجائے حق کے لیے کھڑے ہونے کا درس دیتا ہے۔
خطاب کے اختتام پر مولانا سید وصی حیدر رضوی نے ایامِ فاطمیہ اور مجالس و عزاداری میں شرکت کرنے والے مؤمنین کے لیے خیر و برکت اور رزق میں وسعت کی دعا کی۔ انہوں نے جمہوری اسلامی ایران کی کامیابی، ظالم طاقتوں کی نابودی اور حضرت امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور میں تعجیل کی دعا کرتے ہوئے مؤمنین کو امام زمانہؑ کے یاور و انصار میں شامل ہونے کی توفیق عطا فرمانے کی بارگاہِ خداوندی میں التجا کی۔










آپ کا تبصرہ