اتوار 22 نومبر 2026 - 22:17
حضرت ام البنین سلام الله علیہا: سیرت، قربانی اور عصرِ حاضر کی خواتین کے لیے عملی نمونہ

حوزہ/حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کا اصل نام فاطمہ بنت حزام بن خالد بن ربیعہ بن عامر بن کلاب تھا۔ آپ کا تعلق قبیلہ بنی کلاب سے تھا، جو عرب کے مشہور قبائل میں شمار ہوتا تھا اور شجاعت، بہادری اور وفاداری کے حوالے سے اپنی ممتاز شناخت رکھتا تھا۔

تحریر:محدثہ بتول

حوزہ نیوز ایجنسی|

مقدمہ

حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی حیاتِ مبارکہ تاریخِ اسلام کا ایک درخشاں باب ہے، جو وفاداری، ایثار، صبر، تربیت اور دینِ حق سے وابستگی کی بے مثال مثال پیش کرتی ہے۔ زیرِ نظر مقالے میں معتبر تاریخی مآخذ اور حوالہ جات کی روشنی میں آپ کی سیرت کا جائزہ لیا گیا ہے۔ آپ کی شخصیت محض حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کی والدہ ہونے تک محدود نہیں، بلکہ آپ ایک عظیم تربیت گاہ اور مکتبِ وفا کی حیثیت رکھتی ہیں۔ آپ کی زندگی میں ایک وفادار زوجہ، صاحبِ کردار ماں اور بیدار و باشعور مبلغہ کے اوصاف نمایاں نظر آتے ہیں، جو عصرِ حاضر کی خواتین کے لیے بھی بہترین عملی نمونہ ہیں۔

تعارف اور نسب

حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کا اصل نام فاطمہ بنت حزام بن خالد بن ربیعہ بن عامر بن کلاب تھا۔ آپ کا تعلق قبیلہ بنی کلاب سے تھا، جو عرب کے مشہور قبائل میں شمار ہوتا تھا اور شجاعت، بہادری اور وفاداری کے حوالے سے اپنی ممتاز شناخت رکھتا تھا۔

آپ کی کنیت ام البنین، یعنی بیٹوں کی ماں، تھی۔ آپ کو مادرِ عباس اور بانویِ صبر و وفا کے القاب سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔ آپ کا خاندان شجاعت اور دلیری میں غیر معمولی شہرت رکھتا تھا، یہی وجہ تھی کہ حضرت امیرالمؤمنین علی علیہ السلام نے اپنے لیے اسی خاندان کا انتخاب فرمایا۔

حضرت علی علیہ السلام سے عقد؛ ایک بصیرت مندانہ انتخاب

حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کے بعد حضرت امیرالمؤمنین علی علیہ السلام نے اپنے بھائی جناب عقیل سے، جو علم الانساب کے ماہر تھے، فرمایا کہ میرے لیے ایسے خاندان کا انتخاب کریں جو شجاعت اور بہادری میں ممتاز ہو، تاکہ اس خاندان سے ایک ایسا فرزند پیدا ہو جو مستقبل میں میرے فرزند حسین علیہ السلام کی نصرت و حمایت کرے۔(بحار الانوار، علامہ محمد باقر مجلسی، جلد 44، احوالِ ام البنین)

جناب عقیل نے قبیلہ بنی کلاب کا انتخاب کیا اور یوں حضرت فاطمہ بنت حزام سے حضرت علی علیہ السلام کا عقد ہوا۔ حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا نے اس گھرانے میں قدم رکھنے کے بعد کبھی حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے مقام و منزلت کی جگہ لینے کی کوشش نہیں کی، بلکہ امام حسن اور امام حسین علیہما السلام کے ساتھ نہایت محبت، احترام اور شفقت کا برتاؤ کیا اور خود کو ان کی خدمت گزار سمجھا۔

عصرِ حاضر کی خواتین کے لیے درس: ایک مثالی زوجہ کا کمال محض ازدواجی زندگی میں اپنے حقوق و مقام کا تحفظ نہیں، بلکہ شوہر کے جائز مقاصد اور دینی مشن میں اس کی معاون و شریک بننا بھی ہے۔ گھر کو مقابلے اور کشمکش کا میدان بنانے کے بجائے محبت، سکون اور باہمی احترام کا مرکز بنانا چاہیے۔ اسی طرح سوتیلے رشتوں میں حسد اور رقابت کے بجائے محبت، ایثار اور خدمت کو فروغ دینا چاہیے۔

اولاد اور تربیت کا عظیم مکتب

حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کے بطن سے چار فرزند پیدا ہوئے، جنہوں نے واقعۂ کربلا میں امام حسین علیہ السلام کی نصرت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

آپ کے چاروں فرزندوں کے اسمائے گرامی یہ ہیں:

1. حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام: علمدارِ کربلا، علمدارِ لشکرِ امام حسین علیہ السلام اور باب الحوائج۔

2. حضرت عبداللہ علیہ السلام: شہیدِ کربلا۔

3. حضرت جعفر علیہ السلام: شہیدِ کربلا۔

4. حضرت عثمان علیہ السلام: شہیدِ کربلا۔

(مقتل الحسین، خوارزمی، جلد 2؛ تنقیح المقال، مامقانی، جلد 3، ترجمہ فاطمہ بنت حزام)

حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی تربیت کا ایک نمایاں پہلو یہ تھا کہ آپ نے اپنی اولاد کو اہلِ بیت علیہم السلام کی محبت، اطاعت اور وفاداری کا درس دیا۔ بالخصوص حضرت عباس علیہ السلام کی تربیت میں امام حسین علیہ السلام کی نصرت اور حمایت کو بنیادی اہمیت حاصل تھی۔ آپ کی تربیت کا اثر میدانِ کربلا میں حضرت عباس علیہ السلام کے کردار سے نمایاں ہوتا ہے، جہاں آپ نے اپنی وفاداری، ایثار اور اطاعت کی لازوال مثال قائم کی۔

عصرِ حاضر کی ماؤں کے لیے درس: اولاد کی تربیت کا مقصد صرف اسے ڈاکٹر، انجینئر یا کسی دوسرے پیشے میں کامیاب بنانا نہیں ہونا چاہیے، بلکہ اس سے پہلے اسے باکردار، باحیا، بااخلاق اور دینی غیرت و حمیت کا حامل انسان بنانا ضروری ہے۔ آج کے دور میں بچوں کو محض موبائل فون، فیشن اور مادی ترقی کی دوڑ میں شامل کرنے کے بجائے نماز، دینی اقدار، احترامِ والدین اور انسانی شرافت کی تربیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

واقعۂ کربلا کے بعد؛ صبر کے ساتھ پیغامِ کربلا کی تبلیغ

واقعۂ کربلا کے بعد جب بشیر مدینہ پہنچے اور حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کو آپ کے چاروں فرزندوں کی شہادت کی خبر سنائی تو آپ نے اپنے بیٹوں کے بارے میں دریافت کرنے کے بجائے امام حسین علیہ السلام کے متعلق پوچھا۔ آپ کا سوال تھا کہ مجھے حسین علیہ السلام کے بارے میں بتاؤ۔ یہ طرزِ عمل آپ کی امام حسین علیہ السلام سے بے مثال عقیدت، وفاداری اور وابستگی کا مظہر تھا۔(بحار الانوار، علامہ محمد باقر مجلسی، جلد 45، واقعۂ خبررسانیِ بشیر در مدینہ)

جب آپ کو امام حسین علیہ السلام کی شہادت کی خبر ملی تو آپ نے فرمایا کہ کاش میرے چاروں بیٹے اور روئے زمین پر موجود ہر چیز امام حسین علیہ السلام پر قربان ہو جاتی اور آپ زندہ رہتے۔

امام حسین علیہ السلام کی شہادت کے بعد حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا روزانہ جنت البقیع تشریف لے جاتیں اور اپنے درد و غم کو اشعار اور مرثیوں کے ذریعے بیان کرتیں۔ آپ کے مرثیوں میں صرف ذاتی غم کا اظہار نہیں ہوتا تھا، بلکہ ان کے ذریعے واقعۂ کربلا اور مظلومیتِ امام حسین علیہ السلام کا پیغام بھی عام ہوتا تھا۔ آپ کا یہ عمل درحقیقت کربلا کے پیغام کو زندہ رکھنے اور لوگوں کے دلوں میں اہلِ بیت علیہم السلام کی محبت و مظلومیت اجاگر کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ تھا۔ اسی بنا پر آپ کو مدینہ کی ابتدائی نوحہ خوان خواتین میں شمار کیا جاتا ہے۔(بحار الانوار، جلد 45؛ منتهی الآمال، شیخ عباس قمی، جلد 1، احوالِ ام البنین)

عصرِ حاضر کی خواتین کے لیے درس: زندگی میں پیش آنے والی مشکلات اور مصائب کے مقابلے میں صبر، حوصلے اور حکمت سے کام لینا چاہیے۔ مشکلات کو باہمی اختلافات، شکایتوں، غیبت اور جھگڑوں کا ذریعہ بنانے کے بجائے انہیں مثبت کردار اور اصلاحِ معاشرہ کا وسیلہ بنانا چاہیے۔ حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی سیرت ہمیں سکھاتی ہے کہ انسان اپنے ذاتی غم کو بھی ایک بامقصد پیغام میں تبدیل کر سکتا ہے۔

وفات اور مدفن

حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی تاریخِ وفات 13 جمادی الثانی 64 ہجری بیان کی جاتی ہے۔ آپ کا مدفن مدینہ منورہ کے تاریخی قبرستان جنت البقیع میں ہے، جہاں ائمہ اہلِ بیت علیہم السلام کی قبور بھی موجود ہیں۔(تنقیح المقال، شیخ عبداللہ مامقانی، جلد 3)

نتیجہ

حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی حیاتِ مبارکہ عصرِ حاضر کی خواتین کے لیے تین بنیادی اور اہم اصولوں کا درس دیتی ہے:

1۔ وفاداری: ازدواجی زندگی میں وفاداری، ایثار اور شوہر کے جائز دینی و اخلاقی مقاصد میں معاونت کرنا۔

2۔ تربیت: اولاد کی ایسی دینی و اخلاقی تربیت کرنا کہ وہ حق، صداقت اور دین کی سربلندی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کا جذبہ رکھے۔

3۔ تبلیغ: مصائب اور مشکلات کو محض ذاتی غم تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں حق و حقیقت کے پیغام کی ترویج کا ذریعہ بنانا۔

حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی زندگی اس حقیقت کی گواہ ہے کہ ایک ماں کی تربیت نسلوں کی تقدیر بدل سکتی ہے۔ جس ماں کی آغوش میں حضرت ام البنین جیسا جذبۂ وفا اور ایثار پروان چڑھے، اس کی تربیت سے حضرت عباس علیہ السلام جیسی عظیم شخصیت جنم لیتی ہے۔

آج کی خواتین کو اپنی زندگی میں حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی سیرت کو مشعلِ راہ بنانے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ معاشرے کی اصلاح محض تقریروں اور دعوؤں سے ممکن نہیں، بلکہ اس کے لیے ایسی ماؤں کی ضرورت ہے جو اپنی اولاد کی تربیت ایمان، کردار، وفاداری اور قربانی کے جذبے کے ساتھ کریں۔

حوالہ جات

1. بحار الانوار، علامہ محمد باقر مجلسی، جلد 44 و 45۔

2. مقتل الحسین، خوارزمی، جلد 2۔

3. تنقیح المقال، شیخ عبداللہ مامقانی، جلد 3۔

4. منتهی الآمال، شیخ عباس قمی، جلد 1۔

5. ام البنین، سید عبدالرزاق مقرم۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha