پیر 23 نومبر 2026 - 21:47
ملی پلیٹ فارم کی تاسیس و تشکیل میں سید وزارت نقوی کا کردار اور انور علی آخونزادہ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں

حوزہ/ علامہ سید ساجد علی نقوی نے ملی پلیٹ فارم کے بانی رکن اور سابق سیکرٹری جنرل سید وزارت حسین نقوی ایڈووکیٹ کی دسویں اور سابق سیکرٹری جنرل انور علی آخونزادہ کی 26ویں برسی کے موقع پر جاری اپنے پیغام میں دونوں مرحوم رہنماؤں کی ملی، قومی اور سماجی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لواحقین، پسماندگان اور عقیدت مندوں سے تعزیت و تسلیت کا اظہار کیا اور مرحومین کی مغفرت و بلندی درجات کے لیے دعا کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: سید وزارت حسین نقوی ایڈووکیٹ نہ صرف تحریک پاکستان کے ممتاز رہنما اور گولڈ میڈلسٹ کی حیثیت سے معروف تھے بلکہ وہ ممتاز قانون دان اور سیاسی، سماجی و مذہبی رواداری کے علمبردار بھی تھے۔ انہیں ہر مکتبہ فکر میں احترام اور قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا۔

انہوں نے کہا: انور علی آخونزادہ جیسے معتدل مزاج، مخلص، متحرک اور محب وطن رہنما کی شہادت ایک بڑا سانحہ تھا، جسے کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ملی پلیٹ فارم کی تاسیس و تشکیل میں سید وزارت حسین نقوی کا بنیادی کردار ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، جبکہ ملی امور میں ان کی فعال شرکت اور خدمات بھی لائق تحسین و قدردانی ہیں۔

علامہ ساجد نقوی نے مزید کہا: سید وزارت حسین نقوی مرحوم نے قائد مرحوم علامہ مفتی جعفر حسین اور قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کے بعد ان کے ہمراہ بھی اپنی ملی و قومی ذمہ داریاں انجام دیں اور تحریک کے مختلف مراحل میں اہم کردار ادا کیا۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: ہماری پوری تاریخ قربانیوں سے عبارت ہے۔ ارضِ وطن کی داخلی سلامتی، قومی وحدت اور استحکام کے لیے بھی کئی دہائیوں سے قربانیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ان رہنماؤں کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرنے کا تقاضا ہے کہ ان کے افکار و مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے وطن عزیز میں وحدت و استحکام کے لیے جدوجہد جاری رکھی جائے۔

انہوں نے کہا: ملک میں محروم و مظلوم طبقات کو درپیش مسائل کے حل، انتہا پسندی کے خاتمے، طبقاتی تقسیم، بدعنوانی، بے راہ روی اور دیگر معاشرتی مسائل کے سدباب کے لیے بھرپور عزم اور جذبے کے ساتھ اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

علامہ ساجد نقوی نے انور علی آخونزادہ کی قومی و ملی خدمات کو سراہتے ہوئے ان کی مغفرت اور بلندی درجات کے لیے خصوصی دعا کی۔ انہوں نے مزید کہا: دور حاضر میں اسلامیان پاکستان کو اتحاد و وحدت کی جس قدر ضرورت ہے، ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ اس مقصد کے لیے باہمی اتحاد کو برقرار رکھنے اور اسے مضبوط بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہوں گے، کیونکہ ملک کی موجودہ داخلی صورت حال انتہائی تشویشناک ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha