پیر 23 نومبر 2026 - 23:40
علامہ طباطبائی(رہ) نے فلسفہ کو نئی زندگی دی اور تفسیر المیزان کی صورت میں عظیم علمی دائرۃ المعارف پیش کیا

حوزہ/ علامہ طباطبائی(رہ) نے فلسفے اور قرآنی علوم کے میدان میں گراں قدر خدمات انجام دیں۔ تفسیر المیزان محض ایک تفسیری کتاب نہیں بلکہ فلسفیانہ، سماجی، عرفانی اور منطقی مباحث کا جامع علمی ذخیرہ ہے، ڈاکٹر زاہد علی زاہدی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ڈاکٹر زاہد علی زاہدی نے مرکز پژوهشی نمائندگی پاکستان کے زیرِ اہتمام علامہ محمد حسین طباطبائی (رہ) کے افکار و نظریات پر علمی و تحقیقی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلمانوں کے علمی و فکری ورثے، فلسفے کے ارتقا، تصوف کے اثرات اور علامہ طباطبائی(رہ) کی فلسفیانہ و تفسیری خدمات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا: مسلمانوں نے تاریخ کے مختلف ادوار میں علم و دانش کے میدان میں نمایاں کارنامے انجام دیے ہیں۔ اس امت میں بڑے بڑے فلسفی، ریاضی دان اور علمی شخصیات پیدا ہوئیں، تاہم بعد کے ادوار میں فلسفے کے میدان میں الحادی افکار نے جنم لیا اور فکری انتشار میں اضافہ ہوا۔ اس دوران بعض حلقوں نے فلسفہ، منطق اور علمِ کلام جیسے علوم کو ایک دوسرے سے الگ کرکے پیش کیا، جبکہ فلسفیانہ مباحث سے وابستہ اہلِ علم کو مخالفت اور مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑا۔

ڈاکٹر زاہدی نے مسلمانوں میں تصوف کے فروغ کا ذکر کرتے ہوئے کہا: اس دور میں خانقاہی نظام اور صوفیانہ سلسلوں کے ذریعے تصوف کو تقویت ملی، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ اس رجحان میں بعض انحرافات اور خرافات بھی شامل ہوگئیں، جن کے نتیجے میں اصل دینی تعلیمات سے توجہ ہٹنے لگی۔ ایسے حالات میں ائمہ اہلِ بیت علیہم السلام نے فکری اور اعتقادی رہنمائی فرمائی اور ایسے شاگردوں کی تربیت کی جو انحرافی افکار کا علمی انداز میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت رکھتے تھے۔

انہوں نے اس فکری و علمی زوال کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ علامہ اقبال نے بھی اپنے اشعار میں امت کی علمی و فکری پسماندگی پر تنقید کی ہے۔

فلسفے کے حوالے سے مکتبِ تشیع میں پائے جانے والے بعض تاریخی رویّوں کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر زاہدی نے کہا: ایک دور ایسا بھی تھا جب فلسفے کو ناپسندیدہ بلکہ مردود علم سمجھا جاتا تھا۔ اس سلسلے میں انہوں نے امام خمینی(رہ) کے زمانۂ تحصیلِ نجف کا ایک واقعہ بیان کیا کہ ایک طالب علم نے امام خمینی(رہ) کے استعمال کردہ گلاس میں موجود پانی پینے کی کوشش کی تو دوسرے طالب علم نے اسے منع کرتے ہوئے کہا کہ پہلے گلاس کو پاک کرو، کیونکہ اس گلاس کو استعمال کرنے والے شخص کے والد فلسفے کے استاد ہیں۔ اس واقعے سے اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ اس زمانے میں فلسفے کے بارے میں کس قدر منفی سوچ پائی جاتی تھی۔

علامہ طباطبائی(رہ) نے فلسفہ کو نئی زندگی دی اور تفسیر المیزان کی صورت میں عظیم علمی دائرۃ المعارف پیش کیا

انہوں نے مزید کہا: ایسے فکری ماحول میں علامہ طباطبائی(رہ) نے فلسفے کو دوبارہ زندہ کرنے اور اس کی ترویج و اشاعت کے لیے غیر معمولی خدمات انجام دیں۔ آپ نے ایسے ممتاز شاگردوں کی تربیت کی جنہوں نے فلسفیانہ افکار کو آگے بڑھایا اور اس علمی روایت کو زندہ رکھا۔ شہید آیت اللہ مطہری(رہ) بھی آپ کے انہی ممتاز شاگردوں میں شامل ہیں، جنہوں نے فلسفے کے میدان میں گراں قدر علمی خدمات انجام دیں۔

ڈاکٹر زاہد علی زاہدی نے علامہ طباطبائی(رہ) کی علمی شخصیت کے حوالے سے کہا: اگر علامہ طباطبائی(رہ) نے تفسیر المیزان تصنیف نہ کی ہوتی تو شاید آج انہیں بنیادی طور پر ایک عظیم فلسفی کی حیثیت سے یاد کیا جاتا، لیکن تفسیر المیزان نے ان کی علمی شخصیت کو ایک نئے اور وسیع تر تعارف سے روشناس کرایا اور انہیں عالمِ اسلام کی ممتاز تفسیری شخصیات میں نمایاں مقام عطا کیا۔

انہوں نے تفسیر المیزان کی جامعیت بیان کرتے ہوئے کہا: یہ محض ایک تفسیری کتاب نہیں بلکہ ایک عظیم علمی دائرۃ المعارف کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس میں قرآن کی تفسیر قرآن کے ذریعے، احادیث و روایات کی روشنی میں اور فلسفیانہ، سماجی، عرفانی اور منطقی زاویوں سے مختلف علمی و فکری مباحث پیش کیے گئے ہیں۔ اس اعتبار سے علامہ طباطبائی(رہ) نے تفسیر المیزان کی صورت میں ایسا عظیم علمی سرمایہ فراہم کیا ہے جو متعدد علمی شعبوں کا احاطہ کرتا ہے۔

ڈاکٹر زاہدی نے اس موقع پر آیت اللہ العظمیٰ سید ابوالقاسم خوئی(رہ) کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ جب انہوں نے تفسیر لکھنے کا ارادہ کیا تو انہیں اطلاع دی گئی کہ علامہ طباطبائی(رہ) بھی تفسیر المیزان کی تالیف میں مصروف ہیں۔ بعد ازاں جب انہوں نے تفسیر المیزان کا مطالعہ کیا تو اس کی علمی عظمت اور جامعیت سے اس قدر متاثر ہوئے کہ اسے ایک شاہکار قرار دیا اور مزید تفسیری کام کی ضرورت محسوس نہیں کی۔

انہوں نے مزید کہا: آیت اللہ خوئی(رہ) نے بعد ازاں علمِ رجال کے میدان میں نمایاں خدمات انجام دیں اور ان کی معروف تصنیف معجم رجال الحدیث اس شعبے میں ایک اہم علمی سرمایہ ہے۔ تاہم انہوں نے تفسیر کے مقدمے میں بھی نہایت عمدہ اور گراں قدر علمی مباحث پیش کیے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha