حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، علامہ علی نقی ہاشمی نے مرکز پژوهشی نمائندگی پاکستان کے زیرِ اہتمام علامہ محمد حسین طباطبائی (رہ) کے افکار و نظریات پر علمی و تحقیقی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ طباطبائی(رہ) کی فلسفیانہ، عرفانی اور تربیتی خدمات پر روشنی ڈالی اور ان کے علمی و فکری منہج کے مختلف پہلوؤں کو بیان کیا۔
انہوں نے کہا: ماضی میں فلسفہ کو ایک ناپسندیدہ علم سمجھا جاتا تھا۔ جب قم میں فلسفے کی تدریس کا آغاز ہوا تو نجف کی جانب سے بھی اس حوالے سے شدید اعتراضات اور دباؤ سامنے آئے۔ بعض حلقوں کا خیال تھا کہ فلسفہ ایک پیچیدہ علم ہے اور اس کے ذریعے فکری انحراف کا امکان زیادہ ہے۔ ایسے ماحول میں علامہ محمد حسین طباطبائی(رہ) نے اپنی علمی و فکری جدوجہد سے فلسفے کو نئی زندگی عطا کی اور ایک منفرد علمی مقام حاصل کیا۔ آپ کے شاگردوں میں آیت اللہ جوادی آملی، آیت اللہ حسن زادہ آملی اور شہید مطہری(رہ) جیسی ممتاز علمی شخصیات شامل ہیں۔
علامہ ہاشمی نے علامہ طباطبائی(رہ) کی عرفانی و تربیتی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے حسن خمینی کے ایک بیان کا حوالہ دیا اور کہا: ان سے سوال کیا گیا کہ عرفان کیا ہے اور امام خمینی(رہ) کا عرفان کیا تھا؟ انہوں نے جواب دیا کہ ایران کا اسلامی انقلاب بھی امام خمینی(رہ) کے عرفان کا ایک مظہر ہے۔ عرفان میں انسان اللہ تعالیٰ کی معرفت اور قرب حاصل کرنے کے لیے مختلف روحانی مراحل طے کرتا ہے، لیکن امام خمینی(رہ) کا عرفان محض انفرادی اور ذاتی روحانی ترقی تک محدود نہیں تھا بلکہ وہ پورے معاشرے کو اللہ تعالیٰ کی معرفت اور قرب کی منزل تک پہنچانا چاہتے تھے۔ یہی ان کے عرفان کی نمایاں خصوصیت تھی۔

انہوں نے مزید کہا: علامہ طباطبائی(رہ) اس بات پر زور دیتے تھے کہ روحانی اور عرفانی ترقی کے لیے محض ظاہری دعوے کافی نہیں، بلکہ انسان کو اپنی عقل و فکر کو بھی بیدار اور فعال رکھنا چاہیے۔ ان کے نزدیک برہان، منطقی استدلال اور عقلی دلائل کے ذریعے عقل کو حرکت میں لانا ضروری ہے۔ عقلی و علمی مباحث سے گہری آشنائی کے بغیر عرفان کے حقیقی مفاہیم تک رسائی ممکن نہیں۔ اسی طرح اللہ تعالیٰ پر کامل یقین، تقویٰ اور توکل اختیار کرنا بھی ضروری ہے، کیونکہ اللہ تعالیٰ ایسے انسان کے لیے اپنی مدد اور عطا کے راستے کھول دیتا ہے۔
علامہ علی نقی ہاشمی نے علامہ طباطبائی(رہ) کے علمی مزاج اور تواضع کا ذکر کرتے ہوئے کہا: آپ کے شاگردوں کے مطابق علامہ طباطبائی(رہ) عموماً غیر ضروری گفتگو سے گریز کرتے تھے اور ملاقات کے دوران زیادہ تر حال احوال دریافت کرتے تھے۔ اگر کوئی علمی سوال کیا جاتا تو اکثر فرماتے: ’’میں نہیں جانتا، ان شاء اللہ مطالعہ کرکے آپ کو بتاؤں گا۔‘‘ ان کا یہ طرزِ عمل علمی تواضع، احتیاط اور تحقیق پسندی کی روشن مثال تھا۔
انہوں نے علامہ طباطبائی(رہ) کی تعلیمات میں تزکیۂ نفس اور باطنی انقلاب کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا: آپ انسان کی روحانی تربیت اور نفس کی اصلاح کو خصوصی اہمیت دیتے تھے۔ ایک مرتبہ ایک نوجوان نے آپ کو خط لکھ کر عملی تربیت کے لیے کوئی دستور اور رہنمائی طلب کی۔ علامہ طباطبائی(رہ) نے اپنے جواب میں تزکیۂ نفس اور نفس کے ساتھ جدوجہد کی اہمیت واضح کرتے ہوئے بتایا کہ جب انسان اس راستے پر قدم اٹھاتا ہے تو اس کی روحانی استعداد میں اضافہ ہوتا ہے، حقائق کے نئے پہلو اس پر منکشف ہوتے ہیں اور معرفت کے نئے دروازے کھلتے ہیں۔
خطاب کے اختتام پر علامہ ہاشمی نے تزکیۂ نفس اور روحانی تربیت کے حوالے سے علامہ طباطبائی(رہ) کی عملی ہدایات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ خاموشی اختیار کرنے، کم کھانے، سحر کے وقت بیدار ہونے، نمازِ فجر کی پابندی اور ذکر و عبادت میں اضافے کی تاکید فرماتے تھے۔ یہ امور انسان کی باطنی اصلاح، روحانی استعداد اور معرفتِ الٰہی کے حصول میں بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔










آپ کا تبصرہ