منگل 24 نومبر 2026 - 20:48
ملیح آباد میں" نوجوان نسل کی تربیت، چیلنجز اور لائحۂ عمل" پر نشست کا انعقاد

حوزہ/ملیح آباد میں ’’نوجوان نسل کی تربیت، چیلنجز اور لائحۂ عمل‘‘ کے عنوان سے ایک اہم نشست ناظمِ جامعہ سید یوسف حسینی ندوی کے زیر صدارت منعقد ہوئی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ملیح آباد میں ’’نوجوان نسل کی تربیت، چیلنجز اور لائحۂ عمل‘‘ کے عنوان سے ایک اہم نشست منعقد ہوئی۔ جس کا آغاز شاہین گلوبل اکیڈمی کے طالب علم اقدس عبداللہ کی تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔

اس موقع پر جناب فخر الاسلام نے ڈاکٹر عبد القدیر کی 45 سالہ تعلیمی و تربیتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے تئیں اظہارِ تشکر کیا۔

ناظم جامعہ مولوی سید یوسف حسینی ندوی کی صدارت میں" نوجوان نسل کی تربیت: چیلنجز اور لائحۂ عمل" پر اہم پروگرام

ناظمِ جامعہ سید یوسف حسینی ندوی نے ڈاکٹر عبد القدیر کی شخصیت کو سراہتے ہوئے ان کی عمر میں برکت کی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں اور مستقبل کی منصوبہ بندی و واضح لائحۂ عمل ہی قوموں کی ترقی و سربلندی کی ضمانت ہے۔

طلبہ کی ذہنی و فکری نشوونما پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دورِ شباب میں جسمانی قوت کے ساتھ ذہنی و دماغی صلاحیتیں بھی پروان چڑھتی ہیں، اس لیے اس مرحلے میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کو صحیح سمت دینا نہایت ضروری ہے۔

انہوں نے ڈاکٹر عبد القدیر کی اخلاقی بلندی، عزم و حوصلے اور عملی جدوجہد کو ان کی مقبولیت کا بنیادی سبب قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج مختلف اداروں اور مقامات سے انہیں مدعو کیا جا رہا ہے۔

طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ بھی عزم و محنت اور مسلسل جدوجہد کے ذریعے ڈاکٹر صاحب سے آگے بڑھنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

سید یوسف حسینی ندوی نے مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مستقبل میں اصل قیادت و سیادت دینی، مذہبی اور اخلاقی اقدار کے حامل افراد کے حصے میں آئے گی۔ اس لیے طلبہ کو ٹیکنالوجی سمیت عصری علوم میں مہارت حاصل کرنے کے ساتھ دینی و اخلاقی تعلیمات میں بھی امتیاز پیدا کرنا چاہیے اور مسلسل محنت و جدوجہد کو اپنا شعار بنانا چاہیے۔

ناظم جامعہ مولوی سید یوسف حسینی ندوی کی صدارت میں" نوجوان نسل کی تربیت: چیلنجز اور لائحۂ عمل" پر اہم پروگرام

ڈاکٹر عبد القدیر نے ناظم جامعہ سید یوسف حسینی ندوی، اساتذۂ کرام اور طلبہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جامعہ کی تعلیمی و تربیتی ترقی پر مسرت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’’نسل ہی اصل سرمایہ ہے‘‘، نوجوان اگر دوسروں کو دینے اور معاشرے کی تعمیر میں کردار ادا کرنے کا جذبہ پیدا کرلیں تو عالمی سطح پر ان کا وقار بلند ہوگا۔

انہوں نے طلبہ کو والدین کا شکر گزار رہنے اور جامعہ کے پاکیزہ علمی و تربیتی ماحول کی قدر کرنے کی تلقین کی۔

موبائل فون کے بڑھتے ہوئے استعمال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل روزانہ کئی گھنٹے موبائل کی نذر کر رہی ہے، جب کہ جامعہ کے شعبۂ شاہین میں طلبہ کو اس مصروفیت سے محفوظ رہ کر تعلیم و تربیت کے قیمتی مواقع میسر آئے ہیں۔

انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ ان مواقع سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے حصولِ علم اور مطالعے کو اپنا معمول بنائیں۔

ڈاکٹر عبد القدیر نے طلبہ کو جامعہ کا قیمتی سرمایہ قرار دیتے ہوئے کیمپس میں محبت و اخوت کی فضا برقرار رکھنے اور ہاسٹل کے منفی اثرات سے بچنے کی تلقین کی۔

انہوں نے وقت کے ضیاع سے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ بے مقصد گفتگو اور غیر ضروری میل جول میں صرف ہونے والا وقت دراصل زندگی کا قیمتی سرمایہ ضائع کرنے کے مترادف ہے؛ اس لیے طلبہ اپنی تمام تر توجہ تعلیم، مطالعے اور تعمیری سرگرمیوں پر مرکوز رکھیں۔

ناظم جامعہ مولوی سید یوسف حسینی ندوی کی صدارت میں" نوجوان نسل کی تربیت: چیلنجز اور لائحۂ عمل" پر اہم پروگرام

ڈاکٹر عبد القدیر نے طلبہ کو اصلاحِ معاشرہ کی ذمہ داریوں کا احساس دلاتے ہوئے امر بالمعروف و نہی عن المنکر کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ برائی کو حسبِ استطاعت ہاتھ یا زبان سے روکنا، کم از کم دل سے برا سمجھنا ایمان کا تقاضا ہے۔

انہوں نے طلبہ کو موبائل کے بے جا استعمال کی روک تھام، حلال روزی کے حصول اور زکوٰۃ کی ادائیگی کا جذبہ پیدا کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر اور انجینئر بننے کے ساتھ داعیِ دین بننا بھی ضروری ہے۔

ادارے کی تعمیر میں صرف ہونے والی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نسلِ نو کی مسلسل تربیت اور صحیح رہنمائی ہی اسے باصلاحیت بنا سکتی ہے۔ بغیر تعلیم و تربیت کے محض اسناد تقسیم کرنے کے رجحان کو قومی مستقبل کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے طلبہ کو شارٹ کٹ اور آرام طلبی کے بجائے محنت و جدوجہد کا راستہ اپنانے کی تلقین کی۔

انہوں نے معاشرے میں نفرت کے بڑھتے رجحان کے مقابلے میں محبت، اخوت اور بھائی چارے کو فروغ دینے اور ایسے ادارے قائم کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو محبت و رواداری کے علم بردار ہوں۔

جامعہ کی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے ڈاکٹر عبد القدیر نے جناب سید سلمان حسینی ندوی کی قربانیوں، اخلاص اور دلسوزی کو خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ جناب سلمان ندوی نے جس عزم و اخلاص سے اس علمی و تربیتی مشن کا آغاز کیا تھا، آج اس کے ثمرات نمایاں ہو رہے ہیں اور ان کی کاوشیں بڑے پیمانے پر برگ و بار لا رہی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ میں تعلیمی سہولیات کے فروغ اور طلبہ کو زیادہ سے زیادہ مستفید کرنے کے لیے مزید امکانات کا جائزہ لیا جائے گا اور ناظمِ جامعہ ڈاکٹر مولوی سید یوسف حسینی صاحب کی سرپرستی میں اس سلسلے میں مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

تعلیمی ترجیحات پر زور دیتے ہوئے ڈاکٹر عبد القدیر نے کہا کہ ہمارا ہدف محض امتحان میں کامیابی یا اسناد کا حصول نہیں، بلکہ طلبہ کو حقیقی معنوں میں باصلاحیت بنانا ہونا چاہیے۔ رٹنے کے بجائے فہم و ادراک اور عملی قابلیت کو پروان چڑھانا اصل مقصد ہے۔ جامعہ کے طلبہ کو مضامین سے شغف اور دلچسپی کے ساتھ وابستہ دیکھ کر انہوں نے مسرت کا اظہار کیا۔

انہوں نے اساتذہ کی تربیت، طلبہ کے طبی معائنے اور حفظانِ صحت کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کے اقدامات کا بھی اعلان کیا۔ طلبہ کو والدین، بالخصوص والدہ سے بے تکلفانہ گفتگو، اپنے مسائل کے اظہار اور ان سے دعائیں لینے کی تلقین کرتے ہوئے کہا کہ والدین سے مضبوط تعلق اور ان کی دعائیں زندگی کے بڑے مسائل کے حل کا ذریعہ بنتی ہیں۔

ناظم جامعہ مولوی سید یوسف حسینی ندوی کی صدارت میں" نوجوان نسل کی تربیت: چیلنجز اور لائحۂ عمل" پر اہم پروگرام

انہوں نے طلبہ کو کھانے کا ایک دانہ بھی ضائع نہ کرنے، اپنی اخلاقی کمزوریوں کی انفرادی طور پر اصلاح کرنے اور مستقبل میں اپنے خاندان، گاؤں اور سماج سے باہمی اختلافات و نفرت کے خاتمے کا عزم کرنے کی تلقین کی۔

جامعہ کے مستقبل سے متعلق اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کی تمنا ہے کہ اس ادارے میں پانچ ہزار طلبہ زیرِ تعلیم ہوں۔ انہوں نے ناظمِ جامعہ ڈاکٹر مولانا سید یوسف حسینی صاحب کا شکریہ ادا کیا اور طلبہ کو اپنی منزل متعین کرکے مسلسل محنت و جدوجہد کے ذریعے اسے حاصل کرنے کا پیغام دیا۔

اس موقع پر پروفیسر ارشد علی، مولوی ثنا اللہ ندوی صاحب، پروفیسر عقیل احمد، مولوی نفیس ندوی، مسٹر اسلم نور، فخر الاسلام فلاحی اور دیگر حضرات بھی مشارکین نشست کو خطاب کرنے کے لیے موجود رہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha