حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین عبدالمجید حکیم الٰہی نے ایامِ فاطمیہ کے موقع پر مختلف مقامات پر خطاب کرتے ہوئے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے بلند روحانی مقام، عصمت و طہارت، معرفتِ الٰہی، عبادت، اخلاص، ایثار اور سماجی ذمہ داری کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شخصیت کو محض ایک تاریخی واقعے یا جذباتی وابستگی کے تناظر میں نہیں دیکھا جا سکتا، بلکہ آپؑ انسانی کمال، بندگی، پاکیزگی اور قربِ الٰہی کی ایک بے مثال اور کامل مثال ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اسلامی فلسفے اور عرفان کی روشنی میں انسان کی حقیقی عظمت کا معیار اس کا ظاہری مقام، جسمانی خصوصیات یا خاندانی نسبت نہیں، بلکہ اس کا علمی، اخلاقی اور روحانی مرتبہ ہے۔ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے معرفت، طہارت اور عبودیت کے ایسے بلند مراتب حاصل کیے جو انسانی کمال کی اعلیٰ ترین منزلوں کی عکاسی کرتے ہیں۔
حجۃ الاسلام حکیم الٰہی نے آیتِ تطہیر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اہل بیت علیہم السلام کی طہارت محض ظاہری پاکیزگی یا گناہوں سے دور رہنے تک محدود نہیں، بلکہ یہ ایک عظیم روحانی مقام ہے، جہاں انسان کا علم، ارادہ اور محبت مکمل طور پر رضائے الٰہی کے تابع ہو جاتے ہیں۔ مقامِ عصمت بھی اسی بلند معرفت اور بارگاہِ الٰہی میں مسلسل احساسِ حضوری کا نتیجہ ہے۔
انہوں نے مقامِ انسانِ کامل کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ روحانی کمال کا تعلق مرد یا عورت ہونے سے نہیں، بلکہ معرفت، بندگی اور قربِ خداوندی سے ہے۔ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا اس حقیقت کی روشن دلیل ہیں کہ خواتین بھی معرفت و معنویت کے اعلیٰ ترین مراتب تک پہنچ سکتی ہیں۔ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا یہ فرمان کہ فاطمہ میرا ٹکڑا ہیں اور جس نے انہیں ناراض کیا، اس نے مجھے ناراض کیا، آپؑ کی عظمت اور بلند منزلت کو نمایاں کرتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی زندگی اخلاص، فداکاری اور ایثار کا بے مثال نمونہ ہے۔ سورۂ انسان کی آیات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اہل بیت علیہم السلام نے ضرورت مندوں کو کھانا کھلایا، لیکن اس کے بدلے نہ کسی صلے کے طلب گار ہوئے اور نہ کسی شکریے کے خواہاں۔ ان کا مقصد صرف رضائے الٰہی تھا۔ یہی حقیقی اخلاص ہے کہ انسان نیکی کرتے ہوئے تعریف، شہرت اور ستائش کی خواہش سے بھی بے نیاز ہو جائے۔
حجۃ الاسلام حکیم الٰہی کے مطابق، حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی روحانیت صرف عبادت اور گوشہ نشینی تک محدود نہیں تھی، بلکہ آپؑ کی زندگی میں عبادت کے ساتھ خدمتِ خلق، معنویت کے ساتھ سماجی ذمہ داری اور بندگی کے ساتھ دفاعِ حق بھی نمایاں طور پر جلوہ گر تھا۔ آپؑ کی سیرت ہمیں سکھاتی ہے کہ حقیقی عرفان انسان کو خود غرضی سے نکال کر عدل، حق اور انسانیت کی خدمت کے لیے آمادہ کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ علم اور معنویت اسی وقت حقیقی کمال سے ہمکنار ہوتے ہیں جب ان کے اثرات انسان کے کردار اور اجتماعی زندگی میں نمایاں ہوں۔ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے اپنے عمل اور کردار سے ثابت کیا کہ حق کی حمایت اور ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا بھی بندگیِ خدا کا اہم حصہ ہے۔ لہٰذا آپؑ کی عزاداری کا حقیقی تقاضا یہ ہے کہ ہم آپؑ کی تعلیمات کو اپنی عملی زندگی میں جگہ دیں اور معرفت، اخلاق، عدل، انسانی وقار اور سماجی ذمہ داری کو فروغ دیں۔
خطاب کے اختتام پر انہوں نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت اور شہادت کا ذکر کرتے ہوئے امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کے ان دردناک کلمات کو یاد کیا جو آپؑ نے حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی تدفین کے موقع پر رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خطاب کرتے ہوئے ادا کیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت علی علیہ السلام جیسی عظیم، شجاع اور صابر شخصیت کا فراقِ فاطمہ میں اس قدر رنجیدہ ہونا اس عظیم صدمے کی گہرائی اور حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کی مظلومیت کی شدت کو آشکار کرتا ہے۔










آپ کا تبصرہ