بدھ 25 نومبر 2026 - 07:08
حوزاتِ علمیہ کا کردار صرف تدریس تک محدود نہیں بلکہ اسے معاشرے میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے

آیت اللہ اعرافی:

حوزاتِ علمیہ کا کردار صرف تدریس تک محدود نہیں بلکہ اسے معاشرے میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے

ایرانی قوم نے کسی بیرونی طاقت کی حمایت کے بغیر اپنے ایمان، ارادے، اتحاد اور داخلی صلاحیتوں کے سہارے دباؤ اور دھمکیوں اور پابندیوں کا مقابلہ کیا

حوزہ / حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے کہا: ایرانی قوم اور اسلامی انقلاب تاریخ کے ایک فیصلہ کن مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ حالیہ ایک سال کے دوران ایرانی قوم کی مقاومت عالمی سطح پر ایک غیر معمولی واقعہ کی حیثیت رکھتی ہے، جس کے سیاسی اور تاریخی اثرات کا جائزہ لینا ضروری ہے۔ اس مقاومت نے دنیا کے مختلف ممالک میں عوام، دانشوروں اور اہم شخصیات کی توجہ حاصل کی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ علی رضا اعرافی نے کاشان میں حوزہ علمیہ کے سابق مدیر کی تکریم و خراج تحسین اور نئے مدیر کی تعارفی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا: ایرانی قوم نے حالیہ جنگ اور ملک کے حساس حالات میں اپنی بصیرت، دینی وابستگی اور قیادت سے وفاداری کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ عوام کی مسلح افواج اور رہبر معظم انقلاب اسلامی کی مکمل حمایت قومی اتحاد اور اسلامی اقدار سے وابستگی کی نمایاں مثال ہے۔

انہوں نے ہفتہ بسیج کی مناسبت سے بسیج کو اسلامی انقلاب کا ایک عظیم سرمایہ قرار دیا اور کہا: یہ ادارہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے بلند افکار سے وابستہ ہے اور گزشتہ برسوں میں ملک کے لیے بے شمار خدمات انجام دے چکا ہے۔

آیت اللہ اعرافی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت اور یومِ خواتین کی مناسبت سے خطاب کے ایک حصہ میں خطبہ فدکیہ کے معارف بیان کرتے ہوئے کہا: یہ خطبہ اہل بیت علیہم السلام کے علمی و فکری مکتب کا ایک عظیم نمونہ ہے، جس میں بلند الٰہی معارف اور انسانی ذمہ داریوں کو واضح کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا: خداوند متعال کی نعمتیں پوری کائنات اور انسانی وجود پر محیط ہیں۔ انسان کا وجود، زندگی، صلاحیتیں اور تمام امکانات اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم کا نتیجہ ہیں۔ یہ نعمتیں ایک دوسرے سے مربوط اور مسلسل سلسلے کی صورت میں انسان کو عطا کی گئی ہیں، جن کا مکمل شمار کرنا اور ان کا حقِ شکر ادا کرنا انسانی طاقت سے باہر ہے۔

مدیر حوزہ علمیہ نے کہا: حقیقی شکرگزاری محض زبان سے اظہارِ تشکر کا نام نہیں بلکہ ایک ایسی روحانی کیفیت ہے جو انسان کی شخصیت اور کردار کا حصہ بن جاتی ہے۔ علم، صلاحیت اور وسائل جیسی نعمتوں کا حقیقی شکر یہ ہے کہ انہیں دوسروں کی خدمت، فکری رہنمائی اور معاشرتی اصلاح کے لیے استعمال کیا جائے۔

حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا مسلم خواتین کے لیے جامع نمونہ ہیں

حوزہ علمیہ کے سربراہ نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کو مسلمان خواتین کے لیے جامع نمونہ قرار دیتے ہوئے کہا: آپ سلام اللہ علیہا کی ذات میں عفت، معنویت، بندگی، علم و معرفت، سماجی ذمہ داری اور حق کے دفاع جیسے تمام اوصاف یکجا ہیں۔ آپ سلام اللہ علیہا نے اعلیٰ روحانی مقام کے باوجود معاشرے کے بنیادی مسائل میں ذمہ دارانہ کردار ادا کیا اور اپنے مستدل و بصیرت افروز خطاب کے ذریعہ حق کی ترجمانی فرمائی۔

انہوں نے کہا: اسلامی معاشرے کی ذمہ داری ہے کہ وہ سیرتِ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا پر مبنی مسلم خاتون کے اس جامع تصور کو منطق، استدلال اور عملی نمونے کے ذریعہ دنیا کے سامنے پیش کرے۔

حوزاتِ علمیہ کا کردار صرف تدریس تک محدود نہیں ہونا چاہیے

آیت اللہ اعرافی نے علماء و روحانیت اور حوزاتِ علمیہ کی سماجی و سیاسی ذمہ داریوں پر زور دیتے ہوئے کہا: امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ نے ہمیشہ اس فکر سے خبردار کیا جو دین اور سیاست کو جدا کرنے اور حوزاتِ علمیہ کو معاشرتی مسائل سے الگ رکھنے کی کوشش کرتی ہے۔

انہوں نے کہا: حوزہ علمیہ کا کام صرف کلاسوں، دروس اور انفرادی علمی سرگرمیوں تک محدود نہیں بلکہ اسے معاشرے میں عدل و انصاف، دین، اخلاق اور الٰہی اقدار کے تحفظ کے لیے فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔

حوزہ علمیہ کے مدیر نے کاشان کی علمی و دینی تاریخ کا ذکر کرتے ہوئے کہا: اس خطے کے عوام نے تاریخی طور پر اہل بیت علیہم السلام کی تعلیمات کو شعوری طور پر قبول کیا اور اسلامی علوم و معارف کی ترویج میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ خاندان نراقی سمیت اس علاقے کے متعدد بزرگ علماء کی علمی میراث اس کی روشن مثال ہے۔

انہوں نے نئے مدیر اور حوزہ علمیہ کاشان کے ذمہ داران پر زور دیا کہ وہ اس ادارے کو صرف علاقائی سطح تک محدود نہ رکھیں بلکہ اسے قومی اور بین الاقوامی سطح پر علمی و تحقیقی کردار ادا کرنے کے قابل بنائیں۔ اس مقصد کے لیے ممتاز علماء کی تربیت، گہری تحقیق، تخصصی علوم کی ترویج اور معاشرے کے جدید فکری و علمی مسائل کا جواب دینا ضروری ہے۔

فقہِ معاصر اور مصنوعی ذہانت (AI)جیسے جدید موضوعات پر تحقیق ضروری ہے

آیت اللہ اعرافی نے کہا: حوزاتِ علمیہ کو فقہِ طب، جدید فقہی مسائل اور مصنوعی ذہانت (AI)جیسے نئے موضوعات پر فقہی، قانونی، اخلاقی اور معرفتی تحقیق کو فروغ دینا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ برسوں میں ان شعبوں میں متعدد تحقیقی کام اور کتابیں شائع ہوئی ہیں اور تقریباً 20 صوبوں میں تخصصی علمی پروگرام جاری ہیں۔

انہوں نے حوزہ اور یونیورسٹی کے درمیان علمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ جدید معاشرتی سوالات اور علمی چیلنجز کا مستند اور اجتہادی بنیادوں پر جواب دیا جا سکے۔

قومی اتحاد اور مقاومت کے جذبے کا تحفظ ضروری ہے

آیت اللہ اعرافی نے ایک بار پھر حالیہ ایک سال کے دوران ایرانی قوم کی مقاومت کو عالمی حساب و کتاب میں ایک غیر معمولی واقعہ قرار دیتے ہوئے کہا: ایرانی قوم نے کسی بیرونی طاقت کی حمایت کے بغیر اپنے ایمان، ارادے، اتحاد اور داخلی صلاحیتوں کے سہارے دباؤ اور دھمکیوں اور پابندیوں کا مقابلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا: حالیہ مقاومت کے نتیجے میں ایک طرف امریکہ اور استکباری قوتوں کی ایران سے دشمنی میں اضافہ ہوا ہے تو دوسری طرف دنیا کے مختلف ممالک میں عوام، دانشوروں اور اہم شخصیات کے درمیان اسلامی انقلاب اور ایرانی قوم کی استقامت کے حوالے سے دلچسپی بڑھی ہے۔

مدیر حوزہ علمیہ نے مزید کہا: جنگ کے دوران عوامی یکجہتی اور قومی ہم آہنگی ایک قیمتی سرمایہ ہے، جسے موجودہ حالات میں بھی برقرار رکھنا ضروری ہے۔ اس مقصد کے لیے عوام، حکام، نمائندوں اور تمام قومی اداروں کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔

آیت اللہ اعرافی نے کاشان کے عوام کی حالیہ جنگ کے دوران مسلسل موجودگی اور ملک و نظام کی حمایت کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ایرانی قوم کو حق و مقاومت کے راستے پر ثابت قدم رکھے اور ملک کی عزت، سلامتی، ترقی اور اسلامی انقلاب کی سربلندی میں سب کو کامیاب فرمائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha