حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صوبہ ہمدان میں نمائندہ ولی فقیہ حجت الاسلام والمسلمین حبیب اللہ شعبانی نے حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی وفات کی مناسبت سے منعقدہ مجلسِ عزا سے خطاب کرتے ہوئے اسلامی ثقافت میں ادب و اخلاق کے مقام پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا: ادب صرف اچھی گفتگو اور ظاہری آداب کی رعایت کا نام نہیں بلکہ انسان کو بندگی، زندگی اور دوسروں کے ساتھ میل جول کے آداب سیکھنے اور انہیں اپنے کردار میں عملی طور پر اپنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے تربیت اور الٰہی ادب سے متعلق رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی دعا کا حوالہ دیتے ہوئے کہا: انسان زندگی کے سفر میں یا تو اپنے اختیار اور ارادے سے باادب بنتا ہے یا پھر زندگی کے حوادث اور مشکلات اسے اس راستے پر گامزن کرتے ہیں۔ لہٰذا ہمیں چاہیے کہ شعور اور ارادے کے ساتھ ادب اور بندگی کے آداب کو اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔
نمائندہ ولی فقیہ برائے صوبہ ہمدان نے دنیا کی حقیقت اور الٰہی انسانوں کی نگاہ میں اس کی بے وقعتی کا ذکر کرتے ہوئے کہا: انسانِ کامل کے مقام و حقیقت کے مقابلے میں دنیا اور اس کی دولت و ثروت کی کوئی حیثیت نہیں۔ امیرالمؤمنین امام علی علیہ السلام کو دنیاوی وسائل اور مواقع میسر ہونے کے باوجود آپ علیہ السلام نے اپنی زندگی محنت، زراعت اور جدوجہد میں گزاری اور دنیا سے دل نہیں لگایا۔
انہوں نے دوسروں کے حقوق کی رعایت کو ادب کی اہم ترین علامتوں میں سے ایک قرار دیتے ہوئے کہا: باادب انسان وہ ہے جو جو چیز اپنے لیے پسند نہیں کرتا، دوسروں کے لیے بھی اسے روا نہیں رکھتا۔ ہمیں کسی کا مذاق نہیں اڑانا چاہیے، نہ کسی کی تحقیر کرنی چاہیے اور نہ ہی اس کی عزت و آبرو کو مجروح کرنا چاہیے۔ اسی طرح اختلافِ ذوق اور اختلافِ رائے کو توہین اور الزام تراشی میں تبدیل نہیں کرنا چاہیے۔










آپ کا تبصرہ