جمعرات 26 نومبر 2026 - 16:42
حضرت ام البنین (س) کی سیرت خواتینِ اسلام کے لیے ایمان، بصیرت، وفاداری اور استقامت کا عملی نمونہ ہے, مولانا سید عطاء حسین شاہ

حوزہ / دفتر قائد ملت جعفریہ پاکستان نجف اشرف میں حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی شہادت کی مناسبت سے مجلسِ عزاء کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں علمائے کرام، طلابِ علومِ دینیہ اور محبانِ اہل بیت علیہم السلام نے شرکت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلسِ عزاء کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کی سعادت شیخ منظر عباس کمیلی نجفی نے حاصل کی، جبکہ زیارتِ عاشورہ پڑھنے کی سعادت شیخ ذاکر حسین کو حاصل ہوئی۔ بعد ازاں حجۃ الاسلام والمسلمین سید عطاء حسین شاہ نے مجلس سے خطاب کیا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کے فضائل و مناقب، سیرتِ طیبہ، مقام و منزلت اور دینِ اسلام و اہل بیت علیہم السلام کے لیے آپ کی گراں قدر خدمات پر روشنی ڈالی۔

حضرت ام البنین (س) کی سیرت خواتینِ اسلام کے لیے ایمان، بصیرت، وفاداری اور استقامت کا عملی نمونہ ہے

خطیبِ مجلس نے کہا: حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی زندگی وفاداری، اخلاص، صبر اور ایثار کا ایک روشن نمونہ ہے۔ آپ سلام اللہ علیہا نے اپنے کردار اور عمل سے ثابت کیا کہ اہل بیت علیہم السلام سے محبت محض زبانی دعوے کا نام نہیں بلکہ اس کا حقیقی تقاضا اطاعت، وفاداری اور راہِ حق میں قربانی پیش کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی امام حسین علیہ السلام سے محبت اور کربلا کے میدان میں اپنے چاروں فرزندوں کی قربانی پیش کرنے کا عظیم جذبہ تاریخِ اسلام کا ایک بے مثال باب ہے۔ آپ سلام اللہ علیہا نے اولاد کی محبت سے بڑھ کر امامِ وقت کی نصرت اور دینِ خدا کی سربلندی کو اہمیت دی، جو آنے والی نسلوں کے لیے درسِ وفا و ایثار ہے۔

انہوں نے کہا: واقعۂ کربلا کے بعد حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا نے اپنے فرزندوں کی شہادت کے باوجود صبر و استقامت کا دامن نہیں چھوڑا بلکہ اپنی زندگی کو امام حسین علیہ السلام کے مظلومانہ قیام اور شہدائے کربلا کی یاد زندہ رکھنے کے لیے وقف کر دیا۔ آپ سلام اللہ علیہا کی سیرت خواتینِ اسلام کے لیے ایمان، بصیرت، وفاداری اور استقامت کا عملی نمونہ ہے۔

حضرت ام البنین (س) کی سیرت خواتینِ اسلام کے لیے ایمان، بصیرت، وفاداری اور استقامت کا عملی نمونہ ہے

خطاب کے اختتام پر مصائبِ اہل بیت علیہم السلام بیان کیے گئے، جس سے مجلس کی فضا سوگوار ہوگئی اور حاضرین نے اشکِ عقیدت پیش کیے۔

مجلسِ عزاء کے اختتام پر شرکائے مجلس کے لیے نیاز کا اہتمام کیا گیا۔ بعد ازاں مرحومہ علیشہ رغا کاظمی، دختر رضا باقر کاظمی کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی گئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha