تحریر: مولانا سید کرامت حسین شعور جعفری
حوزہ نیوز ایجنسی| آپ حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام کی والدہ ہونے کے ساتھ ساتھ محبتِ اہل بیتؑ، وفاداری، صبر، ایثار اور معرفتِ ولایت کی ایک روشن مثال ہیں۔ آپ کی زندگی ہمیں بتاتی ہے کہ ایک ماں صرف اپنی اولاد کی پرورش ہی نہیں کرتی بلکہ اپنی تربیت، کردار اور عمل سے ایسی نسل تیار کرسکتی ہے جو تاریخ کا رخ بدل دے۔
نام و نسب اور خاندانی اصالت
آپ کا اصل نام فاطمہ بنت حزام بن خالد تھا اور آپ کا تعلق عرب کے مشہور قبیلے بنی کلاب سے تھا۔ آپ کی والدہ کا نام ثمامہ تھا۔ آپ کا خاندان شجاعت، بہادری، شرافت اور اچھے اخلاق کے لیے مشہور تھا۔ عرب معاشرے میں خاندان اور نسب کو خاص اہمیت حاصل تھی اور بنی کلاب ان قبائل میں شمار ہوتا تھا جو اپنی بہادری اور اعلیٰ خاندانی صفات کے لیے معروف تھے۔
حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کے بعد حضرت امیرالمؤمنین علی علیہ السلام نے اپنے بھائی عقیل سے فرمایا کہ میرے لیے ایسے خاندان کی خاتون کا انتخاب کرو جو شجاعت اور بہادری میں ممتاز ہو، تاکہ اس سے بہادر اور صاحبِ عزم اولاد پیدا ہو۔ عقیل علم الانساب کے ماہر تھے، انہوں نے فاطمہ بنت حزام کا انتخاب کیا۔ اس طرح حضرت امیرالمؤمنین علیہ السلام اور حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کا عقد ہوا۔
آپ کی تاریخِ ولادت اور شادی کے وقت عمر کے بارے میں قطعی معلومات دستیاب نہیں ہیں۔ بعض تاریخی قرائن کی بنیاد پر شادی کے وقت آپ کی عمر سترہ سے اکیس سال کے درمیان بتائی جاتی ہے، تاہم اسے حتمی تاریخی حقیقت نہیں کہا جاسکتا۔
لقبِ ام البنین اور اولاد
حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا جب حضرت علی علیہ السلام کے گھر تشریف لائیں تو اہل بیتؑ کے بچوں کے ساتھ محبت اور شفقت کا ایسا برتاؤ کیا کہ انہیں کبھی یہ احساس نہیں ہونے دیا کہ ان کی حقیقی والدہ ان کے درمیان موجود نہیں ہیں۔
مشہور روایت کے مطابق آپ نے حضرت علی علیہ السلام سے درخواست کی کہ انہیں فاطمہ کے نام سے نہ پکارا جائے، تاکہ امام حسن، امام حسین، حضرت زینب اور حضرت ام کلثوم علیہم السلام کو اپنی والدہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی یاد سے تکلیف نہ پہنچے۔ اسی مناسبت سے آپ کو ام البنین یعنی بیٹوں کی ماں کہا جانے لگا۔
آپ کے بطن سے چار فرزند پیدا ہوئے: حضرت ابوالفضل العباس علیہ السلام، حضرت عبداللہ، حضرت جعفر اور حضرت عثمان۔ یہ چاروں فرزند واقعۂ کربلا میں امام حسین علیہ السلام کی نصرت کرتے ہوئے شہید ہوئے۔ آپ کی نسل حضرت عباس علیہ السلام کے فرزند عبداللہ کے ذریعے جاری رہی۔
اہل بیتؑ سے محبت اور تربیتِ اولاد
حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی سب سے نمایاں خوبی اہل بیتؑ سے بے پناہ محبت اور ان کے مقام و مرتبے کی معرفت تھی۔ آپ نے حضرت علی علیہ السلام کے بچوں کو اپنے بچوں کی طرح چاہا اور ہمیشہ ان کی خدمت اور احترام کو اپنے لیے اعزاز سمجھا۔
آپ کی تربیت کا اثر حضرت عباس علیہ السلام کی شخصیت میں نمایاں طور پر دکھائی دیتا ہے۔ آپ نے اپنے فرزندوں کو یہ سبق دیا کہ امام حسین علیہ السلام صرف ان کے بھائی نہیں بلکہ وقت کے امام اور حجتِ خدا ہیں، لہٰذا ان کی اطاعت اور نصرت ہر حال میں ضروری ہے۔
حضرت عباس علیہ السلام اپنے بھائی امام حسین علیہ السلام کو ہمیشہ ’’یا سیدی، یا اباعبداللہ‘‘ کہہ کر مخاطب کرتے تھے۔ ان کا یہ ادب محض خاندانی احترام نہیں بلکہ معرفتِ امامت اور اطاعتِ ولایت کا اظہار تھا۔
حضرت زینب سلام اللہ علیہا بھی حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کے مقام کا خاص احترام کرتی تھیں۔ واقعۂ کربلا کے بعد مدینہ میں ان کی عیادت اور دل جوئی کے لیے تشریف لے جاتی تھیں۔ یہ تعلق دونوں عظیم خواتین کے درمیان محبت اور احترام کی گہرائی کو ظاہر کرتا ہے۔
وفاداری، شجاعت اور صبر و استقامت
حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی زندگی وفاداری اور ایثار کا بہترین نمونہ ہے۔ آپ نے حضرت علی علیہ السلام کی زندگی میں ان کے ساتھ وفا نبھائی اور ان کی شہادت کے بعد بھی کسی دوسرے سے شادی نہیں کی، جیسا کہ بعض تاریخی مصادر میں مذکور ہے۔
آپ کا تعلق ایک بہادر خاندان سے تھا، لیکن آپ کی شجاعت صرف خاندانی وراثت نہیں تھی بلکہ آپ کے کردار میں بھی نمایاں تھی۔ آپ نے اپنے بچوں کی تربیت اس انداز سے کی کہ وہ حق اور امام وقت کی حمایت میں اپنی جان قربان کرنے سے بھی پیچھے نہ ہٹے۔
ایک مشہور تاریخی روایت کے مطابق حضرت علی علیہ السلام نے ایک مرتبہ کم سن حضرت عباس علیہ السلام کو اپنی گود میں بٹھایا اور ان کے بازوؤں کو بوسہ دیتے ہوئے گریہ فرمایا۔ ام البنین نے جب گریے کی وجہ پوچھی تو امام نے مستقبل میں ان بازوؤں کے کٹ جانے کی خبر دی۔ یہ سن کر آپ کو شدید صدمہ پہنچا، مگر آپ نے اپنے فرزند کی تربیت میں کوئی کمی نہیں آنے دی۔
یہ واقعہ اس بات کی علامت ہے کہ آپ کے نزدیک اولاد کی محبت سے بڑھ کر حق اور دین کی سربلندی تھی۔ آپ نے اپنے بچوں کو ایسی تربیت دی جس کا عملی مظاہرہ میدانِ کربلا میں ہوا۔
واقعۂ کربلا اور حضرت ام البنینؑ کا کردار
جب امام حسین علیہ السلام نے مدینہ سے مکہ اور پھر کربلا کی طرف سفر اختیار کیا تو حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا نے اپنے چاروں بیٹوں کو امام کے ساتھ روانہ کیا۔ رخصت کے وقت آپ نے انہیں تاکید کی کہ میرے بیٹو! امام حسین علیہ السلام کی اطاعت کرنا، ان کی حفاظت کرنا اور ان کی نصرت میں اپنی جان قربان کرنے سے بھی دریغ نہ کرنا۔
ایک ماں کے لیے اپنے چار جوان بیٹوں کو سفر پر روانہ کرنا آسان نہیں تھا، لیکن حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا نے اپنی ذاتی محبت اور جذبات کو مقصدِ امامت پر قربان کردیا۔
کربلا میں آپ کے چاروں فرزند یکے بعد دیگرے شہید ہوگئے۔ حضرت عباس علیہ السلام نے وفا اور شجاعت کی وہ تاریخ رقم کی جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے شدید پیاس کے باوجود امام حسین علیہ السلام اور بچوں کی پیاس کو اپنی پیاس پر مقدم رکھا اور آخرکار دین و امامت کی حفاظت کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔
حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی عظمت کا سب سے نمایاں پہلو یہ ہے کہ اپنے چاروں فرزندوں کی شہادت کی خبر سننے کے بعد بھی آپ نے سب سے پہلے امام حسین علیہ السلام کی خیریت دریافت کی۔
جب بشیر مدینہ میں شہدائے کربلا کی خبر لے کر پہنچے تو آپ نے اپنے بچوں کے بارے میں پوچھنے کے بجائے فرمایا کہ مجھے حسین علیہ السلام کے بارے میں بتاؤ۔ جب انہیں امام حسین علیہ السلام کی شہادت کی خبر دی گئی تو آپ نے انتہائی درد کے ساتھ فرمایا کہ میرے بیٹے اور جو کچھ آسمان کے نیچے ہے، سب حسین علیہ السلام پر قربان۔
یہ ایک ماں کے جذبات سے بڑھ کر معرفتِ ولایت کا اظہار تھا۔ آپ نے دنیا کو بتایا کہ حقیقی محبتِ اہل بیتؑ کا مطلب صرف عقیدت کا اظہار نہیں بلکہ امام کی خاطر اپنا سب کچھ قربان کردینا ہے۔
عزاداری اور تحفظِ پیامِ عاشورا
واقعۂ کربلا کے بعد حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا نے اپنی زندگی کو امام حسین علیہ السلام اور شہدائے کربلا کی یاد زندہ رکھنے کے لیے وقف کردیا۔ آپ نے گریہ، مرثیہ خوانی اور عزاداری کو کربلا کا پیغام عام کرنے کا ذریعہ بنایا۔
آپ مدینہ کے قبرستان بقیع میں تشریف لے جاتیں اور اپنے پوتے عبیداللہ بن عباس کو بھی ساتھ لے جاتیں۔ وہاں آپ شہدائے کربلا کے مصائب بیان کرتیں اور مرثیے پڑھتیں۔ آپ کی آواز میں ایسا درد اور اثر تھا کہ لوگ جمع ہوجاتے اور آپ کے ساتھ گریہ کرتے۔
آپ سے منسوب ایک مشہور مرثیے میں حضرت عباس علیہ السلام کی شجاعت، ان کے کٹے ہوئے بازوؤں اور شہادت کا ذکر ملتا ہے۔ اس مرثیے کا مفہوم یہ ہے کہ اگر عباس کے ہاتھ سلامت ہوتے اور ان کے ہاتھ میں تلوار ہوتی تو کسی دشمن میں ان کے قریب آنے کی جرأت نہ ہوتی۔
آپ کی عزاداری صرف ذاتی غم کا اظہار نہیں تھی بلکہ ایک بامقصد دینی اور سماجی جدوجہد تھی۔ اس کے ذریعے آپ لوگوں کو بتاتی تھیں کہ کربلا میں کیا ہوا، امام حسین علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں نے کس مقصد کے لیے قربانی دی اور ظالم حکمرانوں نے خاندانِ رسولؐ کے ساتھ کیا سلوک کیا۔
آپ نے خوف اور خاموشی کے ماحول میں کربلا کا پیغام بلند کیا۔ اس طرح آپ نے ثابت کیا کہ عاشورا کا مشن صرف میدانِ جنگ میں قربانی دینے سے مکمل نہیں ہوتا بلکہ اس قربانی کے مقصد اور پیغام کو محفوظ رکھنا بھی ضروری ہے۔
علماء اور مؤرخین کی نظر میں مقام و منزلت
مختلف علماء اور مؤرخین نے حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کے کردار، اخلاق اور مقام کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
عقیل نے آپ کے خاندان کو عرب کا نہایت بہادر خاندان قرار دیا۔ سہل بن عبداللہ بخاری نے اپنی کتاب سر السلسلۃ العلویہ میں ذکر کیا ہے کہ حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا نے حضرت علی علیہ السلام کے بعد کسی اور سے شادی نہیں کی۔
شیخ جعفر ربعی نے اپنی کتاب زینب کبریٰ میں آپ کو نیک، فصیح، پرہیزگار اور عبادت گزار خاتون قرار دیا ہے۔ شہید ثانی نے آپ کی نیکی، علم اور خاندانِ نبوت سے بے پناہ محبت کا ذکر کیا ہے۔
سید محسن امین نے اپنی معروف کتاب اعیان الشیعہ میں آپ کی فصاحت، شرافت اور شاعری کا تذکرہ کیا ہے۔ علامہ عبدالرزاق موسوی مقرم نے بھی آپ کی محبتِ اہل بیتؑ، اخلاص اور بلند مقام کو بیان کیا ہے۔
علی محمد دخیل اور علامہ باقر شریف قریشی نے خصوصاً اس پہلو کو نمایاں کیا ہے کہ آپ نے اپنے چاروں فرزندوں کی شہادت کی خبر سننے کے باوجود سب سے پہلے امام حسین علیہ السلام کی خیریت دریافت کی۔
یہ تمام اقوال اس بات کی طرف اشارہ کرتے ہیں کہ حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا صرف ایک بہادر خاندان کی خاتون نہیں تھیں بلکہ ایمان، اخلاق، معرفت، وفاداری اور محبتِ اہل بیتؑ میں بھی ممتاز مقام رکھتی تھیں۔
تاریخِ وفات اور مدفن:
حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا نے واقعۂ کربلا کے بعد اپنی زندگی کا بڑا حصہ عزاداری، مرثیہ خوانی اور پیامِ عاشورا کی حفاظت میں گزارا۔ آپ کی تاریخِ وفات کے بارے میں مؤرخین کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے۔ بعض تاریخی روایات میں آپ کی وفات 13 جمادی الثانی 64 ہجری اور بعض میں 13 جمادی الثانی 70 ہجری بیان کی گئی ہے۔ اسی مناسبت سے 13 جمادی الثانی کو آپ کی یاد میں مجالس اور عزاداری کا اہتمام کیا جاتا ہے۔
آپ کو مدینہ منورہ کے قبرستان جنت البقیع میں سپردِ خاک کیا گیا۔ آج بھی آپ کا نام وفا، ایثار اور محبتِ اہل بیتؑ کی علامت کے طور پر عقیدت سے لیا جاتا ہے۔
حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی زندگی صرف ایک ایسی ماں کی داستان نہیں جس نے اپنے چار بیٹوں کو کربلا میں قربان ہوتے دیکھا، بلکہ یہ ایک ایسی باشعور، صاحبِ معرفت اور صاحبِ کردار خاتون کی تاریخ ہے جس نے اپنی تربیت، کردار، صبر اور عمل سے ولایت و امامت کی حفاظت کی۔
آپ نے حضرت عباس علیہ السلام جیسا فرزند پروان چڑھایا، جس نے وفا، ادب، شجاعت اور اطاعتِ امام کا ایسا نمونہ پیش کیا جو رہتی دنیا تک زندہ رہے گا۔ آپ نے اپنے چاروں بیٹوں کو امام حسین علیہ السلام پر قربان کرکے ثابت کردیا کہ حقیقی محبتِ اہل بیتؑ صرف زبان سے عقیدت کے اظہار کا نام نہیں بلکہ ضرورت پڑنے پر اپنا سب کچھ راہِ حق میں قربان کردینے کا نام ہے۔
آپ نے اپنے بیٹوں کو کربلا میں قربان کیا، لیکن خود مدینہ میں رہ کر عزاداری اور مرثیہ خوانی کے ذریعے کربلا کے پیغام کو زندہ رکھا۔ یوں آپ نے میدانِ کربلا میں قربانی دینے والوں کے ساتھ ساتھ اس قربانی کے مقصد اور پیغام کو محفوظ رکھنے والوں میں بھی اپنا نام ہمیشہ کے لیے ثبت کردیا۔
سلام ہو اس عظیم ماں پر جس نے چار بیٹے قربان کرکے بھی سب سے پہلے اپنے مولا امام حسین علیہ السلام کی خیریت دریافت کی۔
سلام ہو ام البنین سلام اللہ علیہا پر، جن کی گود نے عباس جیسا وفادار، باادب اور شجاع فرزند دنیا کو دیا۔










آپ کا تبصرہ