حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اسلامی تاریخ میں مؤثر کردار ادا کرنے والی خواتین کی شخصیات کو اجاگر کرنے کی تحقیقی کوششوں کے سلسلے میں اہلِ قطیف سے تعلق رکھنے والے اور جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ سے فارغ التحصیل حجت الاسلام والمسلمین شیخ عبداللہ احمد الیوسف کی کتاب «السیدة أم البنین (علیها السلام) الشخصیة الخالدة» شائع ہو گئی ہے۔
مصنف نے اپنی تحقیق کے مقدمے میں اس کے مقاصد بیان کرتے ہوئے لکھا ہے:
"حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا، امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام کی زوجہ محترمہ اور تاریخ اسلام کی ممتاز خواتین میں سے ہیں۔ آپ کی رحلت کو کئی صدیاں گزر جانے کے باوجود آپ کا نام آج بھی زندہ و تابندہ ہے۔ اس کی بنیادی وجہ آپ کے بلند اخلاق، نجیب الصفات اور تاریخ میں ثبت آپ کے مشہور و نمایاں کردار ہیں، جنہوں نے آپ کو تاریخ اسلام میں ایک بلند مقام و مرتبہ عطا کیا۔
اگرچہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی شہادت کے بعد امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام نے دیگر خواتین سے بھی ازدواج کیا لیکن حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے علاوہ آپ کی کسی دوسری زوجہ کو وہ شہرت اور توجہ حاصل نہیں ہوئی جو حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کے حصے میں آئی۔ آپ کو خواص و عوام دونوں میں غیر معمولی شہرت اور مقبولیت حاصل ہے۔
اس تاریخی شخصیت پر تحقیق کا ایک اہم محرک یہ ہے کہ اس موضوع پر سنجیدہ اور علمی تحریروں کی کمی پائی جاتی ہے۔ حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی زندگی کے بارے میں لکھی گئی بیشتر کتابیں کرامات اور جذباتی واقعات پر مشتمل ہیں جبکہ آپ کی حیاتِ مبارکہ کے علمی اور تاریخی پہلوؤں پر سنجیدہ تحقیقی کام بہت کم دکھائی دیتا ہے۔
اس کے علاوہ، محقق کو آپ کی سیرت کے مطالعہ کے دوران متعدد علمی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ تاریخی منابع میں آپ کی زندگی سے متعلق مستند معلومات محدود ہیں۔ البتہ آپ کے خاندان اور قبیلے کے بارے میں بعض اہم معلومات موجود ہیں، جو آپ کی زندگی کے مختلف پہلوؤں کو سمجھنے میں مدد دیتی ہیں۔
اس علمی مطالعے میں کوشش کی گئی ہے کہ حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی شخصیت، اوصاف اور نمایاں خصوصیات کو اجاگر کیا جائے۔ اسی طرح آپ کے اصیل عرب خاندان اور قبیلے کا تعارف بھی پیش کیا گیا ہے، جو شجاعت، شرافت، کرم، سخاوت، فصاحت اور بلاغت جیسی صفات کے حوالے سے معروف تھا۔ یہ قبائلی خصوصیات درحقیقت آپ کی شخصیت میں بھی نمایاں تھیں۔ تحقیق میں اس امر کی طرف بھی اشارہ کیا گیا ہے کہ حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا راویانِ حدیث میں بھی شمار ہوتی ہیں۔"
کتاب کے تحقیقی ابواب
مصنف نے کتاب کے ابتدائی الیکٹرانک ایڈیشن میں تحقیق کو پانچ بنیادی موضوعات پر مشتمل رکھا تھا:
- حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کا مختصر تعارف، آپ کا خاندان اور قبیلہ۔
- امیرالمؤمنین حضرت علی علیہ السلام سے آپ کا مبارک ازدواجی تعلق اور آپ کے چار فرزندوں کا تعارف۔
- آپ کی کنیتیں اور القاب۔
- آپ کے اخلاقی اوصاف اور شخصی خصوصیات۔
- علمِ رجال اور حدیث کی کتابوں میں حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کا مقام و مرتبہ۔
کتاب کے نئے اور نظرثانی شدہ ایڈیشن کی تفصیلات
یہ کتاب ابتدا میں الیکٹرانک ایڈیشن کی صورت میں شائع ہوئی تھی، تاہم تحقیق کے تسلسل کے ساتھ اس پر مزید کام کیا گیا اور نظرثانی و توسیع کے بعد اس کا نیا مطبوعہ ایڈیشن بیروت کے اشاعتی ادارے «دار حوراء الثقافیة» نے شائع کیا۔
نئے ایڈیشن میں کتاب کے پانچ سابقہ موضوعات کے ساتھ چھٹا باب بھی شامل کیا گیا ہے، جس میں حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی وفات کے حالات کا جائزہ لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کتاب کے اختتام پر تحقیق کے اہم نتائج بھی مرتب کیے گئے ہیں۔
اس طرح نظرثانی اور اضافے کے بعد یہ کتاب حضرت ام البنین سلام اللہ علیہا کی حیاتِ مبارکہ کے علمی و تاریخی مطالعہ پر مشتمل اپنی تازہ ترین اور زیادہ جامع صورت میں پیش کی گئی ہے۔
کتاب کے پہلے الیکٹرانک ایڈیشن کا مکمل متن ملاحظہ کرنے کے لیے یہاں کلک کریں.










آپ کا تبصرہ