حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، 21 نومبر کو بیادگار علامہ معجز سنبھلی سالانہ طرحی مسالمہ، مدرسہ سیدنا ابوطالب علیہ السلام، کندرکی سادات میں؟ منعقد ہوا، جس میں مقامی و بیرونی شعراء کرام نے شرکت کرکے اپنے منظوم نذرانے پیش کیے۔ اس موقع پر مرحوم علامہ معجز سنبھلی کی بیسویں تصنیف ’’پروازِ معجز‘‘ کی رسمِ اجراء بھی انجام پائی۔
علامہ معجز سنبھلی کی یاد اور ان کی ادبی خدمات کو زندہ رکھنے کے مقصد سے منعقد ہونے والا سالانہ طرحی مسالمہ اس سال اپنے 88ویں سال میں داخل ہوا۔ یہ ادبی و شعری روایت عرصۂ دراز سے اہلِ سخن کے درمیان اپنی خاص شناخت اور اہمیت رکھتی ہے۔ مرحوم معجز سنبھلی کے فرزند جناب تہذیب الحیدر عرف مصور حسین صاحب اور جناب اسلم زینوی صاحب ہر سال اس مسالمہ کا اہتمام کرتے ہیں اور بزرگوں کی قائم کردہ قدیمی ادبی روایت کو پوری پابندی اور محبت کے ساتھ آگے بڑھا رہے ہیں۔
اس مسالمہ کی خاص بات اس کا طرحی ہونا ہے، جس میں شعراء کرام کو ایک مخصوص مصرع دیا جاتا ہے اور تمام شعراء اسی مصرع کی زمین، بحر اور شعری تقاضوں کے مطابق اپنا کلام پیش کرتے ہیں۔ اس محفل میں غیر طرحی کلام پڑھنے کی اجازت نہیں ہوتی، جس سے شعراء کے درمیان فنی، ادبی اور تخلیقی مقابلے کی ایک خوبصورت فضا قائم رہتی ہے۔

اس سال کا مصرعِ طرح تھا:
نوکِ نیزہ پر بہتر سر نظر آنے لگے
اس مصرع پر شعراء کرام نے اپنے اپنے تخلیقی جوہر دکھاتے ہوئے فکر انگیز، پُراثر اور منظوم نذرانے پیش کیے۔ مقامی شعراء کے ساتھ بیرونی شعراء کی شرکت نے محفل کی ادبی رونق میں مزید اضافہ کیا۔
’’پروازِ معجز‘‘ کی رسمِ اجراء
مسالمہ کے دوران مرحوم علامہ معجز سنبھلی کی بیسویں کتاب ’’پروازِ معجز‘‘ کی رسمِ اجراء بھی نہایت ادبی وقار کے ساتھ انجام پائی۔ یہ کتاب مرحوم کے شعری و ادبی سرمایہ کی ایک اہم کڑی ہے، جس کی اشاعت ان کی ادبی خدمات کو نئی نسل تک پہنچانے کی ایک قابلِ قدر کوشش ہے۔
رسمِ اجراء کی تقریب میں عالیجناب پروفیسر اصغر اعجاز قائمی صاحب، شعبۂ دینیات، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی؛ عالیجناب مولانا سید آفاق عالم زیدی صاحب قبلہ، امام جمعہ کندرکی سادات؛ عالیجناب مولانا سید محمد نقی رضوی صاحب قبلہ، امام جماعت شہر مرادآباد؛ عالیجناب مولانا سید ناز حیدر نقوی صاحب قبلہ، امام جماعت شہر مرادآباد؛ اور عالیجناب مولانا سید افضل مہدی صاحب قبلہ نے شرکت فرمائی۔
علماء کرام کی شرکت کے ساتھ ساتھ مختلف علاقوں سے تشریف لائے شعراء کرام نے بھی اس ادبی تقریب کو رونق بخشی اور مرحوم علامہ معجز سنبھلی کی یاد میں اپنے اشعار کے ذریعے خراجِ عقیدت پیش کیا۔
یہ سالانہ طرحی مسالمہ محض ایک شعری نشست نہیں، بلکہ ایک قدیم ادبی روایت، بزرگ شاعر کی یاد، شعر و ادب کی ترویج اور نئی نسل کو اردو شاعری کے فنی و ادبی اصولوں سے روشناس کرانے کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ 88 برس سے جاری اس روایت کا تسلسل اہلِ ادب کی محبت، خلوص اور ادبی وابستگی کا روشن ثبوت ہے۔
’’پروازِ معجز‘‘ کی رسمِ اجراء اور سالانہ طرحی مسالمہ کی کامیاب انعقاد نے اس ادبی محفل کو یادگار بنا دیا، جہاں شعر و ادب، عقیدت اور قدیمی روایات ایک ساتھ جلوہ گر ہوئیں۔










آپ کا تبصرہ