حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ جوادی آملی نے درس خارج فقہ دوران کہا کہ علماء، عوام اور حکومتی ذمہ داروں کو چاہیے کہ وہ نوجوانوں کی شادی میں تاخیر سے بچنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ شادی سنتِ رسول اکرم (ص) ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی اور معاشی مشکلات کے باعث نوجوانوں کو شادی اور اولاد کی پیدائش سے خوف زدہ نہیں ہونا چاہیے۔ معاشرے میں مالی مسائل کی ایک وجہ بدعنوانی، مالی کرپشن اور غیر قانونی لین دین جیسے عوامل بھی ہیں۔ ان مسائل کے حل کے لیے عوام کے ساتھ حکومتی ذمہ داروں کو بھی سنجیدہ اقدامات کرنے چاہییں۔
آیت اللہ جوادی آملی نے امیرالمؤمنین حضرت علیؑ کی سیرت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آپؑ نے ایک ایسے نوجوان کی شادی کے لیے بیت المال سے انتظام کیا تھا جو شادی نہ ہونے کے باعث غلط راستے پر چل پڑا تھا۔ اس واقعے سے معلوم ہوتا ہے کہ اسلامی حکومت کی ذمہ داری صرف لوگوں کو برائی سے روکنا نہیں، بلکہ انہیں ایک پاکیزہ اور باعزت زندگی گزارنے کے وسائل فراہم کرنا بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسلام صرف نماز اور روزے تک محدود نہیں، بلکہ انسانی زندگی کے تمام شعبوں کے لیے رہنمائی فراہم کرتا ہے۔ حکمرانوں کو چاہیے کہ وہ عوام کے معاشی حالات بہتر بنانے اور نوجوانوں کے لیے گھر بسانے کے مواقع پیدا کرنے پر توجہ دیں۔
انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ شادی کے لیے ابتدا ہی سے آسائشوں اور خوشحال زندگی کی شرط نہ رکھیں، بلکہ سادہ زندگی اختیار کرتے ہوئے خاندان کی بنیاد رکھیں۔ ساتھ ہی حکومت کو بھی چاہیے کہ وہ روزگار، رہائش اور دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کے ذریعے شادی کو آسان بنائے۔
آیت اللہ جوادی آملی نے نوجوان آبادی میں کمی کے نتائج سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اگر معاشرہ نوجوانوں سے خالی ہو جائے اور آئندہ چند دہائیوں میں آبادی کا بڑا حصہ بزرگوں پر مشتمل ہو تو ملک مختلف خطرات سے دوچار ہو سکتا ہے۔
انہوں نے آخر میں علما، حکومتی ذمہ داروں، والدین اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ شادی اور خاندانی نظام کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کریں اور غیر ضروری تاخیر سے گریز کریں۔










آپ کا تبصرہ