ہفتہ 28 نومبر 2026 - 14:32
کم بولنا اور غیر ضروری گفتگو سے بچنا، اخلاقی تربیت کا پہلا قدم ہے

حوزہ/ علمائے اخلاق نے ہمیشہ کم گوئی اور غیر ضروری باتوں سے پرہیز کو روحانی ترقی کی بنیاد قرار دیا ہے۔ آیت اللہ حق شناسؒ نے اپنے استاد آیت اللہ شیخ محمد حسین زاہدؒ سے پہلی ملاقات کا ایک دلچسپ واقعہ بیان کیا ہے، جس میں چار صفحات پر مشتمل غیر ضروری باتیں بالآخر تیسرے دن صفر ہو گئیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اخلاقی تربیت کے حوالے سے آیت اللہ حق شناسؒ اپنے استاد آیت اللہ شیخ محمد حسین زاہدؒ کا ایک واقعہ بیان کرتے تھے، جو انسان کی گفتگو میں احتیاط اور کم گوئی کی اہمیت کو واضح کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جب پہلی مرتبہ شیخ محمد حسین زاہدؒ کی خدمت میں حاضر ہوئے تو استاد نے ان سے کہا کہ اپنی تمام غیر ضروری باتیں لکھ کر لائیں، یعنی وہ گفتگو جس کے کرنے کی کوئی خاص ضرورت نہیں ہوتی۔

آیت اللہ حق شناسؒ کہتے ہیں کہ میں نے اپنی غیر ضروری باتیں لکھیں تو چار صفحات بھر گئے۔ اگلی رات وہ تحریر استاد کو دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ اتنی زیادہ باتیں! میرے پاس اتنا وقت نہیں کہ یہ سب پڑھوں، جاؤ اسے مختصر کرو۔

اگلی رات وہی تحریر کم ہو کر صرف چار سطروں تک رہ گئی، لیکن استاد نے اسے بھی زیادہ قرار دیا اور مزید مختصر کرنے کی ہدایت کی۔

آیت اللہ حق شناسؒ کے مطابق، تیسری رات جب وہ دوبارہ استاد کی خدمت میں حاضر ہوئے تو ان کی تحریر میں کوئی غیر ضروری بات باقی نہیں رہی تھی۔ اس پر شیخ محمد حسین زاہدؒ نے فرمایا: ’’تم ایک دن کچھ بنو گے۔‘‘

یہ واقعہ ہمیں سکھاتا ہے کہ اخلاقی اور روحانی ترقی کے لیے صرف اچھے اعمال انجام دینا ہی کافی نہیں، بلکہ اپنی زبان پر قابو رکھنا اور غیر ضروری گفتگو سے بچنا بھی ضروری ہے۔

ماخذ: از داستان‌ها باید آموخت،

صفحہ 76

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha