حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ ایران کے سربراہ آیت اللہ علی رضا اعرافی نے قم کے مدرسہ علمیہ امام کاظمؑ کی مسجد میں یزد سے تعلق رکھنے والے مقیم علماء، اساتذہ اور طلبہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انقلاب اسلامی کی تاریخی اہمیت، حالیہ جنگ کے اثرات، خطبہ فدکیہ کے علمی و فکری پہلوؤں اور حوزہ علمیہ کی تعلیمی و تحقیقی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ انقلاب اسلامی ایران نے اس نظریے کو غلط ثابت کردیا کہ جدید دنیا میں دین کا دور ختم ہوچکا ہے اور مذہب اب سیاسی و سماجی معاملات میں کوئی مؤثر کردار ادا نہیں کرسکتا۔ انقلاب اسلامی نے ثابت کیا کہ دین، معنویت، خودمختاری اور عوامی جدوجہد کی بنیاد پر ایک نیا سیاسی و فکری نظام قائم کیا جاسکتا ہے۔
آیت اللہ اعرافی نے کہا کہ انقلاب اسلامی سے پہلے دنیا کے بہت سے سیاسی اور سماجی مفکرین کا خیال تھا کہ دوسری جنگ عظیم کے بعد ہونے والی سائنسی، صنعتی اور سماجی ترقی کے نتیجے میں مذہب بتدریج اجتماعی زندگی سے خارج ہوجائے گا۔ بالخصوص اسلام اور اسلامی سیاسی تحریکوں کے مستقبل کو محدود سمجھا جارہا تھا، لیکن انقلاب اسلامی نے ان تمام اندازوں کو غلط ثابت کردیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان اختلافات صرف تیل، توانائی یا اقتصادی مسائل تک محدود نہیں، بلکہ اس کی بنیادی وجہ دونوں کے فکری اور نظریاتی نظاموں میں فرق ہے۔ ایران کا نظام دین، معنویت، آزادی اور مزاحمت پر قائم ہے، جبکہ عالمی طاقتیں ایک مختلف فکری و سیاسی نظام کی پیروی کرتی ہیں۔
حالیہ جنگ تاریخی موڑ ہے
آیت اللہ اعرافی نے حالیہ جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ میں ایرانی قوم نے جس استقامت اور یکجہتی کا مظاہرہ کیا، وہ تاریخ کا ایک اہم واقعہ ہے۔ ان کے مطابق اس جنگ کو 22 بہمن 1357 (11 فروری 1979ء) کے انقلاب اسلامی کی کامیابی کے تاریخی تناظر میں دیکھا جانا چاہیے، کیونکہ دونوں واقعات نے عالمی اور علاقائی سیاسی توازن کو متاثر کیا۔
انہوں نے کہا کہ اس جنگ میں ایران کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا اور اہم شخصیات، کمانڈروں اور قیمتی انسانی سرمائے کی قربانیاں دینی پڑیں، تاہم ایرانی قوم نے فوجی، سیاسی، اقتصادی اور سکیورٹی دباؤ کے باوجود ہمت نہیں ہاری۔
ان کے مطابق بیرونی دنیا میں بھی ایران کی اس مزاحمت پر حیرت کا اظہار کیا جارہا ہے۔ گزشتہ سات ماہ کے دوران ملائیشیا، عراق اور بوسنیا کے دوروں میں انہیں مختلف ممالک کی شخصیات سے ملاقات اور گفتگو کا موقع ملا۔ ان ملاقاتوں سے یہ بات سامنے آئی کہ دنیا کے بہت سے لوگ ایران کی استقامت اور عوامی اتحاد کو غیر معمولی واقعہ سمجھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی طاقت صرف فوجی وسائل تک محدود نہیں، بلکہ اس کی اصل بنیاد عوام کا ایمان، اعتقادی وابستگی، قومی اتحاد اور آزادی و خودمختاری کے تحفظ کا جذبہ ہے۔ یہ ایسی قوت ہے جسے عام سیاسی اور فوجی اندازوں سے نہیں ناپا جاسکتا۔
عالمی سطح پر ایران سے رابطوں کا نیا موقع
حوزہ علمیہ کے سربراہ نے کہا کہ حالیہ حالات کے بعد دنیا کے مختلف ممالک، بالخصوص اسلامی اور افریقی ممالک میں ایران کے بارے میں دلچسپی بڑھی ہے۔ اہل سنت شخصیات اور مختلف دینی و سماجی حلقوں نے بھی ایران سے رابطوں اور ملاقاتوں میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔
انہوں نے اس صورت حال کو ایک اہم موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کو چاہیے کہ وہ دنیا کے مختلف ممالک کے عوام، دانشوروں، مذہبی شخصیات اور ثقافتی اداروں کے ساتھ اپنے تعلقات مضبوط کرے۔
آیت اللہ اعرافی نے خاص طور پر افریقی براعظم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہاں انسانی، دینی اور ثقافتی صلاحیتیں بہت زیادہ ہیں۔ اس لیے افریقی ممالک کے ساتھ علمی، دینی اور ثقافتی روابط کو وسعت دینے کے لیے طویل مدتی منصوبہ بندی ضروری ہے۔
انہوں نے جنوبی لبنان کی صورت حال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں تباہی اور حملوں کے باوجود عوام اور مزاحمتی قوتوں کا حوصلہ برقرار ہے۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں اتحاد، بیداری، منصوبہ بندی اور رہبر معظم کی رہنمائی پر عمل کرنا ضروری ہے۔
خطبات فدکیہ نئی نسل کے لیے علمی و فکری سرمایہ
آیت اللہ اعرافی نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت کی مناسبت سے خطبہ فدکیہ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ خطبہ معرفت، عقائد، سیاست اور انسانی رہنمائی کا ایک جامع منشور ہے۔
انہوں نے کہا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا نے رسول اکرمؐ کی رحلت کے بعد انتہائی مشکل حالات میں یہ خطبہ ارشاد فرمایا۔ اس وقت معاشرے میں بہت سے لوگ خاموش تھے اور حقائق کو سمجھنے میں تذبذب کا شکار تھے۔ ایسے حالات میں حضرت زہرا سلام اللہ علیہا نے اپنی بصیرت اور فکری رہنمائی کے ذریعے حق و باطل میں فرق واضح کیا۔
انہوں نے کہا کہ خطبہ فدکیہ میں توحید، خدا کی وحدانیت، انسان کی فطرت، عقل اور زندگی کے مختلف پہلوؤں کو نہایت جامع انداز میں بیان کیا گیا ہے۔ اس خطبے کا بنیادی پیغام یہ ہے کہ انسان کی زندگی کا اصل مقصد خدا کی معرفت اور اس کی رضا کے مطابق زندگی گزارنا ہے۔
ان کے مطابق خطبہ فدکیہ صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ تمام نسلوں کے لیے رہنمائی کا ذریعہ ہے۔ علما اور حوزہ علمیہ کی ذمہ داری ہے کہ اس عظیم علمی و دینی میراث کو نئی نسل تک پہنچائیں۔










آپ کا تبصرہ