اتوار 29 نومبر 2026 - 21:02
راجستھان میں آیت اللہ وحید خراسانی کی خدمات کو خراجِ عقیدت، علماء کا تعزیتی اجتماع

حوزہ/ لکھنؤ سے تشریف لائے مولانا محمد میاں عابدی کا خطاب؛ علماء و مؤمنین نے آیت اللہ وحید خراسانی کی ۱۰۸ سالہ علمی و دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سرزمینِ راجستھان میں بارگاہ حضرت ابوالفضل العباسؑ، دورائی میں امام زمانہؑ کی سرپرستی اور علماء راجستھان کے زیرِ اہتمام آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی کی یاد میں تعزیتی اجتماع منعقد ہوا۔ اس پروگرام میں راجستھان کے علماء، دینی شخصیات اور مؤمنین نے شرکت کی اور آیت اللہ وحید خراسانی کی گراں قدر علمی، دینی اور تبلیغی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

اجتماع میں علماء راجستھان نے اپنے اپنے علمی و دینی مقام کے اعتبار سے تعزیتی کلمات پیش کیے اور آیت اللہ وحید خراسانی کی شخصیت، علمی عظمت، اخلاص اور مکتبِ اہل بیتؑ کی ترویج و اشاعت کے لیے ان کی بے مثال خدمات کو سراہا۔

اس موقع پر خصوصی طور پر لکھنؤ سے تشریف لائے مولانا محمد میاں عابدی نے خطاب کیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں آیت اللہ وحید خراسانی کی پاکیزہ زندگی، علمی مقام، دینی بصیرت اور مکتبِ اہل بیتؑ کے فروغ کے لیے انجام دی جانے والی خدمات پر روشنی ڈالی۔ مولانا محمد میاں عابدی نے آیت اللہ وحید خراسانی کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو بیان کرتے ہوئے ان کے عشقِ اہل بیتؑ اور بالخصوص حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا سے والہانہ محبت کا ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ آیت اللہ وحید خراسانی کی شخصیت محتاجِ تعارف نہیں۔ عصرِ حاضر میں ایامِ فاطمیہ کے احیاء اور عزائے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ترویج کے حوالے سے ان کی خدمات ایک منفرد مقام رکھتی ہیں۔ انہوں نے اپنی علمی و دینی زندگی کو مکتبِ اہل بیتؑ کی خدمت اور مودتِ حضرت زہرا سلام اللہ علیہا کے فروغ کے لیے وقف کر دیا تھا۔ ان کی علمی و معنوی رہنمائی اور مسلسل جدوجہد کے نتیجے میں کشمیر سے کنیا کماری تک عزائے فاطمی کے احیاء کی تحریک کو فروغ حاصل ہوا اور ہندوستان کے مختلف علاقوں میں ایامِ فاطمیہ کی مجالس و عزاداری نے نئی قوت حاصل کی۔

اجتماع میں شریک علماء نے اس بات پر زور دیا کہ آیت اللہ وحید خراسانی کی خدمات صرف علمی میدان تک محدود نہیں تھیں، بلکہ انہوں نے عزائے فاطمی کے احیاء، دینی شعور کی بیداری اور مکتبِ اہل بیتؑ کی ترویج کے لیے بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ ان کی زندگی علم، تقویٰ، اخلاص اور محبتِ اہل بیتؑ کا روشن نمونہ تھی۔

علماء راجستھان اور مؤمنین نے اپنے تعزیتی کلمات میں آیت اللہ وحید خراسانی کی ۱۰۸ سالہ خدمات کو یاد کرتے ہوئے ان کے علمی و دینی آثار کو ہمیشہ زندہ رکھنے اور ان کے مشن کو جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha