اتوار 29 نومبر 2026 - 21:19
جدید تعلیم حاصل کریں، مگر اسلامی شناخت نہ کھوئیں: مولانا اشرف علی الغروی

حوزہ/ المعارج ایجوکیشن ٹرسٹ لکھنو کے زیر اہتمام جشنِ عصمت و تعلیمی کانفرنس کا انعقاد، طلبہ و طالبات نے پیش کئے تعلیمی مظاہرے

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، لکھنؤ/ المعارج ایجوکیشن ٹرسٹ ہاسٹل، اسکول و مدرسہ کے زیر اہتمام حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے 29 نومبر 2026 بروز اتوار جشنِ عصمت و تعلیمی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کا آغاز دوپہر 1:30 بجے تلاوتِ قرآن کریم سے ہوا۔ اس موقع پر طلاب و طالبات نے اپنے تعلیمی مظاہرے پیش کئے، جب کہ مختلف علمائے کرام نے حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی سیرت، اسلامی تعلیم و تربیت اور جدید علوم کی اہمیت پر اظہارِ خیال کیا۔

کانفرنس کی صدارت حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید اشرف علی الغروی نمائندہ آیت اللہ العظمیٰ سید علی حسینی سیستانی دام ظلہ العالی نے کی۔ بانی ادارہ مولانا محمد علی عابدی نے افتتاحی تقریر کی۔ بعدہ مولانا محمد موسیٰ رضوی استاد جامعہ سلطانیہ لکھنو، مولانا سید ممتاز جعفر مدیر جامعہ امامیہ تنظیم المکاتب لکھنو، مولانا سید تنویر عباس، مولانا سید علی ہاشم عابدی اور مولانا فروغ مہدی زید پوری نے خطاب کیا۔

کانفرنس کے اختتامی خطاب میں مولانا سید اشرف علی الغروی نے اسلامی اقدار کے تحفظ کے ساتھ جدید علوم میں ترقی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بچوں کو جدید تعلیمی اداروں میں تعلیم دلانا کوئی مسئلہ نہیں، اصل ضرورت یہ ہے کہ ان کی دینی شناخت، اسلامی فکر اور اخلاقی تربیت محفوظ رہے۔ بچے ڈاکٹر، انجینئر یا سائنس داں بنیں اور زندگی کے کسی بھی شعبے میں اعلیٰ مقام حاصل کریں، لیکن ان کی ترقی انہیں دین سے دور کرنے کے بجائے اسلام کا مؤثر نمائندہ بنائے۔

مولانا سید اشرف علی الغروی نے کہا کہ زندگی کے ہر میدان میں کامیابی کے لئے بلند مقصد، پختہ یقین اور صبر و استقامت بنیادی اہمیت رکھتے ہیں اور حقیقی کامیابی مسلسل محنت اور ثابت قدمی سے حاصل ہوتی ہے۔

مولانا سید اشرف علی الغروی نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کی ایسی تربیت کریں کہ وہ دینی اقدار سے وابستہ رہتے ہوئے جدید علوم و فنون میں بھی نمایاں مقام حاصل کریں۔ انہوں نے نوجوانوں کو نصیحت کی کہ وہ جہاں رہیں، اپنی علمی صلاحیتوں، اچھے کردار اور مفید خدمات کے ذریعہ اس کے لئے ایک کارآمد اور ناگزیر فرد بنیں۔

پروگرام کے اختتام پر بانی ادارہ المعارج مولانا محمد علی عابدی نے تمام علماء و افاضل، مومنین و مومنات کا شکریہ ادا کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha