حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے زیراہتمام مرکزی اسکاوٹس کیمپ میں (ظہور امام زمانہ ع کے آداب اور ہماری ذمہ داریاں) کے موضوع پر درس دیتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ امام مہدی ع انبیاء کرام کے وارث ہیں لہذا ان کی جدوجہد تحریک انبیاء کا تسلسل ہے۔ منتظرین امام زمانہ ع کو علم و تقوی کے ذریعہ کردار سازی اور معاشرہ سازی کرنی چاہیے۔ زمانہ غیبت میں نائب امام ولی فقیہ ہی کے ذریعے ہم امام وقت کی اطاعت کر سکتے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ امریکہ اور اسرائیل عصر حاضر کے فرعون اور یزید ہیں ان کی غلامی کرنے والے حکمران امت مسلمہ اور انسانیت سے خیانت کے مرتکب ہو رہے ہیں۔ آل سعود نے امریکی غلامی کے بعد اب اسرائیل غاصب کی غلامی کا طوق اپنی گردن میں ڈالا ہے لہذا وہ امت مسلمہ کی قیادت کے کسی طور اھل نہیں۔
انہوں نےکہا کہ انسانیت کا مستقبل تابناک ہے ظالموں کے تخت و تاج خطرے میں ہیں کیوں اب مظلوم بیدار ہو کر طاغوت کے خلاف صف آرا ہو چکے ہیں۔
آپ کا تبصرہ