حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے عراق کے نئے سفیر کے اسناد سفارت وصول کرنے کی غرض سے انجام پانے والی ملاقات میں کہا کہ ایک دوست، برادر اور پڑوسی ملک کی حیثیت سے عراق کے ساتھ ایران کے تعلقات غیر معمولی اہمیت کے حامل ہیں۔
صدر ڈاکٹر حسن روحانی نے کہا کہ ایرانی عوام میں بزرگ مرجع تقلید آیت اللہ العظمی سیستانی کا خاص احترام ہے اور عراق میں امن و استحکام کے قیام میں مرجعیت کا کردار بے نظیر ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف مہم میں ایران پوری توانائی کے ساتھ عراقی حکومت اور قوم کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور دو عظیم کمانڈروں کی حیثیت سے جنرل قاسم سلیمانی اور ابومہدی المہندس کی شہادت اس حقیقت کی آئینہ دار ہے کہ ایران اور عراق کے عوام، دہشت گردی کے مقابلے میں ایک دوسرے کے ساتھ مل کر استقامت کا مظاہرہ کرتے رہے ہیں۔
اس ملاقات میں تہران میں عراق کے نئے سفیر نصیر عبد المحسن عبداللہ نے بھی سفارتی دستاویزات پیش کرتے ہوئے تہران اور بغداد کے درمیان ماضی سے کہیں زیادہ تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عراق کی حکومت اور عوام داعش دہشت گرد گروہ کے خلاف جنگ میں ایران کی مدد کو کبھی فراموش نہیں کر سکتے۔