حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اصغریہ علم و عمل تحریک پاکستان کے مرکزی جنرل سیکریٹری قمر عباس غدیری نے انقلاب اسلامی کے موقع پہ مظلومین جہاں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پریس بیان میں کہا ہے کہ انقلاب ایران دنیا کے عظیم ترین انقلابوں میں سرفہرست شمار ہوتا ہے۔
اس انقلاب نے پوری دنیا میں ایک تہلکہ و ہل چل مچا دی ہے، یہ صحیح معنوں میں ایک اسلامی و عوامی انقلاب ہے، جس کی راہنمائی دانشوروں نے کی، اس عظیم جدوجہد کی صف اول میں مسلمان دینی طبقے، طلباء، مزدور، عام چھوٹے ملازم، کسان اور کاریگر تھے۔ ان کی قیادت زمانے کی نبض پر ہاتھ رکھنے والے عظیم جامع الشرائط فقیہ امام خمینی (رہ) کر رہے تھے۔ یہ طے ہے کہ امام خمینی (رہ) کی بے مثال و لازوال جدوجہد اور جذبہ ایمانی کے بغیر یہ انقلاب کبھی پایہ تکمیل تک نہ پہنچتا۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیا بھر میں ہونے والے مظالم کا سرغنہ امریکہ و اسرائیل ہے جو کہ ہر مذہب، قوم و نسل کا دشمن ہے، جب کہ رہبر انقلابا سلامی سید علی خامنہ ای دنیا بھر میں مظلومین جہاں کا لیڈر قرار پایا ہے جو کہ حقیقی منعی میں اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے ظالم کے خلاف برسرپیکار ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ دنیا کے تمام مظلومین اور محکوم رہبر کی قیادت میں جامع ہوکر ظالم سے اظہار بیزاری کریں۔