۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
جعفریہ الائنس پاکستان کے تحت تعزیتی ریفرنس" بیاد سید سلمان مجتبیٰ نقوی منعقد

حوزہ/ آرٹس کونسل میں ہونے والے تعزیتی ریفرنس بیاد سلمان مجتبی اپنی نوعیت کی ایک الگ تقریب ہے جس میں کراچی بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ہے، مرحوم کے لئے اتنی کثیر تعداد میں لوگوں کا یہاں پر جمع ہونا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ سلمان مجتبی ایک عظیم انسان تھے جس کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جعفریہ الائنس پاکستان کی جانب سے صدر علامہ سید رضی جعفر نقوی صاحب کی صدارت میں ایک  تعزیتی ریفرنس" بیاد سید سلمان مجتبیٰ نقوی (مرحوم) " بمقام آرٹس کونسل آف پاکستان، کراچی میں منعقد ہوا جس میں جعفریہ الائنس پاکستان کے سابق جنرل سیکرٹری مرحوم سید سلمان مجتبیٰ کی ملت تشیع اور عزاداری کے لئے بے لوث خدمات  پر انہیں بھرپور خراج تحسین پیش کیا گیا۔

تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے عامر خان کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کو چاہیئے کہ پوری دنیا میں متحد ہوکر کفر کا مقابلہ کرے اور جہاں تک ممکن ہو اسلام کی بقاء کی بات کی جائے، آج آرٹس کونسل میں ہونے والے تعزیتی ریفرنس بیاد سلمان مجتبی اپنی نوعیت کی ایک الگ تقریب ہے جس میں کراچی بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی ہے، مرحوم کے لئے اتنی کثیر تعداد میں لوگوں کا یہاں پر جمع ہونا اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ سلمان مجتبی ایک عظیم انسان تھے جس کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔

اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار کا یہ کہنا تھا کہ سلمان مجتبیٰ نے اتحاد و وحدت کی کراچی میں جو فضاء قائم کی ہوئی تھی وہ آج بھی قائم ہے، محرم کے جلوس اور مجالس ربیع الاول کی میلاد ہو یا کانفرنسز سلمان مجتبیٰ نے ہر سطح پر تعاون کیا۔ صدارتی خطاب سے جعفریہ الائنس پاکستان کے صدر علامہ سید رضی جعفر نقوی کا کہنا تھا کہ آج سجنے والا یہ گلدستہ ہمیشہ اتحاد و بھائی چارگی کی فضاء میں خوشبو بکھیرتا رہے گا اور ہماری کوشش بھی یہی ہے کہ جعفریہ الائنس میں سلمان مجتبیٰ کی وفات کے بعد جو خلاء آیا ہے وہ انشاءاللہ جلد ہم پورا کریں گے۔

تعزیتی ریفرنس میں ڈی آئی جی ساؤتھ جناب جاوید اکبر ریاض صاحب، ایم کیو ایم پاکستان کے ڈپٹی کنوینر جناب عامر خان صاحب،  , ڈی آئی جی ویسٹ جناب عاصم قائم خانی صاحب، سابق میئر کراچی جناب ڈاکٹر فاروق ستار صاحب، ڈی آئی جی ایسٹ جناب نعمان صدیقی صاحب,سابق چیئرمین ڈسٹرکٹ ایسٹ جناب معید انور صاحب،ایس ایس پی  جناب ڈاکٹر عباس رضوی صاحب،  ایس پی جناب سید سلمان حسین صاحب اور اسکے علاوہ منظوم خراج عقیدت جناب خاکی نقوی صاحب، جناب کوثر نقوی صاحب،  جناب آصف اعجاز صاحب اور جناب سید قاسم مجتبیٰ نقوی (فرزند سید سلمان مجتبیٰ)  نے پیش کیا۔ نظامت کے فرائض جناب عباس نقوی نے ادا کئے۔ 

ریفرنس میں علمائے کرام و ذاکرین عظام ، مختلف تنظیمات کے ذمہ داران اور انجمنوں کے عہدیداران، مختلف ٹرسٹ کے ٹرسٹیز حضرات، اسکاؤٹس کے نمائندگان اور دیگر ذمہ داران نے بھرپور طریقے سے شرکت فرمائی۔  

آخر میں صدارتی خطاب صدر جعفریہ پاکستان علامہ سید رضی جعفر نقوی صاحب نے کیا اور جنرل سیکریٹری جعفریہ الائنس پاکستان جناب سید شبر رضا صاحب نے حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .