۲۸ فروردین ۱۴۰۳ |۷ شوال ۱۴۴۵ | Apr 16, 2024
مجلس وحدت مسلمین کے وفد کی پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت سے ملاقات:

حوزہ/ عزاداری کی بنیاد پر مقدمات کا اندراج غیر منصفانہ اقدام ہےجو کسی صورت قابل قبول نہیں، پنجاب میں عزاداروں کے خلاف قائم مقدمات کو فوری طور پر ختم کرنے کیا جائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ عبد الخالق اسدی، مرکزی سیکرٹری سیاسیات و فوکل پرسن برائے مذہبی ہم آہنگی حکومت پنجاب سید اسد عباس نقوی، ممبر صوبائی اسمبلی سیدہ زہرا نقوی ،علامہ محمد اقبال کامرانی، علامہ حسن رضا ہمدانی اور حسن کاظمی پر مشتمل اعلیٰ سطح وفد نے پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت سے ملاقات کی اور انہیں پنجاب میں عزاداروں کے خلاف درج ہونے والے مقدمات پراپنی تشویش سے آگاہ کیا۔

وفد نے کہا کہ عزاداری ہماری عبادت ہے۔کسی بھی قانون کے تحت عبادات پر پابندی نہیں لگائی جاسکتی۔پنجاب کے بعض اضلاع میں متعصب پولیس افسران کے ایماء پر ملت تشیع کو مسلسل نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ریاستی اداروں کا اپنے اختیارات سے تجاوز قانون و انصاف کی پامالی ہے۔عزاداری کی بنیاد پر مقدمات کا اندراج غیر منصفانہ اقدام ہےجو کسی صورت قابل قبول نہیں۔انہوں نے پنجاب میں عزاداروں کے خلاف قائم مقدمات کو فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔

صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ قانون وانصاف کی بالادستی پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ملک میں بسنے والے ہر فردکو اپنے عقیدے کے مطابق آزادانہ زندگی گزارنے کا حق حاصل ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کے وفد کے تحفظات دور کرنے کے لیے مناسب اقدامات کیے جائیں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .