حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ نائب امیر مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان ڈاکٹر عبدالغفور راشد نے کہا ہے کہ افغانستان میں ہونے والے واقعات سے پاکستان خود کو الگ تھلگ نہیں رکھ سکتا۔ امریکہ افغانستان کو تباہ کن حالات میں چھوڑ کر جارہا ہے۔ دہشت گردی کے خاتمے کے نام پر اسلامی ملک پر امریکہ نے حملہ کیا، مگر 20 سال میں امریکہ نے افغانستان میں دہشت گردی پھیلانے کے سوا کچھ نہیں کیا۔ خود بھی تباہ ہوا اور افغان عوام کو در بدر اور ملک کو تباہ کرکے جارہا ہے۔
ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا افغانستان میں امن کا قیام عالمی برادری کی ذمہ داری ہے، مگر افسوس اقوام متحدہ کہیں نظر نہیں آرہی طالبان اور حکومت کے درمیان جاری جنگ کا نقصان شدید ہوگا۔لگتا ہے کہ امریکہ جاتے ہوئے بھی افغانستان اور افغان عوا م کو تباہ کرکے جانا چاہتا ہے۔ امریکی فوجوں کے انخلاکے بعد کا منظر نامہ کہیں نہیں ہے۔اس لئے زمینی حقائق بتارہے ہیں کہ 40 سال سے بدامنی کا شکار افغانستان ایک نئی خانہ جنگی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ متحارب گروپ اور حکومت کو بھی ہوشمندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔