۱ آذر ۱۴۰۳ |۱۹ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 21, 2024
حضرت امام محمد تقی (ع) کی شہادت کے موقع پر جامعہ امامیہ تنظیم المکاتب میں جلسہ سیرت منعقد

حوزہ/ مولانا سید مشاہد عالم رضوی صاحب مبلغ جامعہ امامیہ نے بیان کیا کہ امام محمد تقی علیہ السلام نے مختصر زندگی اور مشکلات کے باوجود امت کی ہدایت اور شاگردوں کی تربیت فرمائی کہ شیعہ اور اہل سنت کتابوں میں آپ کی 200 حدیثیں نقل ہوئی ہیں۔ 

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنو/ حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کی شہادت کے موقع پر جامعہ امامیہ تنظیم المکاتب میں جلسہ سیرت منعقد ہوا۔ 

جلسہ کا آغاز مولانا سید محمد فہیم رضوی صاحب مبلغ جامعہ امامیہ نے تلاوت قرآن کریم سے کیا، بعدہ مولانا محمد عباس معروفی صاحب مبلغ و استاد جامعہ امامیہ نے حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کی زیارت مع ترجمہ تلاوت کی۔ 
مولانا سید صفدر عباس صاحب فاضل جامعہ امامیہ اور مولانا سید صفی حیدر رضوی صاحب فاضل جامعہ امامیہ نے بارگاہ امام جواد علیہ السلام میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا۔ 

مولانا سید کمیل عباس صاحب مبلغ جامعہ امامیہ نے حضرت امام محمد تقی علیہ السلام کی حدیث"نعمت پر شکر ادا نہ کرنا اس گناہ جیسا ہے جو قابل بخشش نہ ہو۔" کو بیان کرتے ہوئے شکر نعمت کی وضاحت کی۔ 

مولانا سید مشاہد عالم رضوی صاحب مبلغ جامعہ امامیہ نے بیان کیا کہ امام محمد تقی علیہ السلام نے مختصر زندگی اور مشکلات کے باوجود امت کی ہدایت اور شاگردوں کی تربیت فرمائی کہ شیعہ اور اہل سنت کتابوں میں آپ کی 200 حدیثیں نقل ہوئی ہیں۔ 

مولانا سید محمد علی صاحب استاد جامعہ امامیہ نے امام محمد تقی علیہ السلام کی علمی شخصیت کو بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ امام محمد تقی علیہ السلام نے کمسنی میں نسب شناسوں کے سامنے خطبہ دیا کہ جسے سن کر لوگ حیرت زدہ ہو گئے۔ امام محمد تقی علیہ السلام نے مناظرہ کئے کہ یحیی بن اکثم جیسا عالم آپ کی علم کا اقرار کرنے پر مجبور ہو گیا۔ 

مولانا سید علی ہاشم عابدی صاحب استاد جامعہ امامیہ نے بیان کیا کہ امام محمد تقی علیہ السلام کے دو بیٹے ایک امام علی نقی علیہ السلام ہیں اور دوسرے حضرت موسی مبرقع علیہ السلام جو رضوی سادات کے جد اعلی ہیں انکا مزار قم مقدس میں ہے، اسی طرح اللہ نے آپ کو چار بیٹیاں عطا کی۔ حکیمہ، زینب، فاطمہ اور امامہ علیہن السلام، جناب حکیمہ نے جناب نرجس خاتون کو تعلیم دی اور  امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی ولادت با سعادت کے موقع پر آپ کے ہمراہ تھیں۔ جناب زینب نے قم مقدس میں حضرت معصومہ سلام اللہ علیہ کی قبر مبارک پر بارگاہ تعمیر کرائی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .