حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،نجف اشرف عراق کے مدرسہ الصراط المستقیم میں کتاب "جہات عزاداری"تصنیف علامہ سید ارتضی حسین نقوی کا رسم اجرا، علماء و فضلاء نجف اشرف کے ہاتھوں سے ہوا۔ جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن مجید سے ہوا جس میں نصر اللہ مہدی نجفی نے کلام اللہ کی تلاوت کی اس کے بعد حجت الاسلام والمسلمین عالیجناب مولانا عبداللہ غروی صاحب نے اہمیت عزاداری پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے موضوعات کی ہر زمانہ میں ضرورت ہے کیونکہ یزیدی کردار اور ظلم وستم معاشروں میں ابھی بھی موجود ہے لہذا یہ ہی عزاداری اور روح عزاداری (مقصد امام حسین علیہ السلام) انسانیت کو بچا سکتی ہے۔
رسم اجرا میں نجف اشرف کے طلاب علماء و فضلا نے کثیر تعداد میں شرکت کی جن میں مولانا عابس خان نجفی، مولانا دائم نجفی، مولانا شہریار نجفی، مولانا معصوم مہدی نجفی، مولانا فرقان نجفی، مولانا نظیر نجفی، مولانا دلاور نجفی وغیرہ کے اسماء گرامی قابل ذکر ہیں۔
کتاب "جہات عزاداری" کی پی ڈی ایف فائل حاصل کرنے کے لیے یہاں کلک کریں
رسم اجراء کے بعد فضائل و مصائب سید الشہدا حضرت امام حسین علیہ السلام حجۃ الاسلام و المسلمین رضا علی دائم نجفی صاحب نے بیان فرمائے۔ کتاب ادارہ قرآن و اہلبیت علیہم السلام کی جانب سے زیرنگرانی مؤسسہ حضرت امام علی رضا علیہ السلام نجف اشرف میں نشر ہوئی۔
آخر میں حجۃ الاسلام و المسلمین سید محمد مہدی زیدی صاحب مدیر مدرسہ صراط المستقیم و بانی موسسہ امام علی رضا علیہ السلام نے تمام معاونین اور اہل قلم کا شکریہ ادا کیا کہ ان لوگوں نے اپنا قیمتی وقت دے کر اپنی تحریریں ہم تک ارسال فرما کر کتاب کی اہمیت میں چار چاند لگا دئےجن میں مولانا سید رضی حیدر صاحب ایران کلچر ہاؤس دہلی کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ ان کی تقریظ نے کتاب کے عنوان کو مزید اہمیت کا حامل بنا دیا ہے۔ اور ان شعراءکرام کا جنہوں نے کتاب میں امام حسین علیہ السلام کی خدمت میں عقیدت اور فضائل و مصائب سے سرشار اشعار پیش کئے جن میں نجم آفندی، نظیر باقری، واجد علی شاہ اختر، سید رضا علی دائم نجفی، سید تحریرعباس نجفی، سید شہریار حسین نجفی، سید بابر حسین کاظمی، سید محمد حیدر پھندیڑوی صاحبان کے اسماء قابل ذکر ہیں۔ اس کے بعد تمام حاضرین و طلاب مدارس نجف اشرف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنی بات کو مکمل کیا۔ کتاب کی پی ڈی ایف اپنے قارئین کی خدمت میں پیش کی جاتی ہے۔