۶ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۶ شوال ۱۴۴۵ | Apr 25, 2024
مولانا کلب جواد نقوی

حوزہ/ نماز جمعہ کے دوران مسجد پر حملہ کرکے بے گناہ نمازیوں کو شہید کرنا اس بات کی علامت ہے کہ دہشت گرد تنظیمیں اسلام دشمن طاقتوں کی آلۂ کار ہیں جنہیں اسلامی لبادے میں اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرنے کے لیے تیار کیا گیا ہے ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لکھنؤ/ افغانستان کے صوبہ قندوز کے خان آباد بندرگاہ کے علاقے میں واقع شیعہ جامع مسجد میں ہوئے بم دھماکے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مجلس علمائے ہند کے جنرل سکریٹری،امام جمعہ مولانا سید کلب جواد نقوی نے کہاکہ افغانستان میں شیعوں کے قتل عام کی وارداتیں بڑھتی جارہی ہیں ۔نماز جمعہ کے دوران مسجد پر حملہ کرکے بے گناہ نمازیوں کو شہید کرنا اس بات کی علامت ہے کہ دہشت گرد تنظیمیں اسلام دشمن طاقتوں کی آلۂ کار ہیں جنہیں اسلامی لبادے میں اسلام اور مسلمانوں کو بدنام کرنے کے لیے تیار کیا گیاہے ۔

مولانا نے کہاکہ کوئی بھی مسلمان مسجد پر حملہ نہیں کرسکتا ۔حملہ کرنے والے دہشت گرد گروہوں نے استعمار کی کوکھ سے جنم لیاہے جنہیں مسلمان کے قتل عام پر مامور کیاگیاہے ۔ان کے خلاف تمام انصاف پسند مسلمان ممالک اور امن پسند دنیا کو متحد ہونا ہوگا ۔

مولانانے دھماکے میں شہید ہوئے نمازیوں کے اہل خانہ کے تئیں اظہار ہمدردی کرتے ہوئے ان کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی ۔مولانانے کہا کہ افغانستان میں اس وقت داعش جیسی دہشت گرد تنظیم فعال ہے جو اسلام اور مسلمانوں کی کھلی ہوئی دشمن ہے ۔اگر افغانستان سرکار خود کو شیعوں کا ہمدرد ظاہر کرتی ہے ،تو انہیں مجرموں کے خلاف سخت کاروائی کرنی چاہیے ۔مولانا نے کہا کہ افغانستان کی زمینی صورتحال دن بہ دن بدتر ہوتی جارہی ہے ۔اقتدار کی تبدیلی کے ساتھ دہشت گرد گروہ فعال ہوگئے ہیں ،ان پر لگام کسنے کی ضرورت ہے ۔

مولانانے کہا کہ ہم ہندوستانی مسلمان افغانستان کے مظلوموں کے ساتھ ہیں اور ظالموں کے خلاف ان کے حامی ہیں ۔ہم شہداء کے خانوادوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں اور ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں ۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .