۶ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۶ شوال ۱۴۴۵ | Apr 25, 2024
آیت اللہ حافظ ریاض نجفی

حوزہ/ جامع علی مسجد جامعتہ المنتظر میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے وفاق المدارس شیعہ پاکستان کے سربراہ نے کہا کہ اسلام میں بیٹی کی شادی پر جہیز یا ولیمہ کا کوئی تصور نہیں۔ لڑکے کی طرف سے دیئے جانے والے حق مہر میں سے جہیز کا انتظام ہونا چاہئے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،لاہور/ وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی نے کہا ہے کہ اسلام میں بیٹی کی شادی پر جہیز یا ولیمہ کا کوئی تصور نہیں۔ لڑکے کی طرف سے دیئے جانے والے حق مہر میں سے جہیز کا انتظام ہونا چاہئے۔رسول اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جیسی ہستی نے فاطمة الزہرائؑ جیسی عزیز ترین بیٹی کی شادی کے موقع پر کسی قسم کی کوئی مہمان نوازی کی نہ اپنی طرف سے جہیز پر کچھ خرچ کیا۔

جامع علی مسجد جامعتہ المنتظر میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ معاشرہ کس قدر اخلاقی پستی کا شکار ہوگیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان میں والدین کو گھر سے نکالنے پر سزا کی قانون سازی کی گئی ہے۔یورپ میں ایسے قوانین کی اہم وجہ خاندانی نظام کا نہ ہونا،پرورش اور تربیت کا دینی فطرت کے مطابق نہ ہونا ہے جس کا نتیجہ بے گانگی،لاتعلقی اور سرد مہری کی صورت میں نکلا ہے۔لیکن اسلامی تعلیمات کی بنیا داحترام، محبت اور شفقت پر ہے۔ناداری کی حالت میں بھی والدین پر خرچ کرنا لازم ہے۔دیگر رشتہ داروں اور مستحق مانگنے والوں کی مدد کی بھی تاکید کی گئی ہے کہ اس سے مال میں برکت ہوتی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ قرآن کی رُو سے اگر دینے کی طاقت یا طبیعت نہ ہو توسائل کودھتکارنے یا سختی سے پیش آنے کی بجائے نرمی و خوش خُلقی سے ٹال دیا جائے۔ مولا علی ؑ کا فرمان ہے تیرے مال، عہدہ،علم سمیت ہر نعمت میں دوسروں کا حق ہے۔کنجوسی اور غیر ضروری عطا،ہر دو سے منع کیا گیا ہے۔سب کچھ نہیں لُٹا دینا چاہئے۔اپنے اہل و عیال کی ضروریات کو ترجیح دینا چاہئے۔

حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ انسان کا سب سے بڑا محسن اللہ تبارک و تعالیٰ ہے جس نے اسے اَن گنت نعمتیں عطا فرمائیں جن میں عقل سرِفہرست ہے۔ اللہ تعالیٰ کے بعد والدین بہت بڑے محسن ہیں۔والدین کی اطاعت ان کی زندگی میں لازم اور وفات کے بعد بھی ان کے لئے دعا ضروری ہے۔ان کی قبر پر پائینتی کی جانب بیٹھ کر دعا کرنا چاہئے۔ امامؑ سے سوال کیا گیا کہ قبر کا علم نہ ہوتو فرمایا زمین پر دو لکیریں کھینچ کر ان کی قبروں کا تصور کر کے دعا مانگی جائے تو قبول ہو گی۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .