۴ آذر ۱۴۰۳ |۲۲ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 24, 2024
آیت الله شب زنده دار

حوزہ/ گارڈین کونسل کے ممبر نے ارادے، چاہنے، خوف خدا اور وعظ و نصیحت کو سننے کو معنوی مقامات حاصل کرنے کی شرائط میں سے قرار دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ مہدی شب زندہ دار نے گزشتہ رات حرم حضرت معصومہ (قم) میں اپنے درس اخلاق میں ارادے، چاہنے، خوف خدا اور وعظ و نصیحت کے سننے کو معنوی مقامات حاصل کرنے کی شرائط میں سے قرار دیا۔

حوزہ علمیہ کی اعلی کونسل کے ممبر نے کہا: انسان کو ارادہ کرنا چاہیے کہ وہ وعظ و نصیحت پر عمل اور دوسروں کی نصیحت کو قبول کرے گا۔

انہوں نے کہا: انسان کو اپنے اندر ایسی حالت پیدا کرنی چاہیے کہ وہ نصیحت کو قبول کرے۔ بعض افراد ہٹ دھرمی کرتے ہیں اور نہیں چاہتے کہ پندو نصیحت کو قبول کریں۔ ایسے افراد جب تک اس طرح عمل کرتے رہیں گے وہ بلند (اخلاقی) مقامات حاصل نہیں کر سکتے۔

اخلاق کے استاد نے کہا: انسان کو اس طرح اپنی تربیت کرنی چاہیے کہ وہ دوسروں کی نصیحت پر کان دھرے۔ خداوند متعال نے بعض انبیاء (ع) کو حکم دیا کہ اگر شیطان بھی تمھیں اچھی نصیحت کرے تو اسے قبول کرو۔ اگرچہ شیطان انسان کا دشمن ہے لیکن اگر وہ بھی صحیح نصیحت کرے تو اسے قبول کرنا چاہیے۔

آیت اللہ شب زندہ دار نے کہا: بلند معنوی مقامات تک پہنچنے کے لئے انسان میں پند و نصیحت کو قبول کرنے کی آمادگی ہونی چاہیے اور یہ آمادگی انسان کے روح کی بلندی کا باعث ہے۔ قرآن کریم میں اہل جہنم سے نقل کرتے ہوئے ارشاد خداوندی ہے "اگر ہم نے وعظ و نصیحت کو قبول کرنے کی آمادگی کی ہوتی تو ہم ایک قدم آگے ہوتے اور آج ہماری جگہ جہنم نہ ہوتی"۔

آیت اللہ شب زندہ دار نے وعظ و نصیحت کو انسان کے لیے مضبوط پناہ گاہ قرار دیتے ہوئے کہا: ہمیں دوسروں کی نصیحت سننے سے پہلے اپنے لیے واعظ ہونا چاہیئے کیونکہ اگر اس طرح نہ ہو تو دوسروں کی نصیحت بھی نفس قبول نہیں کرے گا۔

حوزہ علمیہ کے درس خارج کے اس استاد نے آخر میں سورہ دہر کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: ہمیں خلوت میں بیٹھ کر اپنے نفس کو موردِ خطاب قرار دینا چاہیے۔ اگر ہم نے یہ کام کیا تو خدا بھی روحانی اور معنوی راہ میں ہمارے لئے ترقی و پیشرفت کے اسباب فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا: ائمہ اہل بیت علیہم السلام اپنے نفس کا محاسبہ کرتے تھے اور نفس کی جانب توجہ دینے کی وجہ سے انہوں نے بہت بلند معنوی مقامات حاصل کئے۔

تبصرہ ارسال

You are replying to: .